بہار کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے بدعنوانیوں اور جرائم کے معاملے پر این ڈی اے حکومت کونشانہ بنایا۔
EPAPER
Updated: May 19, 2025, 12:43 PM IST | Patna
بہار کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے بدعنوانیوں اور جرائم کے معاملے پر این ڈی اے حکومت کونشانہ بنایا۔
بہار اسمبلی میں اپوزیشن اور آر جے ڈی کے سینئر لیڈرتیجسوی یادو نے ریاست کی این ڈی اے حکومت کو بدعنوانی اور جرائم کے معاملے پر ایک بار پھر نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے لوگ اب اس حکومت سے پریشان ہو گئے ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں۔ پٹنہ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’بدعنوانی ہو یا جرائم یہاں کے لوگ پریشان ہیں۔ کسی بھی ذات یا مذہب کے لوگ ہوں، یہاں پریشان ہیں اور اس حکومت سے ناخوش ہیں۔ اس بار بہار کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں۔‘‘
دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی پالیسی کو واضح کرنے کیلئے اراکین پارلیمنٹ کے کُل جماعتی وفد کو بیرون ملک بھیجے جانے پر تیجسوی یادو نے کہا کہ اس میں تمام سیاسی جماعتوں کے لوگوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ہماری پارٹی سے بھی ایک رکن اس وفد میں شامل ہے، یہ لوگ اپنا موقف پیش کریں گے، ایسی کئی ٹیمیں بنی ہیں۔
آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بھی ریاست کی این ڈی اے حکومت کو بے روزگاری، جرائم، ہجرت اور بدعنوانی کے مسائل پر گھیرا ہے۔ تیجسوی یادو نے ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’نوجوانوں کو ملازمت نہیں، کام کرنے والوں کو کام نہیں، جرائم پر لگام نہیں، ہجرت پر کوئی روک نہیں، بے روزگاروں کو روزگار نہیں، بغیر رشوت دیے ہوتا کوئی کام نہیں، ایسی نکمی حکومت اب ہمیں قبول نہیں،۲۰؍ سال کی بی جے پی جے ڈی یو حکومت اب بہار کو قبول نہیں۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ رواں سال کے اخیر میں بہار میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور ابھی سے ہی حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے درمیان الزام تراشی شروع ہوچکی ہے ۔