مقامی افرادکی شکایتوں پر علاقے کی رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ کے ساتھ پولیس اور میونسپل افسران نے دورہ کیا۔ پولیس اورشہری انتظامیہ نے کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔
EPAPER
Updated: March 06, 2026, 9:39 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
مقامی افرادکی شکایتوں پر علاقے کی رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ کے ساتھ پولیس اور میونسپل افسران نے دورہ کیا۔ پولیس اورشہری انتظامیہ نے کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔
یہاں نوپاڑہ علاقے میں باندرہ تالاب کی باقاعدہ دیکھ ریکھ نہ ہونے اور پانی کو فلٹر کرنے کا کوئی نظم نہ ہونے سے اس میں موجود پانی میں بد بو سے آس پاس کے مکین پریشان ہیں ۔ یہی نہیں یہاںکے مکین تالاب کے اطراف سماج دشمن عناصر ، غیرقانونی قبضہ جات اور کوڑاکرکٹ کے ڈھیر سے نہ صرف پریشان ہیں بلکہ بیماریوں کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے بارہا بی ایم سی میں شکایت ہے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے ۔
یہ بھی پڑھئے: ای چالان کے خلاف آج ریاست بھر کے ٹرانسپورٹروں کا آزاد میدان پر احتجاج
اس بابت جمعرات کو مکینوں کے ذریعہ ملنے والی شکایات پر مقامی لیڈروں اورکانگریس کی رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ کی سربراہی میں باندرہ ایچ ویسٹ وارڈ کے متعلقہ افسران کے علاوہ باندرہ پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے اس علاقے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مقامی لوگوں نے پولیس سے نوپاڑہ تالاب اور اس کے اطراف منشیات کی خرید و فروخت ، تالاب کے اطراف سماج دشمن عناصر سرگرمیوں اور فحاشی کا اڈہ بنائے جانے کی شکایت کی ساتھ ہی بی ایم سی افسران سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ تالاب اوراس کے آس پاس کے علاقوں میں گندگی کا انبار لگنے اور جا بجا قبضہ جات ہونے کی اطلاع دینے اور درخواست کرنےکے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔
رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ کے ہمراہ میونسپل کارپوریٹر کارین ڈیمیلو،سابق کارپوریٹر آصف زکریا اور کارپوریٹر راجا رہبر خان نے تالاب کی صفائی نہ ہونے اور اس میںپیدا ہونے والی بدبوکا جائزہ لینے کے ساتھ اس کے اطراف پائی جانے والی گندگی اور قبضہ جات کا بھی معائنہ کیا جس کے دوران جب تالاب کی دیکھ ریکھ کے لئے ۱۶؍ کرور روپے کا فنڈ مختص کئے جانے کے باوجود اس کی صفائی نہ کئے جانے کی بابت جاننے کی کوشش کی گئی تو بی ایم سی ایچ ویسٹ وارڈ کے افسران نے تالاب کے پانی کو نکال کر از سر نو اس کی صفائی کرنے اور دوبارہ پانی ڈال کرکےاسے صاف و شفاف بنانے کا مشورہ دیا تھا ۔
یہ بھی پڑھئے: اجیت پوار طیارہ حادثہ : کچھ لوگوں نے بارامتی ایئر پورٹ کی ریکی کی تھی؟
اس پر سابق کارپوریٹر آصف زکریا اور دیگر نے بجائے پانی نکال کر اسے ضائع کرنے کے اسے جدید تکنیکی آلات سے فلٹر کرنے اور تالاب میں موجود اس کےفوارے کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اس کی صفائی پر زوردیا ساتھ ہی شہری انتظامیہ اور پولیس کو غیر قانونی قبضہ جات کو ہٹانے ، کوڑاکرکٹ کے ڈھیر کو صاف کرنے کی اپیل کے ساتھ پولیس سے تالاب کے اطراف سماج دشمن عناصر اور فحاشی کے اڈے کو ختم کرنے نیز اس علاقے میں منشیات کا کاروبار کرنے والوں پر قدغن لگانے کی بھی درخواست کی گئی تھی ۔
مقامی مکینوں،مقامی لیڈران ، پولیس اور بی ایم سی کے افسران اور اہلکاروں کے درمیان اس مسئلہ پر ہونے والے تبادلہ خیال کے بعد جہاں ورشا گائیکواڑ نے بی ایم سی افسران کو اس سلسلہ میں فوری مداخلت کرنے اورگندگی کے مسئلہ کو جلد سے جلد حل کرنے کی ہدایت دی وہیں پولیس کو بھی اس علاقے میں مجرمانہ اور شر پسندانہ سرگرمیوں کو ختم کرنے کی ہدایت دی تھی ۔
یہ بھی پڑھئے: کلیان :مشتعل ملازمین کا ’کے ڈی ایم سی‘ کے صدردفتر کا گھیراؤ
بی ایم سی اور پولیس کے افسران نے مسائل کو نوٹ کرنے کے ساتھ ہی مذکورہ بالا مسئلہ کو ختم کرنے کے لئے فوری کارروائی کرنے کا یقین دلایاہے ۔