Inquilab Logo

سیوڑی اسٹیشن کی خوبصورتی کوبرقرار رکھنے کا مسافروں کا عزم

Updated: February 23, 2021, 12:19 PM IST | Kazim Shaikh | Sewri

صاف صفائی اور خوبصورتی کے معاملے میں پہلا مقام ملنے پرمقامی افراد اور دکاندار بھی خوش ، اسٹیشن منیجر کی حوصلہ افزائی کی

There are beautiful paintings on the wall of Sewri railway station. Picture: Inquilab
سیوڑی ریلوے اسٹیشن کی دیوار پر خوبصورت پینٹنگز نظر آرہی ہیں۔ تصاویر: انقلاب

ہم لوگ نہ تو  ریلوے اسٹیشن کوگندہ کریں گے اور نہ ہی دوسروں کو کرنے دیں گے ۔ اسی طرح علاقے میں ایسی ہی ایک مہم چلائیں گے جس سے سیوڑی ریلوے اسٹیشن پر گندگی نہیں ہوگی ۔‘‘ یہ کہنا ہے کہ سیوڑی ریلوے اسٹیشن کے مغربی جانب رہنے والے مکینوں اور دکانداروں کاجنہوں نے روزنامہ انقلاب میں خبر شائع ہونے کے بعد سیوڑی ریلوے اسٹیشن  منیجر سے ملاقات کے بعد یہ یقین دہانی کرائی ہے ۔ اس کا اثر بھی اب  ریلوے اسٹیشن پر دکھائی دے رہا ہے  یعنی ریلوے اسٹیشن   صاف اور خوبصورت دکھائی دے رہا ہے۔  ہاربر لائن کے   سیوڑی ریلوے اسٹیشن  منیجر نتیش کمار سنہا نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئےدعویٰ کیا ہے کہ ’’میں نے جس طرح سے ممبئی اور مہاراشٹر کے تمام ریلوے اسٹیشنوں میں سے سیوڑی ریلوے اسٹیشن کو سب سے زیادہ خوبصورت  بنانے اور اسے گندہ ہونے سے روکنے کیلئے  محنت کی ہے ، اس کے اثرات دکھائی دینے لگے ہیں۔سیوڑی ریلوے اسٹیشن کے   پلیٹ فارم سے لے کر آس پاس کی جگہوں پر جس طرح صاف صفائی کرکے اسے رنگ وروغن کیا گیا ہے ،  اس سے وہاں پر اب تک کسی طرح کی گندگی نظر نہیں آرہی ہے ۔‘‘  ایک سوال کے جواب میں انہوںنے بتایا کہ’’ جب ہم نے  ریلوے اسٹیشن پر صاف صفائی اور رنگ وروغن کاکام شروع کیا تھا تو ریلوے اسٹیشن کے اسٹاف اور ملازمین نے اس  سے منع کیا تھا کہ ساری محنت رائیگاں جائے گی کیونکہ ایک بار عام مسافروں کیلئے لوکل ٹرین شروع ہونے پر پھر ریلوے اسٹیشن پرگٹکھا اور پان   کھانے والوں کی  وجہ سے گند گی ہوجائے گی۔ ‘‘  ایک سوال کے جواب میں اسٹیشن منیجر سنہا نے کہا کہ ’’پہلے مسافر سیوڑی ریلوے اسٹیشن کو سب سے گندہ  اسٹیشن سمجھتے تھے لیکن اس وقت ممبئی سے لے کر اگت پوری اور لوناولہ کے درمیان اس سے زیادہ صاف اور خوبصورت ریلوے اسٹیشن کوئی دوسرا نہیں ہے اور اس سلسلے میں ۱۲؍ فروری کو سینٹرل ریلوے کے ڈی آر ایم نے چاندی کی شیلڈ دے کر ایوارڈ سے بھی نوازا ہے   ۔‘‘ سیوڑی ریلوے اسٹیشن منیجر کے ساتھ اس کام میں حصہ لینے والے پوائنٹس مین شرد مہاترے اور سنیل کنگے نے کہا کہ ’’ہم لوگ بھی اپنے آفیسر کی ہمت اور لگن کو دیکھ کر اس کام میں شامل ہوگئے تھے لیکن اندازہ نہیں تھا کہ یہ کام اتنا بڑا ہے اوراس کا اثر یہ ہوگا کہ سیوڑی ریلوے اسٹیشن صاف صفائی اور خوبصورت کے معاملے میں پہلا مقام حاصل کرلے گا۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’پہلے ہم لوگوں نے اسٹیشن کے کھمبوں کو کلر کرنا شروع کیا لیکن بعد میں لوگوں کی حوصلہ افزائی سے ہم یہاں تک پہنچ گئے ۔ ہم تینوں آرٹسٹ نہیں ہیں لیکن اس کے ذریعہ سیکھنے کی بھی کوشش کی ہے ۔ پورے ریلوے اسٹیشن پر صاف صفائی رکھنے اورگندگی پھیلانے کے خلاف الگ الگ نعرے  اورمختلف تصویروں کے ذریعے مسافروں میں بیداری لانے کی کوشش کی ۔ اس کا اثر یہ ہے کہ کئی مہینے گزرجانے کے بعد اب بھی ریلوے اسٹیشن کی کسی بھی دیوار پر پان اور گٹکھاکے داغ وغیرہ   کے  نشان نہیں ہیں  ۔  اسی طرح انقلاب نے سیوڑی ریلوے اسٹیشن پر مسافروں سے گفتگو کی تو مصطفیٰ شیخ کا کہنا ہے کہ سیوڑی ریلوے اسٹیشن کی کایا پلٹ ہوگئی ہے اور اسٹیشن بہت خوبصورت ہوگیا ہے ۔ اب ہم مسافروں کو چاہئے کہ اس کی  خوبصورتی کو ہمیشہ برقرار رکھیں ۔  حافظ مختار عالم کےمطابق صفائی نصف ایمان ہے ۔ ریلوے اسٹیشن بھی ہم سب کی  پراپرٹی ہے اس لئے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ریلوے اسٹیشن کو کسی طرح کا کوئی نقصان نہ پہنچائیں اور گندگی سے بیماری پھیلتی ہے ۔

mumbai sewri Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK