ناقص پیور بلاک کے سبب موٹر سائیکل سوار سڑک پر گر پڑے اور ٹریلر کی زد میں آگئے، ایک کی موقع پر ہی موت ، دوسرا بری طرح زخمی
یہاں ٹیم گھر ناکہ پر ایک سڑک حادثے میں ایک شخص کی موت ہوگئی جبکہ ایک ٹریفک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جس کی وجہ سے جائے وقوعہ پر ناراض شہریوں کا ہجوم لگ گیا۔ اس بھیڑ کو ہٹانے میںپولیس کو سخت مشقت کرنی پڑی۔شہریوں نے ناقص پیور بلاک لگانے والے ٹھیکیدار اور شہر میں ہیوی گاڑیوں کو چھوڑنے والے افسروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ کلیان روڈ پر فلائی اوور کی تعمیر کے وقت سڑک کے نصف حصے کو کنکریٹ کا بنایا گیا جبکہ نصف حصے میں پیور بلاک لگایا گیا تھا۔ تاہم مبینہ طور پر ناقص تعمیراتی اشیاء استعمال کرنے کے سبب چند برسوں میں ہی پیور بلاک اُکھڑنا شروع ہوگیا ۔اسی پیور بلاک میں الجھ کربدھ کی رات تقریبا ۱۰؍بجے یونیکون موٹر سائیکل پر اپنے گھر جارہے بھاؤ صاحب وشال کوملکر(۴۰)اور ٹریفک پولیس حولدار سوچے نائک(۴۵)کا توازن بگڑ گیا اور وہ دونوں ان کے بازو سے گزر رہی ایک ٹریلر کی زد میں آگئے۔
اس حادثے میں دونوں کی شدید چوٹیں آئیں۔بھاؤ صاحب زخموں کی تاب نہ لاکر جگہ پر ہی دم توڑ دیا جبکہ سوچے نائک کو علاج کیلئے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔اس حادثے سے برہم علاقے میں کافی بھیڑ جمع ہوگئی جس سے دور کرنے میںپولیس کو پسینہ آگیا۔شہریوں نے ناقص پیور بلاک لگانے والے ٹھیکیدار کے ساتھ ہی شہر میں ہیوی گاڑیوں کو شہر میں چھوڑنے والے افسروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔