انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ۲۰؍ بین الاقوامی میچوں کے لیے کئی قوانین میں تبدیلیاں کی ہیں۔ جولائی سےنافذ العمل۔
EPAPER
Updated: June 28, 2025, 11:20 AM IST | Agency | Dubai
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ۲۰؍ بین الاقوامی میچوں کے لیے کئی قوانین میں تبدیلیاں کی ہیں۔ جولائی سےنافذ العمل۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ۲۰؍ بین الاقوامی میچوں کے لیے کئی قوانین میں تبدیلیاں کی ہیں۔ ٹیم انڈیا کے سابق کپتان سورو گنگولی کی زیر صدارت آئی سی سی مینز کرکٹ کمیٹی کی میٹنگ میں گیند کو تبدیل کرنے، باؤنڈری کیچز، ٹیسٹ میچوں میں اسٹاپ کلاک، ڈی آر ایس کے استعمال سمیت کئی قوانین میں تبدیلیوں کی سفارش کی تھی۔ یہ قوانین حال ہی میں شروع ہونے والی نئی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ(۲۷۔۲۰۲۵ء) میں نافذ کیے گئے ہیں۔ یہ قوانین ایک روزہ اور ٹی ۲۰؍ میں ۲؍ جولائی ۲۰۲۵ءسے نافذہوں گے۔
اسٹاپ کلاک اصول
اب اسٹاپ کلاک اصول کے تحت فیلڈنگ کرنے والی ٹیم اوور شروع کرنے میں۶۰؍ سیکنڈ سے زیادہ وقت لیتی ہے تو اسے دو بار وارننگ دی جائے گی۔ اس کے بعد بھی اگر اس اصول کو توڑا گیا تو جرمانے کے طور پر ۵؍ رن کاٹ لئے جائیں گے۔ یہ ضوابط ٹی۲۰؍اور ایک روزہ کرکٹ میں پہلے سے ہی نافذ ہے۔ ایک روزہ اننگز کے پہلے ۳۴؍ اوورس کے لیے دو نئی گیندیں استعمال کی جائیں گی۔ اس کے بعد فیلڈنگ ٹیم بقیہ اوورس کے لیے گیند کا انتخاب کرے گی۔
شارٹ رن کا اصول بدل گیا ہے
اس طرح کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کے لیے شارٹ رن کا اصول بھی بدل گیا ہے۔ اس سے قبل جان بوجھ کرشارٹ رن لینے پر ۵؍ رن کا جرمانہ لگتا تھا۔ اب، اگر کوئی بلے باز اضافی رن لینے کے لیے جان بوجھ کر رن مکمل نہیں کرتا ہے تو امپائر فیلڈنگ ٹیم سے پوچھیں گے کہ وہ پچ پر موجود دو نوں میں سے کس بلے بازوکو اسٹرائیک پرچاہتے ہیں۔ ۵؍ رن کی پنالٹی کا اصول بھی جاری رہے گا۔
گیند پرتھوک لگانے پر پابندی برقرار
گیند پر تھوک لگانے پر پابندی برقرار رہے گی۔ اگر غلطی سے تھوک لگانے پر گیند کو تبدیل کرنا لازمی نہیں ہوگا۔ امپائر صرف اسی صورت حال میں گیند کو تبدیل کرے گا جب گیند بہت گیلی ہو یا اس میں اضافی چمک ہو۔ یہ فیصلہ امپائر کی صوابدید پر منحصر ہوگا۔ اگر اسے لگتا ہے کہ گیند کی حالت میں زیادہ تبدیلی نہیں آئی ہے تو اسے تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ یہ اصول بھی تینوں فارمیٹس کے لیے ہے۔
کیچ لینے کے اصول میں تبدیلی
آئی سی سی نے کیچ رول میں بھی تبدیلی کی ہے۔ گیند پیڈ پر لگی ہو تو ٹی وی امپائر ایل بی ڈبلیو کی بھی جانچ کرے گا۔ اگر بلے باز ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوا تو اسے آؤٹ کر دیا جائے گا۔ یہ اصول بھی تینوں فارمیٹس میں نافذ ہوگا۔ نئے اصول کے تحت مشکوک کیچز کی جانچ کی جائے گی۔
ٹی۲۰؍ پاور پلے کے قوانین میں تبدیلی
دبئی(ایجنسی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے مردوں کے ٹی۲۰؍ کرکٹ میچوں کے قوانین میں کی گئی اہم تبدیلی کے مطابق بارش سے متاثرہ میچوں میں پاور پلے کا فیصلہ اوورس کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ آئی سی سی نے کہا کہ اگر میچ کے اوورس بارش یا کسی اور وجہ سے کم ہوتے ہیں تو پاور پلے کے اوور کا فیصلہ بھی اسی بنیاد پر کیا جائے گا۔ موجودہ قوانین کے مطابق۲۰؍ اوور کی اننگز میں پہلے ۶؍ اوور پاور پلے ہوتے ہیں۔یہ ضوابط انگلینڈ کے ٹی ۲۰؍ بلاسٹ ٹورنامنٹ میں کئی برسوں سے رائج ہے جہاں اوور کے وسط میں پاور پلے ختم ہونے سے کھلاڑیوں یا میچ حکام کو کوئی پریشانی نہیں ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ٹیسٹ کرکٹ میں اوور ریٹ کو کنٹرول کرنے کے لیے اسٹاپ کلاک کا استعمال، نو بالز پر بھی کیچ کی درستگی کو جانچنا، ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں کھلاڑیوں کی منتقلی کی منظوری اور مردوں کی بین الاقوامی کرکٹ میں کھیلنے کی شرائط میں میں کی گئی کچھ دیگر بڑی تبدیلیاں شامل ہیں۔
ان میں سے کچھ نئے قوانین ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (۲۷۔۲۰۲۵ء) کے نئے سائیکل میں پہلے ہی لاگو ہو چکے ہیں۔ وائٹ بال کرکٹ سے متعلق ضوابط ۲؍جولائی سے نافذ العمل ہوں گے۔ ٹی ۲۰؍ فارمیٹ میں پاور پلے کے دوران صرف ۲؍ کھلاڑی ۳۰؍ گز سے باہر ہوتے ہیں۔ اس کے باوجود ٹی ۲۰؍ میچوں کو مزید صاف اور منصفانہ بنانے کے لیے اسے سختی سے نافذ کرنے کی بات کہی گئی ہے۔
ٹی ۲۰؍ میں پاورپلے کے قوانین
نئے ضوابط کے تحت بارش سے متاثرہ میچوں میں ۵؍ اوور کے میچ کیلئے۱ء۳؍ اوورکا پاور پلے ہوگا۔۶؍ اوور کیلئے ۱ء۵؍اوور، ۷؍ اوورکیلئے۲ء۱؍ ،۸؍ اوور کیلئے ۲ء۲ ، ۹؍ اوور کیلئے۲ء۴ ،۱۰؍ اوور کیلئے۳؍ اوور،۱۱؍ اوور کیلئے ۳ء۲؍ اوور،۱۲؍اوور کیلئے۳ء۴؍ اوور،۱۳؍ اوور کیلئے ۳ء۵؍ اوور،۱۴؍ اوور کیلئے۴ء۱، ۱۵؍ اوور کیلئے۴ء۳؍ اوور، ۱۶؍ اوور کیلئے ۴ء۵؍ اوور،۱۷؍ اوور کیلئے۵ء۱ ، ۱۸؍ اوور کیلئے۵ء۲؍ اوور اور۱۹؍ اوور کیلئے۵ء۴؍ اوور پاور پلے کیلئے ہوں گے۔ اس دوران امپائر اوور کے درمیان تبدیلیوں کے حوالے سے اشارے دیں گے۔ یہ قوانین جولائی سے نافذ ہوں گے۔