Inquilab Logo

اورنگ آباد اور ناگپور کے عازمین روانگی سے قبل اضافی رقم ادا کریں

Updated: June 07, 2023, 9:12 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

آج ان دونوں شہروں سے عازمین کی روانگی کا سلسلہ شروع ہوگا،جن عازمین نے امبارکیشن تبدیل کروانے کی کوشش کے سبب مکمل رقم نہیں ادا کی تھی ان کیلئے تنبیہ جاری

The departure of the guests of Allah`s house has started (file photo).
اللہ کے گھر کے مہمانوں کی روانگی شروع ہو چکی ہے ( فائل فوٹو)

اورنگ آباد اورناگپور کے عازمین ِ حج کی آج بروزبدھ ۷؍جون سےروانگی شروع ہو جائےگی ۔ پہلے دن اورنگ آباد سے ایک اور ناگپور سے دو پروازوں میں مجموعی طور پر۱۰۱۸؍ عازمینِ حج روانہ ہوں گے۔ یاد رہے کہ یہ دونوں شہر حج کے تعلق سے اسلئے سرخیوں میں آئے تھے کہ یہاں کے حاجیوں کو ممبئی کے مقابلے ہزاروں روپے زائدادا کرنے پڑ رہے ہیں۔  عازمین کی روانگی اورشیڈیول کے مطابق تمام انتظامات اورنگرانی کی خاطر مرکزی اورریاستی حج کمیٹی کے عملہ کو ان شہروں کیلئے روانہ کیا گیا ہے ۔حج بیت اللہ کے لئے جانےوالے عازمین بھی ۴۸؍گھنٹے قبل اپنی رپورٹنگ (یعنی جانے کیلئے تیار ہیں) کرواچکے ہیں۔ اسی کے ساتھ خدمت ِ حجاج کمیٹی کے صدر مرزا رفعت بیگ اپنے رفقاء کے ہمراہ عازمین کی رہنمائی اوران کی مدد کررہے ہیں ۔ 
جہازوں میںگنجائش 
 اورنگ آباد سےروانہ ہونے والے جہاز میں ۱۵۸؍ عازمین سوار ہوںگے جبکہ ناگپور سے جانے والے فی جہاز میں۴۳۰؍عازمین کی گنجائش ہے ۔ ناگپور سے ۱۴؍ جون کو آخری جہازروانہ ہوگا جبکہ اورنگ آباد سے عازمین کا آخری قافلہ شیڈیول کے مطابق ۱۷؍جون کو سرزمین مقدسہ روانہ ہوگا۔
سب سے اہم مسئلہ 
 اس دفعہ سب سے اہم مسئلہ ان دونوں امبارکیشن پوائنٹس کے ان عازمین کیلئے ہے جن پرخرچ کا کافی اضافی بوجھ پڑا ہے ۔ اس کی وجہ سے یہ عازمین اپنا  امبارکیشن پوائنٹ بدل کرممبئی کروانا چاہتے تھے لیکن مسلسل کوشش کے بعد بھی انہیں کامیابی نہیںمل سکی۔ کئی عازمین پُرامید تھے کہ امبارکیشن پوائنٹ اگرتبدیل کردیا گیا تو اورنگ آباد سے جانے والے عازمین کو۸۸؍ہزار روپے اورناگپور سے جانے والو ں کو ۶۲؍ہزار روپے کم ادا کرنے ہوںگے لیکن روانگی کے وقت تک کچھ بھی نہیں ہوا اورعازمین کوزیر بار ہونا پڑا ۔ 
اضافی رقم کی ادائیگی کے بغیرروانگی نہیں
  امبارکیشن پوائنٹ تبدیل کئےجانے کی امید میںممبئی کے بقدر خرچ جمع کروانے والوں کو مزیدرقم جمع کروانےسے قبل ان کی روانگی ممکن نہیںہوگی،یہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے کہا گیا ہے۔ریاستی حج کمیٹی میںنمائندۂ انقلاب نے رابطہ قائم کیا توایگزیکیٹو افسر امتیاز قاضی نے بتایا کہ مرکزی حج کمیٹی  نےکہا ہے کہ  طے شدہ خرچ ہر عازم کوبھرنا ہوگا ۔ جن لوگوںنےپورا خرچ ادا نہیں کیا ہے ، ان کو اس وقت تک کنفرم نہیںکیا جائے گا جب تک کہ وہ پوری رقم ادا نہ کردیں ۔ اس لئے عازمین فوری طور پر اس جانب توجہ دیںتاکہ کوئی مسئلہ نہ پیدا ہو۔‘‘
 انہوںنے کہاکہ’’ریاستی حج کمیٹی میںاس تعلق سے عازمین کی جانب سے جو بھی درخواستیں موصول ہوئیں، انہیںفوراًحج کمیٹی بھجوادیا گیاتاکہ تاخیر ہونے کے سبب فیصلہ کرنےمیںدقت نہ آئے لیکن ریاستی حج کمیٹی کوکسی عازم کا امبارکیشن تبدیل کرنے کا بذات ِ خود اختیار نہیں ہے اس  تعلق سے  مرکزی حج کمیٹی ہی فیصلہ کرتی ہے۔ اس لئے عازمین کوپہلے ہی مطلع کیا گیا ہے کہ وہ اس صورتحال کوسامنے رکھیںاوربقیہ رقم جمع کروا دیںتاکہ حج بیت اللہ کےلئےروانگی میںان کوکوئی پریشانی یا کسی قسم کا مسئلہ نہ ہو۔‘‘امتیازقاضی کے مطابق ’’ ایئرپورٹ پراورحج ہاؤس میںبہتراز بہتر انتظامات کی کوشش کی گئی ہے تاکہ عازمین سہولت کے ساتھ اس مقدس فریضے کی ادائیگی کیلئے روانہ ہوسکیں۔‘‘  یاد رہے کہ عازمین  نے مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی سے لے کر وزیراعظم تک کو خط لکھا تھا لیکن ان کا امبارکیشن پوائنٹ تبدیل نہیں کیا گیا۔ 

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK