Inquilab Logo

حکومت بچانے کیلئے پوار سرگرم، اُدھو سے پھر میٹنگ

Updated: June 25, 2022, 10:13 AM IST | Mumbai

وزیراعلیٰ کے تیور بھی تبدیل، شندے کو آڑے ہاتھوں لیا، للکارتے ہوئے کہا کہ سرکاری بنگلہ چھوڑا ہے، اپنے عزم کو ترک نہیں کیا ہے۔ پوار نے کہا کہ ’’فیصلہ فلورٹیسٹ سے  ہوگا‘‘

Shiv Sena members protest against insurgents in Kolhapur. (PTI)
کولہاپور میں شیوسینا کے اراکین باغیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے۔ ( پی ٹی آئی)

کناتھ شندے کے ان دعوؤں کے باوجود کہ انہیں  ۴۰؍ شیوسینکوں  سمیت ۵۰؍ کے قریب ایم ایل ایز کی حمایت حاصل ہے، جمعہ کو مہاراشٹر میں مہاوکاس اگھاڑی  نے ایک نئے عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلہ ایوان میں  فلور ٹیسٹ کے دوران ہی ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی شرد پوار حکومت بچانے کیلئے مزید سرگرم ہوگئے ہیں۔ جمعہ کو انہوں نے  وزیراعلیٰ  اُدھو ٹھاکرے سے ان کی ذاتی رہائش گاہ ماتوشری میں نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے ساتھ ملاقات کی۔اس ملاقات کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ  کے تیور بھی تبدیل ہوگئے ہیں  اور انہوں نے نہ صرف ایکناتھ شندے کو نشانہ بنایا بلکہ پراعتماد لہجے میں  کہا  کہ انہوں نے صرف سرکاری بنگلہ چھوڑا ہے، اپنے عزم اور ارادہ کو ترک نہیں کیا ہے۔
 اُدھو ٹھاکرے اور شرد پوار کی میٹنگ
 وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے کے ساتھ این سی پی  صدر شرد پوار کی میٹنگ جمعہ کی شام ہوئی۔  ان کے ساتھ نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار اور  وزیر  برائے آبی  وسائل جینت پاٹل  بھی تھے۔ یہ ملاقات اس لحاظ سے اہم  ہے کہ جمعہ کی صبح شرد پوار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کس کے پاس اکثریت ہے اس کافیصلہ مہاراشٹر اسمبلی  کے ایوان میں  ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ’’یہ حکومت اکثریت میں  ہے یا اقلیت میں ، اس کافیصلہ  ایوان میں ہی ہوگا۔‘‘    انہوں نے ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ باغی اراکین لوٹ آئیں گے اور وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے اپنی اکثریت ثابت کردیں گے۔ این سی پی سربراہ  نے بغاوت کیلئے بی  جےپی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ 
سچائی سامنے آجائےگی: پوار
 این سی پی سربراہ نے  بی جےپی کو بغاوت کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ’’ جب اراکین اسمبلی لوٹ آئیں گے  تو وہ ہی یہ حقیقت بتائیں گے کہ انہیں کس طرح  لے جایاگیاتھا۔‘‘اس کےساتھ ہی   پوار نے کہا کہ ’’جب وہ آئیں گے تو خود ہی بتائیں  گے کہ وہ شیوسینا کے ساتھ ہیں اور مہاوکاس اگھاڑی کی اکثریت ثابت ہوجائے گی۔‘‘  انہوں  نے کہا کہ ’’تمام باغی اراکین کو ہر حال میں ممبئی میں  ودھان بھون میں ہی آنا پڑےگا ۔  تب دیکھیں  گے کہ گجرات اور آسام کے بی جے پی لیڈر  ان کی کس طرح رہنمائی کرتے ہیں؟‘‘
وزیراعلیٰ کا شندے پر حملہ
 اس بیچ وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے بھی جمعہ کو پہلے سے زیادہ پر اعتماد نظر آئے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ’’سرکاری بنگلہ چھوڑا ہے،اپنا عزم ترک نہیں کیا ہے۔‘‘ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے بھی پارٹی نے بغاتوں کا سامنا کیا مگر اس کے باوجود دو بار اقتدار میں آئی۔  ایکناتھ شندے کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا  کہ ’’مر جائیں گے پھر بھی شیوسینا نہیں چھوڑیں گے، کہنے والے آج بھاگ گئے۔‘‘ ادھو ٹھاکرے نے مزید کہا ’’کہ باغی رکن اسمبلی (ایکناتھ شندے) شیوسینا کو توڑنا چاہتے ہیں لیکن انھیں اس میں کامیابی نہیں ملے گی۔ میں نے اپنے پاس کے دو محکمے ایکناتھ شندے کو دے دیئے۔ اب اراکین اسمبلی کو لینا ہے تو لے لو، جتنا ہو سکے  لے لو... لیکن جب تک بالا صاحب کی جڑیں ہیں، شیوسینا کو کچھ نہیں ہوگا۔‘‘
باغیوں کے خلاف شیوسینکوں کے حملے
 اس بیچ شیوسینکوں  نے جمعہ کو باغی رکن اسمبلی منگیش کڈالکر کے دفتر پر حملہ کرکے اس کے بورڈ کو توڑ پھوڑ ڈالا۔ وہ اسمبلی میں ممبئی کے کرلا اسمبلی حلقے کی نمائندگی کرتے ہیں اور اس وقت گوہاٹی میں  ہیں۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی سنجے راؤت نے باغیوں  کے خلاف سڑک پر لڑائی کی دھمکی دی تھی۔ نہرو نگر علاقے میں ہونے والے اس حملے  میں شیوسینکوں نےا س بورڈ کو نقصان پہنچایا جس میں کڈالکر کی تصویر تھی۔ 
گفتگو کا وقت گزر گیا: راؤت
 اس سے قبل شیوسینا کے ترجمان اور رکن  پارلیمنٹ  سنجے راوت نے بھی شرد پوار سے ملاقات کی اور اعلان کیا کہ وہ ہار ماننے والے نہیں ہیں۔  انہوں  نے اعتماد ظاہر کیا کہ ’’ایوان کے فرش پر ہم فتح یاب ہوں گے اور لڑائی سڑک پر ہوئی تو وہاں بھی جیتیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ’ ’جس کو بھی ہمارا سامنا کرنا ہے وہ ممبئی آ سکتا ہے۔‘‘ باغیوں سے بات چیت کے معاملہ پر سنجے راؤت نے کہاکہ ’’اب اس کا وقت ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے (باغی اراکین اسمبلی) غلط قدم اٹھایا ہے۔ ہم نے انہیں واپس آنے کا موقع بھی دیا لیکن اب وقت ختم ہو چکا ہے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK