Inquilab Logo

سنتروں کی برآمد بڑھانے کیلئے ناگپور کو آرینج کلسٹر بنانے کا منصوبہ

Updated: February 17, 2020, 3:57 PM IST | Agency | Nagpur

خطہ ودربھ کے مشہور شہر ناگپور کو آرینج سٹی بھی کہا جاتا ہے کیوں کہ اس کے اطراف واقع سنتروں کے سیکڑوں باغات سے ہر سال ہزاروں ٹن سنترے نکلتے ہیں اور پوری دنیا میں ایکسپورٹ کئے جاتے ہیں۔

ناگپور دنیا میں سنتروں کے بڑے مارکیٹ میں سے ایک ہے۔ تصویر : آئی این این
ناگپور دنیا میں سنتروں کے بڑے مارکیٹ میں سے ایک ہے۔ تصویر : آئی این این

 ناگپور : خطہ ودربھ کے مشہور شہر ناگپور کو آرینج سٹی بھی کہا جاتا ہے کیوں کہ اس کے اطراف واقع سنتروں کے سیکڑوں باغات سے ہر سال ہزاروں ٹن سنترے نکلتے ہیں اور پوری دنیا میں ایکسپورٹ کئے جاتے ہیں۔ حکومت نے یہاں کے کاروبار کو فروغ دینے اور ناگپور سے سنتروں کا ایکسپورٹ منظم طریقے پر لانے کے لئے خصوصی کلسٹر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت ناگپور کے سنتروں کی برانڈنگ بھی کی جائے گی اور یہاں پر سنتروں اگانے والے کسانوں اور باغات کے مالکان کو خصوصی سہولتیں دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
 واضح رہے کہ ناگپور سے ہر سال ایک ہزار کروڑ روپے سے زائد کے سنترے بیرون ملک ایکسپورٹ کئے جاتے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ سنتروں کا ایکسپورٹ مشرق وسطیٰ کے ملکوں کو ہو تا ہے۔ حکومت کا ارادہ ہے کہ ناگپور اور اطراف کے شہروں میں باقاعدہ سنترہ مارکیٹ قائم کیا جائے ، وہاں کولڈ اسٹوریج بھی بنائے جائیں اور سنتروں کو ناگپور ایئر پورٹ تک لانے کیلئے ایک سپلائی چین میں تیار کی جائے تاکہ یہاں سے براہ راست سیکڑوں ٹن سنترے  مختلف ممالک میں سپلائی کئے جاسکیں۔ اس سلسلے میں منصوبہ تیار ہے جلد ہی اس کا نفاذ شروع کیا جائے گا۔حکومت اس تعلق سے ایک نوڈل ایجنسی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جو تمام امور کو انجام دے گی۔
 اس بارے میں حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وسطی اور جنوبی ہند میں اس وقت سنتروں کی جو قسم اگائی جارہی ہے اسے دنیا کی چند بہترین قسموں میںسے ایک مانا جاتا ہے۔ اسی لئے یہ ضروری ہے کہ ہم  اپنے وسائل کو پہچانیں اور ان کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔ ناگپور کا سنترہ  دنیا کے سب سے میٹھے سنتروں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے اور یہی ہمارے لئے سب اہم ہے۔ ذرائع کے مطابق اس قسم کو ہم مارکیٹنگ میں بھی استعمال کرسکتے ہیں اور اس کی برانڈنگ کے لئے بھی اقدامات کرسکتے ہیں۔ 
   واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ہی ناگپور کے سنتروں کے ۱۵؍ سو کریٹس متحدہ عرب امارات سپلائی کئے گئے ہیں۔ ان ممالک میں سنتروں کی مانگ بہت زیادہ ہے اور اب تک وہاں پر فلوریڈا، ترکی  اور اطراف کے ملکوں کے سنترے فروخت ہوتے تھے لیکن اب ہندوستانی سنترے بھی اپنی شناخت بنارہے ہیں کیوں کہ حکومت کو اس سلسلے میں انکوائری مل رہی ہے۔ یو اے ای میں اس وقت کی  سنتروں کی اس قسم کی سپلائی کم رہتی ہے اس لئے ناگپور کے سنترہ کسانوں کے لئے یہ بہت بڑا موقع ہے کہ وہ اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئےاپنا مال وہاں پہنچانے کی کوشش کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK