ورشا گائکواڑنے باندرہ میں واقع اسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کو علاج کی سہولتیں مہیا کرانے کا مطالبہ کیا
EPAPER
Updated: June 01, 2025, 10:04 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ورشا گائکواڑنے باندرہ میں واقع اسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کو علاج کی سہولتیں مہیا کرانے کا مطالبہ کیا
ممبئی کانگریس کی صدر و رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ نے سنیچر کو باندرہ میں واقع بھا بھا میونسپل اسپتال کا دورہ کیا اور وہاں مریضوں سے ملاقات کر کے انہیں درپیش مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ دورہ کرنے کے بعد انہوںنے بتایا کہ ’’ اسپتال میں گزشتہ ۴؍ ماہ سے پیتھالوجی لیب بندہے جس کی وجہ سے مریضوں کو اسپتال کے باہر نجی لیباریٹری سے جانچ کروانی پڑ رہی ہےجس سے غریب مریضوں پر مالی بوجھ پڑ رہا ہے اور انہیں پریشانی ہو رہی ہے۔ انہوں نے دیگر سہولتوں کے فقدان کی نشاندہی کرتے ہوئے میونسپل کمشنر سے مطالبہ کیا ہےکہ اسپتال میں علاج کی سہولتیں مہیا کرائی جائیں۔
اس دورے میں سابق کارپوریٹر اشرف اعظمی، آصف زکریہ ،محسن حیدر،ببو خان ، ارشد اعظمی اورکانگریس کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔
دورہ کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ورشا گائیکواڑ نے بتایاکہ ’’ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین کی سہولت کا بھی فقدان ہے۔ ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین کی سہولت اسپتال میں نہیں ہے۔ مریضوں کو جانچ کرانے کیلئے باہر جانا پڑتا ہے۔ ایکسرے مشین بھی بند پڑی ہے۔ دیگر اسپتالوں کی طرح باندرہ بھابھا اسپتال میں بھی تقریباً ۱۰۰؍ ڈاکٹر اور کلاس ۴؍ ملازمین کی کمی ہے جس سے مریضوں کو بہتر سہولتیں میسر نہیں ہو پاتیں۔‘‘
انہوںنے مزید کہا کہ’’اسپتال میں دوائیں اور علاج کی دیگر سہولتیں مہیا کرانے کیلئے گزشتہ برس جو ۱۲؍ کروڑ ۴۴؍لاکھ روپے فنڈ مہیا کرائے گئے تھے اسے ۵۰؍ فیصد سے زیادہ کم کر کے ۶؍ کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔ یہ فنڈ بی ایم سی نے کم کر دیا ہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ملک کی سب سے امیر بلدیہ شہریوں کو بہتر علاج کی سہولتیںمہیا کرانے کے بجائے دیگر کاموں کو ترجیح دے رہی ہے۔‘‘