• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اجنتا گھاٹ: ۲؍ مال بردار ٹرکوں کا تصادم، ۴؍ گھنٹے ٹریفک جام

Updated: November 24, 2026, 4:02 PM IST | ZA Khan | Aurangabad

۹؍ ماہ میں۱۹؍ویں مرتبہ ٹریفک نظام درہم برہم، اجنتا غار سے واپس آنے والے سیاحوں کو شدید پریشانی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

 اجنتا گھاٹ  کے ایک دشوار گزار موڑ پر اتوار کی شام ۲؍ مال بردار ٹرکوں کے درمیان آمنے سامنے زبردست ٹکر ہوگئی۔ اس حادثے کے باعث گھاٹ میں تقریباً ۴؍ گھنٹے تک ٹریفک جام رہا، جس سے اجنتا ایلورہ کے تاریخی غاروں کی سیر کرکے واپس لوٹنے والے سیاحوں اور دیگر گاڑیوں کے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ نومبر کے مہینے میں یہ تیسری مرتبہ جبکہ گزشتہ ۹؍ ماہ کے دوران۱۹؍ویں مرتبہ اجنتا گھاٹ میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر مسئلے کے مستقل حل کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق مدھیہ پردیش سے کپاس کے رول لے کر تمل ناڈو جانے والا ٹرک (اے ایس ۰۱۷۵؍ٹی این) اجنتا گھاٹ پر چڑھ رہا تھا۔ اسی دوران بیلگام سے شکر قندی لے کر دہلی جانے والا ایک دوسرا ٹرک(ایم پی ۰۶۔ایچ سی ۷۴۵۰) مخالف سمت سے آرہا تھا۔ گھاٹی کے ایک خطرناک موڑ پر دونوں ٹرکوں کے درمیان آمنے سامنے ٹکر ہوگئی۔ تصادم کے بعد کپاس کے رول سے لدا ٹرک سڑک پر ہی ترچھا ہوکر پھنس گیا، جس کے نتیجے میں گھاٹ میں ٹریفک مکمل طور پر رک گئی اور دونوں جانب تقریباً چار کلومیٹر تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فرداپور پولیس اسٹیشن کے اہلکار فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے حادثے کا شکار ٹرکوں کو سڑک سے ہٹوا کر ٹریفک بحال کی۔ تاہم ۳؍ گھنٹے گزرنے کے باوجود ٹریفک جام مکمل طور پر ختم نہیں ہوسکا، جس کے باعث مسافروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھئے: اکولہ کے سرکاری میڈیکل کالج میں مریض کا ڈاکٹروں پر حملہ

ٹریفک کا یہ مسئلہ کیوں درپیش ہے اور یہ کتنا سنگین ہے؟

اجنتا ایلورہ کے تاریخی غاروں کو دیکھنے کیلئے ملک اور بیرون ملک سے بڑی تعداد میں سیاح آتے ہیں، لیکن اس اہم سیاحتی مقام تک پہنچنے والی مرکزی سڑک پر گڑھوں اور متبادل ہلدا گھاٹ کے راستے کا کام طویل عرصے سے زیر التوا ہونے کے سبب گاڑی چلانے والوں کو مسلسل مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔عوامی مطالبہ ہے کہ انتظامیہ اجنتا گھاٹ کی سڑک کے گڑھوں کی فوری مرمت کرے اور ہلدا گھاٹ کے متبادل راستے کا کام کب تک مکمل ہوگا، اس کی حتمی مدت کا اعلان کرے۔مقامی صورتحال کے مطابق گھاٹ کی سڑک پہلے۴۰؍ فٹ چوڑی تھی، لیکن نالوں کی تعمیر اور بڑے حفاظتی دیوار نما رکاوٹیں تعمیر کیے جانے کے بعد بعض مقامات پر سڑک کی چوڑائی کم ہوگئی ہے۔ گھاٹ میں۱۰؍ کلومیٹر طویل شاہراہ پر ۷؍ مقامات ایسے ہیں جہاں سڑک تنگ ہونے کے ساتھ خطرناک موڑ بھی موجود ہیں۔ ان مقامات پر اکثر بھاری گاڑیاں پھنس جاتی ہیں اور حادثات پیش آتے ہیں۔گھاٹ میں قدرتی طور پر ڈھلوان ہونے کے باعث حادثات کی روک تھام کیلئے  فائبر بریکرز اور سڑک کے درمیان ڈیوائیڈرز نصب کرنا بھی ضروری قرار دیا جا رہا ہے۔ شہریوں اور مسافروں کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لے اور مستقل اور ٹھوس اقدامات کرے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK