• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالیگاؤں کے پہلے ہیڈ اینڈ نیک کینسر سرجن ڈاکٹر ذکی سید کی خصوصی فیلوشپ مکمل

Updated: November 24, 2026, 3:50 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

فیلوشپ کے انتخاب میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے ٹاٹا میموریل اسپتال وارانسی میں داخلہ، جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں کانووکیشن تقریب میں سند سے نوازا گیا۔

Dr. Zaki with his father, Syed Ismail, on the occasion of the convocation. Photo: INN
کانووکیشن کے موقع ڈاکٹر ذکی اپنے والدسید اسماعیل کیساتھ۔ تصویر: آئی این این

صنعتی شہر کیلئے یہ قابلِ فخر اور خوشی کی خبر ہے کہ شہر کے نوجوان ڈاکٹر ذکی سید نے اپنی مسلسل محنت، لگن اور عزم کے ذریعے طب کے شعبے میں اہم سنگِ میل عبور کیا ہے۔ ڈاکٹر ذکی سید نے ٹاٹا میموریل اسپتال، وارانسی کے ماتحت مہامنا پنڈت مدن موہن مالویہ کینسر سینٹر اور ہومی بھابھا کینسر اسپتال سے اسوسی ایشن آف اورل اینڈ میکسیلوفیشل سرجنز آف انڈیا کی ۲؍ سالہ فیلوشپ برائے ہیڈ اینڈ نیک سرجیکل آنکولوجی کامیابی کیساتھ مکمل کر لی ہے۔

ڈاکٹر ذکی سید نے فیلوشپ کے انتخاب میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے ٹاٹا میموریل اسپتال، وارانسی جیسے ملک کے ممتاز کینسر ادارے میں خصوصی تربیت حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ یہ کامیابی ان کی تعلیمی قابلیت، مسلسل محنت اور پیشہ ورانہ لگن کا ثبوت ہے۔ ڈاکٹر ذکی سید نے اورل اینڈ میکسیلوفیشل سرجری میں ماسٹرز(ایم ڈی ایس) مکمل کرنے کے بعد سر اور گردن کے کینسر کے شعبے میں اعلیٰ تخصص حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے تھانے ویسٹ کے ٹیٹن میڈی سٹی اسپتال  میں ڈاکٹر راکیش کٹنا کی زیرِ نگرانی ہیڈ اینڈ نیک آنکولوجی میں ۷؍ ماہ کی آبزروَر شپ بھی مکمل کی، جہاں انہیں اس شعبے کے عملی اور طبی پہلوؤں کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا۔ اس کے بعد انہوں نے ٹاٹا میموریل اسپتال، وارانسی میں جنوری۲۰۲۵ء سے دسمبر۲۰۲۶ء تک جاری رہنے والی دو سالہ خصوصی فیلوشپ کے دوران سر و گردن کے کینسر کی تشخیص، جدید جراحی علاج اور پیچیدہ آپریشنز کی خصوصی تربیت حاصل کی۔ 

یہ بھی پڑھئے: کوکن میں سردی کی لہر، پارہ گرنے سے معمولاتِ زندگی متاثر

اس کامیابی کے ساتھ ڈاکٹر ذکی سید کو مالیگاؤں کے پہلے ہیڈ اینڈ نیک کینسر سرجن کے طور پر ایک اہم شناخت حاصل ہوئی ہے۔ 

حال ہی میں ممبئی کے باندرہ کرلا کمپلیکس  میں واقع جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں منعقدہ کانووکیشن تقریب میں ڈاکٹر ذکی سید کو فیلوشپ کی کامیاب تکمیل پر سند سے نوازا گیا۔ یہ تقریب ان کی پیشہ ورانہ زندگی کا ایک یادگار اور قابلِ فخر لمحہ ثابت ہوئی۔ معلوم ہوکہ ڈاکٹر ذکی سید کے والد سید اسماعیل نواب ،میونسپل کارپوریشن کے مراٹھی اسکول نمبر۱۱؍ کے سابق ہیڈ ماسٹر رہ چکے ہیں۔ ایک معزز تعلیمی شخصیت کے گھرانے سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ذکی سید کی یہ کامیابی انکے والدین کی تربیت، دعاؤں، قربانیوں اور رہنمائی کا بھی ثمرہ ہے۔ ڈاکٹر ذکی سید کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے اہلِ خانہ بلکہ پورے مالیگاؤں شہر کے لیے باعثِ مسرت اور فخر ہے۔ ان کی کامیابی نوجوان طلبہ اور میڈیکل کے شعبے سے وابستہ افراد کیلئے ایک حوصلہ افزا مثال ہے کہ محنت، عزم اور مستقل مزاجی کے ذریعے بلند مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ اس موقع پر اہلِ خانہ، دوستوں، اساتذہ اور شہر کے معززین کی جانب سے انہیں مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر ذکی سیدکی خصوصی مہارتیں
 زبان کے کینسر کا جراحی علاج
 گال کی اندرونی جھلی اور منہ کے کینسرکا علاج(Buccal Mucosa Cancer)
نچلے جبڑے (Mandible) اور اوپری -جبڑے (Maxilla) کے کینسر کی سرجری
 ہونٹوں کے کینسر کا علاج
 چہرے اور سر کی جلد (Scalp) کے کینسر کا جراحی علاج
 گردن کے کینسر اور لمف نوڈز میں پھیلاؤ کا علاج
(Neck Cancer and Lymph Node Metastasis)
حلق کے درمیانی حصے کے کینسر کا علاج
(Oropharyngeal Cancer)
 پیچیدہ سر و گردن کی سرجری، تعمیرِ نو (Reconstructive Surgery) اور ٹریکیوسٹومی (Tracheostomy) جیسے اہم جراحی طریقۂ کار۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK