Updated: November 24, 2026, 10:03 PM IST
| London
برطانیہ نے عالمی عدالت انصاف کے روہنگیا نسل کشی سے متعلق فیصلے کے بعد میانمار کے پانچ سینئر فوجی لیڈروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں، جبکہ ہوا بازی کے ایندھن کی فراہمی کو محدود کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب ملائیشیا۶۵۰۰؍ سے زائد تارکین وطن کو میانمار واپس بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔
فوجی ظلم سے بچ کر فرار ہوتے روہنگیا۔ تصویر: ایکس
برطانیہ نے عالمی عدالت انصاف کے روہنگیا نسل کشی سے متعلق فیصلے کے بعد میانمار کے پانچ سینئر فوجی لیڈروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں، جبکہ ہوا بازی کے ایندھن کی فراہمی کو محدود کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب ملائیشیا۶۵۰۰؍ سے زائد تارکین وطن کو میانمار واپس بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ پابندیوں کا سامنا کرنے والے سینئر فوجی لیڈرمیو ہٹوٹ ہلائنگ، میو من ٹن، میاٹ تھیٹ او، کیاو سوئے اور کیاو سوار او ہیں۔ فیصلے کے بعد برطانیہ نے میانمار کے دفاعی اتاشی کو بھی ملک سے نکال دیا تھا۔ملی بینڈ نے مزید کہا کہ میانمار کے صدر من آنگ ہلائنگ، جن پر برطانیہ نے۲۰۲۱ء میں پابندی عائد کی تھی، ’’۲۰۱۷ء میں نسل کشی کے وقت فوج کے سربراہ ہونے کے ناطے ہونے والے بہت سے مظالم کے براہ راست ذمہ دار ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: پیرس میں ہند رجب کے نام سے ’’کراس واک‘‘ بنانے کی منظوری
مزید برآں ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے منگل۲۴؍ نومبر کو کہا کہ ان کا ملک واپسی کے نئے دور میں۶۵۰۰؍ سے زائد تارکین وطن کو میانمار واپس بھیجے گا۔ اس سے قبل ملائیشیا نے ستمبر کے آخر میں پہلے ہی تقریباً۱۵۰۰؍ تارکین وطن کو میانمار واپس بھیجا تھا۔انور ابراہیم نے کہا کہ ملائیشیا نے ظلم و ستم یا تنازع سے فرار ہونے والوں کو محفوظ پناہ دی تھی، لیکن اب وہ غیر ملکی پناہ گزینوں سے متعلق دیرینہ چیلنج کو حل کرنے کا خواہاں ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ نے کہا،’’میانمار کو جاری خلاف ورزیوں کو روکنا ہوگا، تحقیقات کرنی ہوں گی، مجرموں پر مقدمہ چلا کر سزا دینی ہوگی اور ایسی ہولناکی کو دوبارہ کبھی نہ ہونے دینا ہوگا۔ ہم جنگوں میں فوری وقفے، انسانی امداد کی ترسیل، شہریوں پر فضائی حملے روکنے، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور جامع سیاسی تصفیے کے لیے مذاکرات کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘‘ساتھ ہی انہوں نے تصدیق کی کہ ملک کو ہوا بازی کے ایندھن کی فراہمی روکنے کے لیے نئی قانون سازی کی جائے گی۔ انہوں نے اراکین پارلیمنٹ کو بتایا کہ برطانیہ اس ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یہ معاملہ اٹھائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: سیرانگ: ٹافیوں کی فیکٹری میں آتشزدگی کے بعد اب تک ۲۴؍ لاشیں برآمد
واضح رہے کہ عالمی عدالت انصاف نے جمعرات۱۹؍ نومبر کو فیصلہ دیا کہ میانمار نے۲۰۱۷ء کے وحشیانہ کریک ڈاؤن کے دوران اپنی روہنگیا اقلیت کے خلاف نسل کشی کا ارتکاب کیا۔ عالمی عدالت کی۸۰؍ سالہ تاریخ میں یہ پہلی بار ہے کہ کسی ریاست کو نسل کشی کا براہ راست ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ یہ کیس سات سال قبل گیمبیا نے دائر کیا تھا۔ عدالت نے۶؍ کے مقابلے ۹؍ کے فیصلے سے کہا کہ افواج نے ’’نسل کشی کے ارادے‘‘ سے روہنگیا کو قتل کیا، خواتین کو قتل و زیادتی کا نشانہ بنایا اور بچوں کے خلاف تشدد کیا۔ عدالت نے میانمار کو روہنگیا گروپ کو معاوضہ دینے اور۲۰۱۷ء کے کریک ڈاؤن میں فرار ہونے والے پناہ گزینوں کی واپسی میں سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا۔ مزید یہ کہ یہ فیصلہ حتمی ہے اور اس کے خلاف اپیل نہیں ہو سکتی۔