Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’حج کا فارم بھرنے کیلئے عازمین ریاستی حج کمیٹی سے استفادہ کریں‘‘

Updated: July 04, 2026, 8:24 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

شہر اور مضافات کے عازمین روزانہ بڑی تعداد میں فارم بھرانے کیلئے آتے ہیں۔ سنیچر اور اتوار کو بھی سہولت کیلئے مہاراشٹر حج کمیٹی کادفتر کھلا رکھا جارہا ہے

Pilgrims are seen arriving at the State Hajj Committee office to fill out forms for Hajj 2027.
ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں حج۲۰۲۷ءکے لئے فارم بھرنے کے لئے پہنچنے والے عازمین نظر آرہے ہیں۔ (تصویر: انقلاب)

ریاستی حج کمیٹی میں عازمین کے فارم بھروانے کا سلسلہ جاری ہے۔ عازمین سے کہا جارہا ہے کہ وہ اس سے استفادہ کریں۔  اب تک شہر ومضافات کے عازمین بڑی تعداد میں اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنا فارم پُر کرواچکے ہیں۔ ان  کی سہولت کی غرض سے ہی سنیچر اور اتوار کو بھی حج کمیٹی کا دفتر کھلا رکھا جارہا ہے تاکہ وہ چھٹی والے دن اپنا کام کرسکیں۔ 
 ۲۲؍ جون سے اب تک شہر و مضافات کے بہت سے عازمین یہاں آکر فارم بھر چکے ہیں۔ فارم بھرنے کے لئے تربیت یافتہ عملہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
 حج کمیٹی کی سیکشن آفیسر خدیجہ نائیکواڑے سے استفسار کرنے پر انہوں نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ فارم بھروانے والے عازمین کی حتمی تعداد تو نہیں بتائی جاسکتی مگر یہ ضرور ہے کہ بڑی تعداد میں روزانہ عازمین حج کمیٹی آرہے ہیں۔ اسی غرض سے  سنیچر اور اتوار کو بھی دفتر کھلا رکھا جارہا ہے تاکہ وہ عازمین یا ان کے اہل خانہ جو کسی سبب دیگر   ایام میں نہیں آسکتے ، وہ سنیچر اور اتوار کو آکر فارم بھروالیں۔ دوسرے بہت سے عازمین خود فارم  بھر رہے ہیں اور حج سویدھا ایپ کا استعمال کررہے ہیں۔ حج کمیٹی کی کوشش ہے کہ آخری تاریخ ۲۰؍ جولائی  تک زیادہ سے زیادہ عازمین درخواست دے سکیں۔ امسال بھی جس طرح سعودی حکومت نے فوری طور پر حج۲۰۲۷ء کا اعلان کردیا ، اسی طرح تمام کام وقت کے اندر پورا کیا جاسکے۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ ہر کام مقررہ وقت کے اندر کیا جائے اور ضابطوں کی تکمیل کی جائے۔
ریزرو کٹیگری میں ۲؍ یا ۴؍ عازمین ہوں گے
 ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ  اس دفعہ ریزروکٹیگری میں شامل۶۵؍ سال یا اس سے زائد عمر کے عازم کے ساتھ ایک معاون ضروری ہوگا۔ اس طرح ایک کور میں دو یا چار عازمین ہی ہوں گے، پانچ یا۶؍ نہیں ۔ اس لئے ریزرو کٹیگری میں عازمین درخواست  دیتے وقت اس کا دھیان رکھیں۔ اس کے علاوہ حج کمیٹی کی جانب سے رہنمائی بھی کی جارہی ہے اور ویب سائٹ پر بھی تفصیلات دیکھنے کا مشورہ دیا جارہا ہے تاکہ عازمین تمام شرائط اور ہدایات پڑھ کر ہی درخواست دیں ، کوئی غلطی نہ ہو ورنہ غلطی ہونے کی صورت میں مختلف مسائل پیدا ہوتے ہیں اور رقم بھی ضائع ہوجانے کا اندیشہ رہتا ہے۔ 
حج کمیٹی کا عملہ  خدمت کیلئے موجود
 حج کمیٹی کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ حج کمیٹی کا عملہ صبح ۱۰؍بجے سے شام۶؍ بجے تک عازمین کی خدمت کے لئے موجود رہتا ہے، عازمین اس سہولت کا فائدہ اٹھائیں اور قطعاً پریشان نہ ہوں، خواہشمند ہرعازم کا فارم ضرور بھرا جائے گا۔

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK