خاتون ڈاکٹر کی بھی پٹائی، مشتعل انٹرن ڈاکٹروں کا احتجاجاً ڈیوٹی انجام نہ دینے کا انتباہ۔
EPAPER
Updated: November 24, 2026, 3:58 PM IST | Ali Imran | Akola
خاتون ڈاکٹر کی بھی پٹائی، مشتعل انٹرن ڈاکٹروں کا احتجاجاً ڈیوٹی انجام نہ دینے کا انتباہ۔
اکولہ کے سرکاری میڈیکل کالج و اسپتال میں ڈاکٹروں پر تشویشناک حملے کا واقعہ سامنے آنے کے بعد ڈاکٹروں میں شدید ناراضگی و غصہ ہے۔ الزام ہے کہ یہاں بغرض علاج داخل کئے گئے ایک مریض نے کسی بات پر ناراض ہوکر ۲؍ انٹرن ڈاکٹروں کے ساتھ مارپیٹ کی۔ اتنا ہی نہیں ڈاکٹروں کو بچانے کےلئے پہنچنے والی ایک خاتون انٹرن ڈاکٹر کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعے کے بعد مشتعل ڈاکٹروں نے کام بند کرنے کا انتباہ دیا ہے۔
اسپتال میں کیا ہوا تھا؟
موصولہ اطلاعات کے مطابق، اسپتال کے وارڈ نمبر ۲۳؍میں زیرِ علاج ایک نشے کا عادی مریض اچانک مشتعل ہوگیا اور اس نے علاج کرنے والے انٹرن ڈاکٹر پر حملہ کردیا۔ اپنے ساتھی ڈاکٹر کو بچانے کے لیے آگے آنے والی خاتون انٹرن ڈاکٹر کے ساتھ بھی مارپیٹ کیے جانے کا الزام ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ مریض گزشتہ روز سے اسپتال میں زیرِ علاج تھا۔ اس کی طبیعت میں بہتری آنے کے باوجود ڈاکٹروں نے اسے علاج مکمل ہونے تک اسپتال میں ہی رہنے کی ہدایت دی تھی۔ اسی دوران مریض اچانک مشتعل ہوگیا اور اس نے ڈاکٹروں پر حملہ کردیا۔
یہ بھی پڑھئے: مالیگاؤں کے پہلے ہیڈ اینڈ نیک کینسر سرجن ڈاکٹر ذکی سید کی خصوصی فیلوشپ مکمل
ڈِین اور ذمہ دارافسران سے ملاقات نہ ہوپانے پر انٹرن ڈاکٹربرہم
واقعے کے بعد برہم انٹرن ڈاکٹروں نے اسپتال کے انتظامی دفتر پہنچ کر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا، تاہم وہاں دفتر بند تھا اور ڈین سمیت دیگر متعلقہ ذمہ دار افسران بھی موجود نہیں تھے۔ اس صورتحال نے ڈاکٹروں کی ناراضگی میں مزید اضافہ کردیا۔ اطلاعات کے مطابق، ڈاکٹروں نے کام بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک انتظامیہ کی جانب سے سیکوریٹی کا تیقن نہیں دیا جاتا ،ڈیوٹی انجام نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ مریضوں کی جان بچانے کے لیے دن رات خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کو اگر اسپتال کے اندر ہی تحفظ حاصل نہ ہو تو وہ کس طرح اطمینان کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا سکیں گے؟ اس واقعے نے ایک بار پھر سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی حفاظت کا مسئلہ اجاگر کردیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اسپتال انتظامیہ اس واقعے کا نوٹس لے کر ڈاکٹروں کے تحفظ کے لیے کیا ٹھوس اقدامات کرتی ہے۔