پانی کی قلت اور بڑھتی مانگ کے پیش نظر وسیع منصوبے کے تحت بی ایم سی ابتدائی مرحلے میں ۵؍ مقامات پر کنویںاور’رین واٹر ہارویسٹنگ‘کا انتظام کرے گی۔
پانی کی شدید قلت اور بڑھتے مطالبات سے نمٹنے اور مرکزی حکومت کی پانی کی ذخیرہ اندوزی کی مہم کے پیش نظر ’برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن‘ (بی ایم سی) نے وسیع منصوبے کے تحت شہر و مضافات میں ۵؍ مقامات بشمول اسکولوں، فائر اسٹیشنوں اور وارڈ آفسوں پر بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے اور کنویں یا ’بور ویل‘ کھودنے کا منصوبہ بنایا ہے۔شہری انتظامیہ کا یہ منصوبہ مرکزی حکومت کے ’جل سنچئے جن بھاگیداری‘ مہم کی وجہ سے تیار کیا گیا ہے۔ اس مہم کے تحت ہر میونسپل کارپوریشن کی حدود میں زیر زمین پانی کے ’ری چارج‘ اور تحفظ کے انتظام کیلئے ۱۰؍ ہزار ڈھانچے تیار کرنے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔ شہر و مضافات میں بی ایم سی کے ۲۶؍ وارڈ ہیں اور ہر وارڈ میں شہری انتظامیہ کے پاس کنویں موجود ہیں۔
بی ایم سی ترجیحی طور پر پانی کے مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کررہی ہے جس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ شہر و مضافات میں پانی فراہم کرنے کیلئے مزید ذرائع پیدا کرنے کی ضرورت آن پڑی ہے۔ واضح رہے کہ اس سال ممبئی میں ۱۰؍ فیصد پانی کٹوتی جاری ہے۔اس پروجیکٹ سے یہ فائدہ ہونے کی امید ہے کہ مستقبل میں بارش کے پانی کو جمع کیا جاسکے گا اور زیر زمین پانی کی دستیابی کو بڑھایا جاسکے گا تاکہ پانی کی قلت کے وقت اسے استعمال میں لایا جاسکے۔کنوئوں اور ’رین ہارویسٹنگ‘ سے جمع بارش کے پانی کو پینے اور کھانے کے علاوہ دیگر کاموں میں استعمال میں لایا جاسکتا ہے جس کی وجہ سے کھانے پینے کیلئے زیادہ مقدار میں پانی دستیاب ہوسکتا ہے۔ مزید یہ کہ بارش کا جو پانی نالوں اور گٹروں کے راستے بہہ کر سمندر میں چلاجاتا ہے اور کسی کام نہیں آتا وہ رین ہارویسٹنگ سے کنوئوں اور زیر زمین پانی کی مقدار بڑھانے میں مدد کرے گا اور جمع شدہ پانی قحط سالی سے متاثرہ علاقوں میں بھی بھیجا جاسکتا ہے۔
سڑکیں دھونے پر ناراضگی
فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے بی ایم سی نے ۲۱۳؍ ٹینکروں کی مدد سے ۱۵۰؍ دنوں تک ۶۶۷؍ کلو میٹر طویل ۳۷۷؍ سڑکوں کو دھونے کا فیصلہ کیا ہے جس پر بی ایم سی ہائوس میں اپوزیشن لیڈر ، شیوسینا کارپوریٹر اور ممبئی کی سابق میئر کشوری پیڈنیکر نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ناسک اور تھانے وغیرہ میں ہفتے میں ۲؍ سے ۳؍ روز وقفے سے پانی سپلائی کیا جاتا ہے اور یہ حالت ممبئی کی نہ ہو اس کیلئے پانی کو سنبھال کر استعمال کرنا چاہئے۔ آئندہ سال بھی اگر بارش کم ہوئی تو پانی کا مسئلہ برقرار رہے گا۔
منتخب شدہ ۵؍ مقامات
جن ۵؍ مقامات پر بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی کا منصوبہ بنایا گیا ہے وہ ملنڈ (مغرب) فائر اسٹیشن، ملنڈ (مشرق) فائر اسٹیشن، ملنڈ (مغرب) میں واقع بی ایم سی ’ٹی۔ وارڈ آفس‘، بھانڈوپ (مغرب) میں بی ایم سی کا ’ایس۔وارڈ آفس‘ اور گھاٹ کوپر (مشرق) میں پنت نگر میں واقع بی ایم سی پبلک اسکول ہیں۔
گزشتہ برس ان مقامات پر انتظام کیا گیا
گزشتہ برس بی ایم سی نے اندھیری فائر اسٹیشن، ولے پارلے مارکیٹ، گوریگائوں میں واقع پہاڑی میونسپل اسکول اور سانتا کروز میں واقع بی ایم سی کے گٹروں کے نظام کی دیکھ ریکھ کے دفتر پر بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی کا انتظام کیا تھا۔ اس نظم سے یہ فائدہ ہوا کہ صرف اندھیری فائر اسٹیشن پر اس سال بارش کا ڈیڑھ لاکھ لیٹر پانی جمع کیا جاسکا۔