’ایم وی جون ایسٹر‘ میں ۱۱۷ ؍مسافر اور ۱۷ ؍رکنی عملہ سوار تھا، ۴۳ ؍افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
EPAPER
Updated: September 11, 2026, 1:31 PM IST | Agency | Manila
’ایم وی جون ایسٹر‘ میں ۱۱۷ ؍مسافر اور ۱۷ ؍رکنی عملہ سوار تھا، ۴۳ ؍افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
فلپائن کے کوسٹ گارڈ کے دیے گئے بیان کے مطابق، بدھ کی رات مغربی فلپائن میں جزیرہ پالاوان کے قریب ایک مسافر بردار بحری جہاز میں آگ لگنے کے نتیجے میں۵؍ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ۸۰؍ سے زائد لاپتہ ہیں۔کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ پالاوان کے علاقے کورون کے قریب ’ایم وی جون ایسٹر‘نامی جہاز میں آگ لگنے کے بعد۴۳؍افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ کوسٹ گارڈ کی جانب سے جاری کردہ تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شعلوں نے جہاز کے کچھ حصوں کو لپیٹ میں لے رکھا ہے اور امدادی ٹیمیں لاشوں کو باڈی بیگز میں منتقل کر رہی ہیں۔کوسٹ گارڈ کی ترجمان کموڈور نومی کیابیاب نے ڈی زیڈ ایکس ایل ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ جہاز کے ریکارڈ کے مطابق اس پر۱۱۷؍ مسافر اور عملے کے۱۷؍ ارکان سوار تھے۔ کیابیاب نے بتایا کہ۸۰؍ سے زائد افراد لاپتہ ہیں جبکہ انہوں نے واضح کیا کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رہنے کے باعث اس تعداد میں تبدیلی آ سکتی ہے۔اہلکار نے بتایا کہ یہ فیری منیلا کے علاقے باسیکو سے روانہ ہوئی تھی اور کورون کی طرف جا رہی تھی۔آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:ٹرمپ کا مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کے خلاف پابندیوں پر ردعمل
انڈونیشیا میں صحافیوں کو لے جانے والی کشتی لاپتہ
انڈونیشیا کے صوبے بانتین کے سرچ اینڈ ریسکیو آفس کے سربراہ الامرد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک تیز رفتار کشتی جس میں۵؍فوٹو جرنلسٹ، عملے کے دو ارکان اور ایک گائیڈ سوار تھے،اُن سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔الامرد نے بتایا کہ صحافیوں میں سے ایک نے اپنے قریبی رشتہ داروں کو بھیجے گئے ایک پیغام میں کہا تھا کہ وہ اناک کراکاتاؤ کے آس پاس کے پانیوں میں پہنچ چکے ہیں اور انہوں نے واضح کیا کہ یہ اس ٹیم کی طرف سے موصول ہونے والا آخری پیغام تھا۔الامرد نے کہا کہ علاقے میں موجود سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں ابھی تک اس گروپ سے رابطہ قائم کرنے اور ان کے مقام کا پتہ لگانے میں ناکام رہی ہیں۔جن لوگوں سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے ان میں اناطولویہ ایجنسی کے لیے فری لانس کیمرہ مین کے طور پر کام کرنے والے فردوس واجدی سمیت انڈونیشیا کی سرکاری نیوز ایجنسی انتارا، میردیکا اور آئی نیوز ایجنسیوں کے ملازمین شامل ہیں۔انڈونیشیا کے آتش فشاں اناک کراکاتاؤ میں۶؍ستمبر کو دھماکہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں نکلنے والی راکھ جاوا کے علاقے میں۶؍ہزار میٹر اور سماٹرا کے علاقے میں۱۵؍ ہزار میٹر کی بلندی تک پہنچ گئی تھی۔دھماکے کے بعد آتش فشاں کی راکھ ملک کے مغربی حصوں میں پھیلنے کی وجہ سے دارالحکومت جاکارتا کے سوئیکارنو-ہاتا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔