رتناگیری کے داپولی، کھیڈ اور چپلون میں درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی۔ سہیادری کے کمبھارلی اور امبا گھاٹ پر گہری دھند۔
EPAPER
Updated: November 24, 2026, 3:47 PM IST | Siraj Shaikh | Ratnagiri
رتناگیری کے داپولی، کھیڈ اور چپلون میں درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی۔ سہیادری کے کمبھارلی اور امبا گھاٹ پر گہری دھند۔
ضلع رتنا گیری میں موسمِ سرما نے اپنی شدت دکھانی شروع کر دی ہے۔ شمالی ہندوستان سے چلنے والی سرد ہواؤں اور صاف آسمان کے باعث ضلع بھر میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ ضلع کے اہم تعلقہ جات بشمول داپولی، کھیڈ اور چپلون میں صبح اور رات کے اوقات میں ماحول میں زیادہ ٹھنڈک محسوس کی جا رہی ہے۔ سرد ہواؤں کے باعث مقامی شہری گرم ملبوسات کا سہارا لینے پر مجبور ہو گئے ہیں اور رات و صبح کے اوقات میں چوک ،چوراہوں پر الاؤ جلا کر سردی سے بچاؤ کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔سردی کی اس اچانک لہر نے عام شہری، بالخصوص صبح سویرے کام پر جانے والے مزدور، اسکول جانے والے بچے اور معمر افراد سردی کے مزے لے رہے ہیں۔ رات اور علی الصبح شدید خنکی کے باعث سڑکوں پر چہل پہل کم ہو گئی ہے اور لوگ سردی سے بچنے کے لیے جگہ جگہ الاؤ جلا کر ہاتھ تاپتے نظر آ رہے ہیں۔
گھاٹ کے علاقوں میں دھند
درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ کے سبب گرم ملبوسات اور سویٹر کی مانگ میں بھی زبردست اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ موسم میں اس اچانک تبدیلی کے سبب کوہِ سہیادری کے کمبھارلی اور امبا گھاٹ پر گہری دھند چھا گئی ہے۔ حدِ نگاہ کم ہونے کی وجہ سے گاڑی چلانے والوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ٹریفک کی رفتار سست پڑ گئی ہے۔تاہم، عام شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بننے والی یہ سردی آم کے باغبانوں کے لیے خوشخبری لے کر آئی ہے۔
درجہ حرارت گرنے سے آم کے باغبان خوش
ضلع میں سردی کی اس لہر نے جہاں عام شہریوں کو ٹھنڈک کا احساس دلایا ہے، وہیں ضلع کے مشہور الفانسو (ہاپوس) آم کے باغبانوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔محکمہ زراعت اور مقامی باغبانوں کے مطابق، آم کے درختوں میں بھرپور بور (پھول) آنے کیلئے رات کے وقت درجہ حرارت کا کم ہونا اور صبح کے اوقات میں ہلکی اوس یا سردی کا رہنا انتہائی ضروری ہوتا ہے۔ باغبانوں کا کہنا ہے کہ اگر آئندہ چند ہفتوں تک موسم اسی طرح سازگار اور سرد رہا تو اس سال آم کے درختوں پر پھول اچھے آئیں گے، جس سے بہترین پیداوار کی امید ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس خوشگوار موسمی تبدیلی کے بعد کاشتکاروں نے باغات کی دیکھ بھال اور دواؤں کے چھڑکاؤ کا کام تیز کر دیا ہے تاکہ فصل کو کسی بھی قسم کے کیڑوں یا بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔