ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی ۷؍جھیلوں میں جولائی ۲۰۲۷ء کے آخر تک کاپانی ذخیرہ موجود ہے۔ شہر ومضافات کی ڈیڑھ کروڑ آبادی کو پانی کی قلت سےبچانےکیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 05, 2026, 11:43 AM IST | Agency | Mumbai
ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی ۷؍جھیلوں میں جولائی ۲۰۲۷ء کے آخر تک کاپانی ذخیرہ موجود ہے۔ شہر ومضافات کی ڈیڑھ کروڑ آبادی کو پانی کی قلت سےبچانےکیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
پانی کی قلت اور گرمی میں زیادہ پانی استعمال کئے جانے کے پیش نظر شہری انتظامیہ نے عوام سے پانی احتیاط سے استعمال کرنے کی اپیل کی ہے ساتھ ہی شہرومضافات میں جاری ۱۰؍فیصد پانی کٹوتی کو بڑھا کر ۲۰؍فیصد کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔ اطمینان بخش بارش کی کمی کی وجہ سے امسال ممبئی کے شہریوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے۔لہٰذا میونسپل کارپوریشن پانی کی قلت کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے پانی کٹوتی میں مزید ۱۰؍ فیصد اضافہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔ فی الحال ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی ۷؍جھیلوں میں جولائی ۲۰۲۷ء کے آخر تک کا ذخیرہ موجود ہے۔
ممبئی شہر میں اس وقت ۱۰؍ فیصد پانی کٹوتی جاری ہے اور یہ کٹوتی برقرار رہے گی لیکن جھیلوں میں پانی کی موجودہ سطح کو دیکھتے ہوئے ممبئی کی ڈیڑھ کروڑ آبادی کو جولائی ۲۰۲۷ء کے آخر تک ۱۰؍فیصدپانی کٹوتی کے باوجود پانی فراہم کرنا ممکن نہیں ہے۔
اس وقت ممبئی کو پانی فراہم کرنے والی ۷؍ جھیلوں میں ۸۴؍فیصد یعنی ۱۲؍لاکھ ۲۶؍ہزار ملین لیٹر پانی ذخیرہ ہے۔ ان جھیلوں سے روزانہ اوسطاً ساڑھے ۴؍ سے ۵؍ ہزار ملین لیٹر پانی نکالا جا رہا ہے جس کے مطابق شہری انتظامیہ کم ازکم ۸؍مہینے یعنی جون کے آخر تک پانی فراہم کرنے کے قابل ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ۲؍ بچوں کی پالیسی پر دوبارہ غور کی ضرورت ہے، آبادی تیزی سے کم ہو رہی ہے: سپریم کورٹ
پانی کی موجودہ ۱۰؍ فیصد کمی سے ۴۰۰؍ ملین لیٹرروزانہ پانی کی بچت ہو رہی ہے یعنی ماہانہ ۱۲؍ ہزار ملین لیٹر پانی کی بچت ہوتی ہے ۔ اگر جولائی ۲۰۲۷ء کے آخر تک تمام ۷؍ جھیلوں میں پانی کے موجودہ ذخیرے کوسپلائی کرنے کیلئے پانی میں مزید ۱۰؍ فیصد کمی کی جائے تو اوسطاً مزید ۴۰۰؍ملین لیٹر روزانہ پانی کی بچت ہوگی۔ اگر اضافی ۱۰؍فیصد کٹوتی مارچ ۲۰۲۷ء سے نافذکی جاتی ہے تو ۴؍ ماہ میں اوسطاً ۵۰؍ ہزار ملین لیٹر پانی کی بچت ہو گی۔
شہری انتظامیہ کےمطابق پانی کی کمی سے بچنے کیلئے ممبئی کے شہریوں کیلئے پانی کی بچت ہی واحد متبادل ہے۔ ممبئی میں پانی کا دباؤ انتہائی کم ہے، خاص طور پر بلند و بالا علاقوں اور کچی آبادیوں میں جس کے نتیجے میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوتی ہے۔ ممبئی کے شہریوں کو پانی فراہم کرنے والے اہم آبی ذخائر پر دباؤ کو کم کرنے اور اضافی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے میونسپل کارپوریشن نے ممبئی میں مقامی کنوؤں اور بورویلوں کی بحالی اور منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ میونسپل اہلکاروں کی ٹیم ممبئی میں روزانہ ہونے والے غیر قانونی کنکشن کے ذریعے پانی کے رسائو اور پانی کی چوری کا پتہ لگانے کیلئے خصوصی مہم چلا رہی ہے۔