• Sat, 17 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سعودی عرب کے حالات کے پیش نظرکئی ایئرلائنز کا اپنی خدمات ۲۴؍ اکتوبر تک روکنے کا فیصلہ

Updated: October 17, 2026, 1:48 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مسافروں اورمعتمرین کی حفاظت کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا۔ ٹور آپریٹرس کے مطابق عمرہ گروپ بھیجنے کا سلسلہ ملتوی۔ خود معتمرین بھی اسی کےحق میں ہیں۔

Tour operators will decide on sending Umrah groups once the situation improves. Photo: INN
ٹورآپریٹرس حالات میں بہتری کے بعد عمرہ گروپ بھیجنے کا فیصلہ کریں گے۔ تصویر: آئی این این

حوثیوں کے حملوں کے سبب سعودی عرب میں پیدا شدہ حالات میں ٹور آپریٹرس معتمرین کو لانے کیلئے کوشاں ہیں اور بڑی حد تک کامیابی ملنے کا دعویٰ بھی کیا جارہا ہے۔ دریں اثناء ۱۷؍ اکتوبر تک اکاسا، انڈیگو اور انڈین ایئر لائن نے اپنی خدمات روکی تھیں۔ انہوں نے اب ۲۴؍اکتوبر تک اپنی خدمات روکنے کا اعلان کیا ہے۔ مذکورہ فیصلے کے سبب ٹور والوں کی نگاہیں سنیچر ۱۷؍ اکتوبر پر تھیںمگر اب وہ بھی تذبذب میں ہیں۔

سعودی ایئرلائن، گلف اور سلام ایئرلائن کی خدمات جاری ہیں مگر انہوں نے ایک جانب کا کرایہ ۳۸؍ تا ۴۰؍ہزار روپے کردیا ہے، ٹور والے اسے موقع کا ناجائز فائدہ اٹھانا قرار دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہندوستانی سفیر نے بھی حالات پر نگاہ رکھنے اور ہوائی خدمات روکنے کے علاوہ حملوں سے متعلق تصاویر یا ویڈیو عام کرنے سے یہ کہتے ہوئے متنبہ کیا ہےکہ یہ عمل سعودی قانون کے مطابق قابلِ مواخذہ جرم ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کاکروچ جنتا پارٹی کی حمایت میں آزاد میدان پر ترنگا لہرایا گیا

ایئرلائنز نے تاریخ بڑھا دی  

آل انڈیا حج عمرہ ٹور آرگنائزرس اسوسی ایشن کے چیئرمین شوکت تمبولی نےنمائندۂ انقلاب کوبتایا کہ ’’ انڈیگو اور اکاسا ایئرلائن نے تو باقاعدہ پیغام بھیج کر ۲۴؍ اکتوبر تک اپنی خدمات روکنے کا اعلان کیا جبکہ انڈیا ایکسپریس کی جانب سے تحریری طور پرتو کچھ نہیں بھیجا گیا ہے مگرعملاً اس کا فیصلہ بھی یہی ہے ۔ ‘‘انہوں نےیہ بھی بتایاکہ ’’اب تک ۱۷؍ اکتوبر کا انتظارتھا کہ ایئرلائنز کیا فیصلہ کرتی ہیں، وہ معلوم ہوجانے کے بعد اب ٹور آپریٹرس  نے بھی اپنے اپنے گروپ بھیجنے کا فیصلہ ملتوی کردیا ہے۔ اس لئے کہ کوئی بھی ٹور والا جوکھم مول لینا نہیںچاہتا اور خود عمرہ کیلئے جانے والے بھی اسی حق میں ہیں۔اس کے علاوہ معتمرین کو وطن واپس لانے کاعمل جاری ہے، اس میں بڑی حد تک کامیابی بھی ملی ہے۔ حالات میں بہتری کے بعدعمرہ گروپ بھیجنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK