Inquilab Logo

کمپیوٹر ائزڈ برتھ سرٹیفکیٹ کیلئے ہونےوالی تاخیر سے عوام پریشان

Updated: January 06, 2022, 9:24 AM IST | saadat khan | Mumbai

سرٹیفکیٹ کیلئے ۲؍سال پہلےجن درخواست گزاروںنے فارم پُرکئے ہیں انہیں ابھی تک سرٹیفکیٹ نہیں ملا ہے

People can be seen queuing for birth certificates
برتھ سرٹیفکیٹ کیلئے عوام کو قطار میں دیکھا جاسکتا ہے

 ہاتھ سے لکھ کر بنائے گئے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ کو کمپیوٹر ائزڈ بنانےمیں ہونےوالی تاخیر سےعوام پریشان ہیں۔ ای وارڈ میںکمپیوٹر ائزڈ سرٹیفکیٹ کیلئے روزانہ عوام اور افسران میں بحث و تکرار کا سلسلہ جاری ہے ۔ دیگر وارڈ سےبھی اس طرح کی شکایتیں موصول ہورہی ہیں۔ ۲؍سال پہلے جن لوگوں نے کمپیوٹرائزڈ سرٹیفکیٹ کیلئے درخواستیں دی ہیں، انہیں ابھی تک سرٹیفکیٹ نہیں ملی ہے۔ہیلتھ آفیسر اور ایڈیشنل میونسپل کمشنر نے تاخیر ہونے کا اعتراف کیااور کووڈ میں ۲؍سال سے اسٹاف کی کمی کو اس کی وجہ  قرار دیا۔ عوام سرٹیفکیٹ کیلئے وارڈ آفس کا چکر لگا لگا کربیزار ہوگئے ہیں۔
 مورلینڈروڈ کےمحمد رضوان انصاری نے بتایا کہ ’’ای وارڈ سے ہی ہاتھ سے بنائے گئے ۲؍ برتھ سرٹیفکیٹ کو کمپیوٹر ائزڈ سرٹیفکیٹ بنانےکیلئے میں نے مارچ ۲۰۲۰ء  میں درخواست دی تھی لیکن اب تک ای وارڈ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کو ان سرٹیفکیٹ کا ریکار ڈ نہیں ملا ہے جس کی وجہ سے مجھے کمپیوٹر ائزڈ سرٹیفکیٹ نہیں ملا ہے۔ ان ۲؍برسوں میں تقریباً ۵۰؍مرتبہ ای وارڈ کا چکر کاٹ چکاہوں۔ ابتدائی مراحل میں ۲۔ ۳؍ مہینے تو یہاں کے افسران نے کہاکہ آپ کا ریکارڈ تلاش کر رہے ہیں۔ بعدازیں لاک ڈائون اورکووڈ کا حوالہ دے کر ٹال مٹول کیا جاتا رہا۔ اس طرح ایک سال گزر جانے کےبعد یہاںکے افسران نے کہاکہ آپ کا ریکارڈ نہیں مل رہاہے۔ ان سرٹیفکیٹ کا ریکارڈہمارے پریل آفس میں ہوسکتاہے۔ پریل میں ای وارڈ کے مذکورہ سرٹیفکیٹ وغیرہ کا ذخیرہ کیاجاتاہے۔ ان سرٹیفکیٹ کے بارےمیں پریل آفس سے معلومات منگوائی گئی ہے۔وہاں سے رپورٹ آنے کے بعد آپ کو کمپیوٹر ائزڈ سرٹیفکیٹ مل جائےگی۔ اس بات کو بھی تقریباً ۹؍ مہینے گزر چکےہیں۔ ابھی تک پریل آفس سے رپورٹ نہیں آئی ہے۔اس معاملہ کی سچائی جاننےکیلئے ایک مرتبہ میں خود پریل آفس گیاتو معلوم ہواکہ وہاں ان سرٹیفکیٹ کا ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ یہ بات میں نے ای وارڈ کے افسران کو بتائی تو انہوںنے کہا کہ ہم دوبارہ ان سرٹیفکیٹ کا ریکارڈ چیک کریں گےیہ کہہ کر پھر سے بات ٹال دی گئی ہے۔‘‘ 
  بیلاسس روڈ کے سماجی کارکن محمد رضو ان عرف گڈو نےبتایاکہ ’’ میں نےکمپیوٹرائزڈ  برتھ سرٹیفکیٹ کیلئے ۲۴؍ اگست ۲۰۲۱ ء کو درخواست دی ہے ۔ اس وقت سے متعدد مرتبہ ای وارڈ کا چکر لگا چکاہوں لیکن ابھی تک سرٹیفکیٹ نہیں ملا ہے ۔ کبھی ریکارڈ تلاش کرنےاور کبھی مصروفیت کا عذر پیش کرکے صرف مجھے ہی نہیں یہاں آنےوالے بیشتر عوام کوپریشان کیاجارہاہے ۔افسران نے مجھے بدھ ۲۹؍دسمبر ۲۰۲۱ءکو بلایاتھالیکن اس دن بھی سابقہ روایت کی طرح ٹالنے کی کوشش کی گئی تو مجھے غصہ آگیا۔بعدازیں اسسٹنٹ میونسپل کمشنر سے اس معاملہ کی شکایت کی ۔ اسسٹنٹ میونسپل کمشنر نے ہیلتھ آفیسر شیلیش گجرر کو اپنے دفتر میں بلاکر ، تاخیر کی وجہ دریافت کی ،ہیلتھ آفیسر نے کہاکہ اسٹاف کی کمی سے یہ پریشانی ہورہی ہے۔ میراماننا ہےکہ اسٹاف کی قلت کامعاملہ بی ایم سی کو حل کرناچاہئے ۔ اس کیلئے عوام کیوں پریشان ہوں ۔‘‘ اس ضمن میں انقلاب نے جب ہیلتھ آفیسر شیلیش گجرسےاستفسار کیاتو انہوں نےکہاکہ ’’دراصل کووڈ کی وجہ سےپریل میں واقع اسٹور روم میں اسٹاف کی قلت ہے ۔ اس لئے ریکارڈ تلاش کرنے میں تاخیر ہورہی ہے۔ ساتھ ہی اسکیننگ کرنےوالا اسٹاف نہیں ہے اس لئے بھی دقت ہورہی ہے۔اس مسئلے پر قابو پالیاجائیگا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK