Inquilab Logo Happiest Places to Work

مساجد کے لاؤڈاسپیکر اتروانے سے متعلق پٹیشن‌ ، یکم جولائی کو شنوائی

Updated: June 27, 2025, 10:37 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

قلابہ میں مساجد فیڈریشن کے ذریعے ٹرسٹیان مساجد کی میٹنگ۔ ۲۵۰؍مساجد کی تفصیلات یکجا کی گئیں اور ۵؍مساجد کے ٹرسٹیان کو عرضی گزار بنایا گیا۔ پولیس کے ذریعے ہراساں کئے جانے پر کہاں اور کس سے رابطہ قائم کرنے کے لئے گائیڈ لائن جلد۔ اے پی سی آر ممبئی کے صدر ایڈوکیٹ نے قانونی پہلوؤں پر روشنی ڈالی

Loudspeakers were removed from the Sunni mosque in Madanpura yesterday.
سنی بڑی مسجد مدن پورہ سے گزشتہ روز لاؤڈاسپیکر نکالے گئے

مساجد سے لاؤڈاسپیکر اتروانے اور پولیس کی جاری  سختی کے تعلق سے گزشتہ شب مساجد فیڈریشن ممبئی ومضافات کی  گرانٹس بلڈنگ ٹیریس قلابہ میں ہونے والی ٹرسٹیان مساجد اور دیگر ذمہ داران و اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) نام کی تنظیم  کی جانب سے تفصیلات سے آگاہ کرایا گیا۔مساجد سےلاؤڈاسپیکر اتروانے کے تعلق سے ٹرسٹیان اور عام مسلمانوں میں پائی جانے والی بے چینی کے پیش نظر قانونی کارروائی کے لئے ممبئی اور مضافات ممبئی کی ۲۵۰؍سے زائد مساجد کی تفصیلات جمع کی گئیں  اور اے پی سی آر کے قومی صدر معروف قانون داں ایڈوکیٹ یوسف  مچھالا کی سربراہی میں رٹ پٹیشن تیار کرکے ہائی کورٹ میں داخل کی گئی  ہے۔
  مساجد فیڈریشن کی میٹنگ میں ٹرسٹیان کو  اس کے نکات سمجھائے گئے۔ میٹنگ میں ممبئی اور مضافات کے الگ الگ علاقوں سے تقریباً  ۴۰؍ٹرسٹیان نے شرکت کی۔ اس میں اے پی سی آر کے ممبئی کےصدر ایڈوکیٹ عبدالکریم پٹھان  نے بتایا کہ ہائی کورٹ میں داخل کردہ رٹ پٹیشن میں صوتی آلودگی کی تعریف،  ضابطوں کو طاق پر رکھ کر ممبئی پولیس کے رویے اور اس کی  زور زبردستی اور غیر ضروری طور پر دستاویزات طلب کرنے کے لئے ہراساں کرنے ، گجرات اور ایم پی ہائی کورٹ کے فیصلے اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن(ڈبلیو ایچ او) وغیرہ کے آبزرویشن کو بنیاد بنایا گیا ہے ۔ جن میں یہ کہا گیا ہے کہ اذان سے صوتی آلودگی نہیں ہوتی۔
  اسی طرح پٹیشن میں یہ بھی شامل کیا گیا ہے کہ حکومت اور پولیس کی جانب سے کہا تو یہ جارہا ہے کہ تمام مذاہب کی عبادت گاہوں سے لاؤڈاسپیکر اتارے جارہے ہیں لیکن محسوس یہ کیا جا رہا ہے کہ خاص طور پر یہ کارروائی مساجد کیخلاف کی جارہی ہے۔
 داخل کردہ  پٹیشن کے لئے وکھرولی اور گھاٹکوپر کی ۵؍ مساجد کے ٹرسٹیان کو پٹیشنر بنایا گیا ہے جبکہ شہر اور مضافات کی ۲۵۰؍ مساجد کی تفصیلات یکجا کی گئی ہیں۔ ان مساجد کے تمام دستاویزات بھی جوڑے گئے ہیں۔ یکم جولائی کو ہائی کورٹ میں اس پر شنوائی ہوگی۔اس موقع پر ایڈوکیٹ عبدالکریم پٹھان نے مذکورہ تفصیلات بتانے کے ساتھ ٹرسٹیان کے سوالات کے جوابات بھی دیئے اور انہیں مطمئن دلانے کی کوشش کی۔
گائیڈ لائن کی روشنی میں بھی ٹرسٹیان کی مدد
  اس کے علاوہ اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ ایگ گائیڈ لائن بھی تیار کی جارہی ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ اگر دوران سماعت بھی پولیس کا یہی رویہ برقرار رہتا ہے یا اس تعلق سے ٹرسٹیان کو کوئی اور دشواری پیش آتی ہے تو وہ کہاں جائیں اور کس سے رابطہ قائم کریں، اس کی رہنمائی کی جائے۔  اس گائیڈ لائن کو آئندہ چند  دنوں میں تیار کرلیا جائے گا۔ یہ گائیڈ لائن ایڈوکیٹ عبدالکریم پٹھان، ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی اور شاکر شیخ وغیرہ تیار کررہے ہیں۔ اس گائیڈ لائن کو بھی میٹنگ بلاکر یا وہاٹس ایپ گروپ کے ذریعے عام کیا جائے گا۔
سبھی کو آگاہی رہے
 شاکر شیخ نے میٹنگ کی غرض وغایت بیان کی اور کہا کہ سبھی کی رائے اور صلاح ومشورے سے کام آگے بڑھایا جارہا ہے اور معلومات دی جارہی ہے تاکہ سب کے علم میں رہے۔ اس کے علاوہ امید ہے انصاف ملے گا اور یہ مسئلہ حل ہوگا۔ ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی نے کہا کہ اس معاملے کو پوری احتیاط اور تمام قانونی پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے آگے  بڑھایا جارہا ہے۔ یہ میٹنگ اس لئے بلائی گئی تاکہ سبھی کو علم رہے اور اٹھائے جانے والے قدم سے واقفیت ہو۔ اس کے بعد جو کچھ ہوگا ، جیسا کہ پہلے متعدد میٹنگوں میں کیا گیا، حکو‌مت سے ملاقات کی گئی، ضرور آگاہ کرایا جائے گا۔ اس سے قبل  اجتماعی کوشش کی گئی، اب عدالت سے رجوع کیا گیا ہے‌۔اس موقع پر ماہم جامع مسجد کے ٹرسٹی فہد خلیل پٹھان اور منگلی کندوری مسجد کے ذمہ دار عبدالقادر چودھری نے بھی گفتگو کی۔
 یاد رہے کہ لاؤڈاسپیکر اتروانے کے تعلق سے صرف کاندیولی کا گنیش نگر ایسا علاقہ ہے جہاں ٹرسٹیان نے اتحاد واتفاق کا ایسا مظاہرہ کیا کہ نکلوایا گیا لاؤڈاسپیکر دوبارہ لگادیا گیا اور آواز کی سطح کم رکھ کر اذان دی جارہی ہے۔ اس کو الگ الگ گروپ میں بھی شیئر کرتے ہوئے اسے قابل تقلید عمل بتایا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ رٹ پٹیشن داخل کئے جانے پر  ٹرسٹیان  عدالت سے مثبت فیصلے کی توقع کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK