ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد حفاظتی انتظامات پرسوالیہ نشان۔میونسپل کمشنر نے یقین دلایا کہ شکایات اور شواہد کی بنیاد پر جانچ کے بعد کارروائی کی جائے گی۔
کارپوریٹرسنتوش پاٹل کی کمرپر پستول نظر آرہا ہے۔ تصویر: آئی این این
جلگاؤں میونسپل کارپوریشن کی گزشتہ روز منعقدہ جنرل باڈی میٹنگ میں انتہائی متنازع اور سیکوریٹی کیلئے خطرہ پیدا کرنے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی شیو سینا کے ایک کارپوریٹر نے اپنی کمر میں پستول باندھ کر میونسپل کارپوریشن کی اس سرکاری میٹنگ میں شرکت کی۔ اس سلسلے میں چند ویڈیوز سامنے آئے ہیں جس سے جلگاؤں کے سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیو سینا (شندے) کے کارپوریٹر سنتوش پاٹل نے کمر پر پستول لے کر جلگاؤں میونسپل کارپوریشن کی جنرل میٹنگ میں شرکت کی تھی۔ کہا جا رہا ہے کہ پوری جنرل میٹنگ کے اختتام تک ان کی کمر پر پستول موجود تھا۔ اس سے میونسپل کارپوریشن کے سیکوریٹی نظام پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے اور کیا ہال میں ہتھیار لے جانے سے متعلق قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی ہے؟ یہ سوال کیا جارہا ہے۔
میونسپل کارپوریشن ہال میں شہر کے بہت سے مسائل حل ہوتے ہیں۔ تاہم یہ حقیقت ہےکہ یہ کارپوریٹر کمر پر بندوق لے کر آیا تھا، اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ کارپوریٹر کس سے ڈرتا تھا؟ یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے۔
یہ بھی سوال اٹھتا ہے کہ اس کارپوریٹر کو میونسپل کارپوریشن ہال میں بندوق لانے کی اجازت کس نے دی؟ اگر کوئی کارپوریٹر اس طرح بندوق لے کر ہال میں داخل ہو رہا ہے تو کیا سیکوریٹی گارڈز نے سیکوریٹی کے ساتھ سمجھوتہ کیاہے ؟ یہ سوال جلگاؤں کے شہری اٹھا رہے ہیں۔
اس پورے معاملے پر جلگاؤں میونسپل کمشنر آدتیہ جیونے نے اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کیا ۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ واقعہ ان کے نوٹس میں نہیں آیا ہے لیکن متعلقہ شواہد اور شکایات کی بنیاد پر سرکاری قوانین، آرمس ایکٹ کی دفعات اور میونسپل ایکٹ کے قواعد کی جانچ کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔
اس تعلق سے مختلف سوالات اٹھ رہے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ کیا اس واقعہ کے بعد متعلقہ کارپوریٹر کے خلاف نااہلی کی کارروائی کی جاسکتی ہے؟
دریں اثناء معلوم ہوا ہے کہ متعلقہ کارپوریٹر کے پاس اس پستول کا لائسنس ہے۔ دوسری طرف عوام نے انہیں شہر کی ترقی کیلئے منتخب کیا ہے، دہشت پیدا کرنے کیلئے نہیں اس لیے میونسپل کمشنر اور ضلع کلکٹر کو فوری طور پر متعلقہ کارپوریٹر کی رکنیت منسوخ کرنی چاہئے۔ اس طرح کا رد عمل جلگاؤں کانگریس کے ضلع صدر اویناش بھلے راو نے ظاہر کیا ہے۔