Inquilab Logo

عوام بی جےپی کے در پردہ امیدواروں سے ہوشیار رہیں : عمر عبداللہ

Updated: May 05, 2024, 12:22 PM IST | Agency | Srinagar/Baramulla

سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام ان طاقتوں کو مسترد کریں گے جنہوں نے ریاست کو ۲؍ یونین ٹریٹریوں میں تقسیم کیا۔

National Conference Vice President Omar Abdullah. Photo: INN
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ۔ تصویر : آئی این این

جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے سنیچر کو کہاکہ  بی جے پی کے در پردہ (پراکسی)  امید واروں  سے عوام کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموںکشمیر کے لوگ ان طاقتوں کو مسترد کریں گے جنہوں نے ریاست کو دو یونین ٹریٹریوں میں تقسیم کیا۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر نے یہاں ایک  انتخابی ریلی میں یہ بات کہی۔
 انہوں نے کہا کہ’’ اگر یہاں بے روزگاری کم ہوگئی ہے اور آپ کے بچوں کو روزگار ملا ہے، بجلی سپلائی میں بہتری آئی ہے، بجلی کے بلوں میں کمی آئی ہے، پانی کی سپلائی بلا روک ٹوک چل رہی ہے، راشن کی سپلائی میں اضافہ ہوا ہے اور آپ کی سڑکیں بہتر ہوئی ہیں تو آپ بلا شبہ کنول، سیب، بالٹین، قلم دوات اور بلے کو ووٹ دیجئے لیکن اگر سب کچھ اس کا اُلٹا ہو اہے، آپ کی توقعات اور امیدوں کے خلاف ہوا ہے تو آپ کو اپنے ووٹ کے ذریعے نیشنل کانفرنس کو کامیاب بناکر اپنا پیغام صاف صاف الفاظ میں دینا ہوگا۔‘‘
عمر عبداللہ نے کہا کہ میں نے بحیثیت ایم ایل اے بیروہ کے ہر علاقے میں کام کیا لیکن بدقسمتی  سے ۲۰۱۹ء میں جہاں کام چھوڑا تھا کام وہیں کا وہیں رُک گیا ہے۔ چاہے وہ واٹر سپلائی اسکیمیں ہوں، بجلی ٹرانسفارمروں ،تاروں اور کھمبوں کی تنصیب ہو، سڑکوں کی تعمیر ہو یا دیگر پروجیکٹ، سارا کام وہیں رُکا ہوا ہے جہاں میں نے چھوڑا تھا، اگر کچھ نیا لگا ہے تو وہ ہر گھر میں بجلی کا میٹر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج میں آپ سے۱۰؍سال بعد ووٹ مانگنے آیا ہوں اور آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ مجھے ووٹ دیکر پھر ایک بار کام کرنے کا موقع فراہم کیجئے، جہاں آپ کا پسینہ ہوگا وہاں میرا خون ہوگا۔ عمر عبداللہ نے کہاکہ آج ہمارے نوجوان بے روزگار در بہ در ٹھوکریں کھا رہے ہیں، بجلی اور پینے کے پانی میں بہتری کے بجائے ابتری آرہی ہے، ہماری زمینوں کو خطرہ ہے، جو زمینیں یہاں کے لوگوں کو شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ نے بلا معاوضہ فراہم کیں تھیں آج اُن زمینوں کو بھی خطرہ لاحق ہوگیاہے۔ نیشنل کانفرنس کی کامیابی یقینی بنا کر ہمیں آپ کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کی جدوجہد کرنے کا موقع فراہم کیجئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK