Inquilab Logo

یکے بعد دیگرے ۳؍اے سی لوکل ٹرینوں سے مسافر پریشان

Updated: March 13, 2023, 10:34 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Bandra

ویسٹرن ریلوے کے شیڈول سے ناراض مسافروں نے کہا: کمائی کے بجائے عام لوکل ٹرینوںکے ۸۵؍فیصد سے زائدمسافروں کے مسائل کو پیش نظررکھا جائے

Passengers of general local trains have to wait a long time due to AC local trains. (file photo)
اے سی لوکل ٹرینوں کے سبب جنرل لوکل ٹرینوں کے مسافروں کو کافی انتظار کرنا پڑتا ہے۔ (فائل فوٹو)

 اے سی لوکل ٹرینوں کی بے ترتیبی سے آمد کے سبب  مسافر پریشان ہیں۔ ویسٹرن ریلوے کی عام لوکل ٹرینوں میںسفر کرنے والے افراد نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ یکے بعد دیگرے تین تین اے سی لوکل چلائی جاتی  ہیں جس سے جنرل لوکل ٹرینوںکے مسافر انتظار کرتے رہتے ہیں۔اس لئے  ریلوے  کمائی کے بجائے عام لوکل ٹرینوںکے ۸۵؍فیصد سے زائدمسافروں کے مسائل کو پیش نظررکھے جو اس کی کمائی کا سب سے اہم ذریعہ ہیں۔
  نمائندۂ انقلاب نےخود بھی دیکھا کہ ایک دن قبل شب میں۱۰؍بجے کے بعد یکے بعد تین اے سی لوکل ٹرینیں آئیںجس سے مسافر وں میں برہمی پائی گئی ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کیا طریقہ ہے؟ کیا صرف اے سی لوکل ہی چلائی جائے گی یا دوسرے مسافروں کا بھی خیال رکھا جائے گا۔
 پیسنجرس اینڈ ٹریفک ریلیف اسوسی ایشن، ممبئی کے سیکریٹری منصور عمر درویش نےکہاکہ ’’ لوگوںنے پہلے اے سی لوکل کا استقبال کیا لیکن ریلوے کی غلط پالیسی اوربے ترتیبی کےنتیجے میںلوگ پریشان ہیں۔اصولاً تویہ ہونا چاہئے کہ ایک اے سی لوکل کےبعد کم ازکم تین نان اے سی لائی جائے لیکن معاملہ اس کے برعکس ہےاورتین اے سی کے بعد ایک نان اے سی آتی ہے اوریہ شکایت سینٹرل اور ویسٹرن دونوں میںہے۔اس کے نتیجے میںجنرل لوکل ٹرینوں کے مسافرو ں کو۲۵؍سے ۳۰؍ منٹ تک انتظار کرنا پڑتا ہے ۔اس کےبعد جب جنرل لوکل ٹرین آتی ہے تو اس قدر بھیڑ ہوجاتی ہے کہ مسافروں کااس میںسوار ہونا مشکل ہوجاتا ہے۔ اس لئے ویسٹرن ،  سینٹر ل     اورریلوے بورڈ ان مسائل پرغور کرے اورٹھوس قدم اٹھائےورنہ مسافروں کا غصہ پھوٹے گا تو پھر دیگر مسائل پیدا ہوجائیں گے۔    انتظامیہ کمائی سے ز یادہ مسافروں کی پریشانی پرتوجہ دے۔‘‘
 رام سمجھ یادو نے کہاکہ’’ اے سی لوکل ٹرین سے مسافر سفر کررہے ہیںلیکن گرمی شروع ہوتے ہی ریلوے کی جانب سے جوترتیب بنائی گئی ہے، اس سے جنرل لوکل ٹرینوںکے مسافر پریشان ہیں ۔ کم بھیڑبھاڑوالے اوقات میںتوکسی حد تک یہ چل سکتا ہے لیکن صبح وشام کے اوقات میںیہ مسائل کا باعث ہے ۔ ویسے اے سی لوکل ٹرینوںکے مسافر بھی جب کئی گنا زائدخرچ کرتے ہیں توان کا بھی تقاضا ہوتا ہوگا کہ صبح وشام کے اوقات میںان کیلئے سہولت پیدا کی جائے لیکن ریلوے کو ۸۵؍ فیصد سے زائدجنرل لوکل ٹرینوں  کے مسافروںکا خیال رکھنا چاہئے اوران کوترجیح دینی چاہئے کیونکہ اکثریت جنرل لوکل ٹرینوں میںسفر کرنے والوں کی ہی ہے۔‘‘عبدالرحمٰن خان نے کہاکہ’’ جب سے اے سی لوکل ٹرینیں چلائی جارہی ہیںتب سے  مسائل شروع ہوگئے ہیں۔ کوئی بھی مسافر سہولت کوناپسند نہیںکرتا لیکن جب وہ اس کیلئے مسئلہ بن جاتی ہے تو پھرآوازبلند کرتا ہے۔ یہی حالات اس وقت اے سی لوکل ٹرینوںکے ہیں۔ بے ترتیبی کے سبب جنرل لوکل ٹرینوںکے مسافر پریشان   ہیں۔ایسا لگتا ہےکہ جیسے جیسے گرمی بڑھے گی ریلوے   اے سی لوکل ٹرینوںکے مسافروں کی تعداد کو نمایاںکرنے کیلئے یہی ترتیب اپنائے گی جس سے دیگرمسافر مزیدپریشان ہوںگے ۔ اس لئے ر یلوے انتظامیہ دونوں میںتوازن پیدا کرے ورنہ مسافر پٹریوں پراترنے پرمجبور ہوں گے۔‘‘
 ویسٹرن ریلو ے کے چیف پی آر او سمیت ٹھاکور نےپھر اس بات کااعادہ کیا کہ گنجائش کےاعتبار سے اے سی لوکل ٹرینیںچلائی جارہی ہیں۔ اگرمسافرو ںکی شکایت ہے اوریکے بعد دیگرے تین تین اے سی ٹرینیںآرہی ہیں تواس کاجائزہ لیا جائے گا اور اس طرح کی بے ترتیبی کو فوری طور پر دور کیا جائے گا ۔ ‘‘ انہوںنےیہ بھی کہاکہ’’ریلوے کی کوشش ہے کہ مسافروں کوسفر میں آرام ملے اورکسی طرح کی شکایت کا موقع نہ ہو۔‘‘

bandra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK