Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرناٹک میں وزیر اعظم مودی کے ہاتھوں تین وندےبھارت ٹرینوں کا افتتاح

Updated: August 11, 2025, 12:45 PM IST | Agency | Bengaluru

وزیر اعلیٰ سدا رمیا کی موجودگی میں بنگلور تا بیلگاوی ٹرین کو موقع پر ہری جھنڈی دکھائی جبکہ کٹرا تا امرتسراورناگپور تا پونے ٹرین کا ریموٹ کنٹرول سے افتتاح کیا۔

Modi flagging off Bangalore to Belagavi Vande Bharat train. Photo: INN
بنگلور تا بیلگاوی وندے بھارت ٹرین کو مودی ہری جھنڈی دکھاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

وزیر اعظم مودی  اتوار کو کرناٹک کے دورہ پر تھے جہاں بنگلور سے انہوں نے مزید تین  وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائی اورہندوستان کی معاشی ترقی کا بھی ذکر کیا ۔انہوں نے کافی دنوں سے منتظر بنگلور-بیلگاوی کو خود ہری جھنڈی دکھائی جبکہ شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا-امرتسر اور ناگپور تا پونے    وندے بھارت خدمات کی شروعات ڈیجیٹل  واسطے سے کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے ساتھ کرناٹک کے گورنر تھاور چند گہلوت، وزیر اعلیٰ سدارمیا، مرکزی وزیر ریل اشوینی ویشنو سمیت کئی دیگر افراد موجود تھے۔اس سے پہلے وزیر اعظم مودی جب اپنے قافلہ کے ساتھ کے سی آر ریلوے اسٹیشن کی طرف بڑھے تو سڑک کی دونوں جانب کھڑے لوگوں نے ’مودی-مودی‘ کے نعروں کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔ مودی نے بھی اپنی کار کے اندر سے ان کا ہاتھ ہلا کر شکریہ ادا کیا ۔ اس کے بعد وزیر اعظم بنگلور اسٹیشن پہنچے اور ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی۔ بعد میں وزیر اعظم نے بنگلور میٹرو کی یلو لائن کا بھی افتتاح کیا۔ اس میں انہوں نے وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار سمیت دیگر لیڈروں کے ساتھ سفر بھی کیا اور طلبہ سے بھی بات چیت کی  ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے  اس موقع پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا نام لیے بغیر ان کے ذریعے ہندوستان کو ’ مردہ معیشت ‘ قراردینے کا جواب دیا۔ مودی نے بنگلور میں کہا کہ ہندوستان دنیا میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہے۔ ہم ۱۰؍نمبر سے ۵؍ پر آگئے ہیں۔ جلد ہی ٹاپ۳؍ میں ہوں گے۔ یہ طاقت اصلاح، کارکردگی اور تبدیلی سے آئی ہے۔ ملکی کامیابیوں کا پرچم آسمان پر بلند ہو رہا ہے۔ واضح رہےکہ امریکی صدر نے ۳۱؍ جولائی کو ہندوستان پر ۲۵؍ فیصد ٹیرف لگا کر ہندوستان اور روس کو مردہ معیشت قرار دیا تھا۔ ٹرمپ نے کہا تھاکہ  ہندوستان  اور روس کو اپنی معیشتوں کے ساتھ ڈوبنے دیں، مجھے کیا فرق پڑتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK