نیپال، مالدیپ، مصر، بیلاروس، تاجکستان، ویتنام اور قزاقستان کے اعلیٰ لیڈروں سےملاقات میںوزیر اعظم نے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
EPAPER
Updated: September 01, 2025, 3:37 PM IST | Agency | Tianjin/New Delhi
نیپال، مالدیپ، مصر، بیلاروس، تاجکستان، ویتنام اور قزاقستان کے اعلیٰ لیڈروں سےملاقات میںوزیر اعظم نے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز یہاں تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس کے دوران نیپال، مالدیپ، مصر، بیلاروس، تاجکستان، ویتنام اور قزاقستان کے اعلیٰ لیڈروں سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے موضوعات پر گفتگو کی۔
مودی سنیچر کو دو روزہ دورے پر یہاں پہنچے تھے ۔اتوار کو انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کیے۔ اس کے بعد انہوں نے مختلف عالمی لیڈروں کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں کے بعد مودی نے سوشل میڈیا پر سلسلہ وار پوسٹس میں اس بارے میں معلومات فراہم دیں۔انہوں نے کہا’’ تیانجن میں نیپال کے وزیر اعظم کے پی اولی سے مل کر خوشی ہوئی۔ نیپال کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات گہرے اور انتہائی خاص ہیں۔‘‘
ایک اور پوسٹ میں انہوں نے کہا، “تیانجن میں ایس سی او سربراہی اجلاس کے دوران مالدیپ کے صدر معیزو سے بات چیت کی۔ مالدیپ کے ساتھ ہندوستان کا ترقیاتی تعاون ہمارے لوگوں کے لیے نہایت فائدہ مند ہے۔‘‘
مصر کے وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد انہوں نے کہا’’ایس سی او سربراہی اجلاس میں مصر کے وزیر اعظم مصطفیٰ مدبولی سے ملاقات ہوئی۔ چند برس قبل کا اپنا مصر کا دورہ یاد آیا۔ ہندوستان -مصر دوستی ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔‘‘
ایک اور پوسٹ میں انہوں نے کہا، ’’ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ جہاں تک ہمارے ممالک کا تعلق ہے، ہم دونوں ہی مستقبل میں آنے والے فائدہ مند مواقع کے حوالے سے بہت پرامید ہیں۔‘‘وزیراعظم مودی نے کہا’’تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے بات کرکے ہمیشہ خوشی ہوتی ہے ۔ ہندوستان کے تجارتی اور ثقافتی تعلقات بڑھ رہے ہیں اور یہ ایک شاندار اشارہ ہے۔‘‘ایک اور پوسٹ میں انہوں نے کہا، ’’قزاقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کے ساتھ خیالات کا معنی خیز تبادلہ ہوا۔ ہمارے ممالک توانائی، سلامتی، صحت عامہ اور فارما سمیت کئی اہم شعبوں میں مل کر کام کر رہے ہیں ۔‘‘ انہوں نے کہا’’ویتنام کے وزیر اعظم فام مِنه چِنه کے ساتھ معنی خیز گفتگو ہوئی۔ ہندوستان ویتنام کے ساتھ دفاع، تجارت، صاف ستھری توانائی اور دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید گہرا بنانا چاہتا ہے۔‘‘
چین بیلاروس کے ساتھ ہاتھ ملانے کیلئے تیار
چین کے صدر شی جن پنگ نے اتوار کے روز کہا کہ وہ بیلاروس کے ساتھ ہاتھ ملانے کے لیے تیار ہیں۔صدر شی نے شمالی چینی شہر تیانجن میں بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے ملاقات کے دوران یہ بات کہی۔ چینی صدر نے کہا کہ جب انسانیت ایک دوراہے پر کھڑی ہو تو وہ سچے اورکثیرجہتی تعلقات کے فروغ کے لیے بیلاروس کے ساتھ مل کر کام کرنے اور عالمی امن، ترقی اور باہمی فائدے پر مبنی تعاون میں مشترکہ کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔