Inquilab Logo

اعظم گڑھ اب ’ترقی کا گڑھ‘ بن چکا ہے : وزیر اعظم مودی

Updated: March 11, 2024, 2:00 PM IST | Agency | Azamgarh

مودی کے ہاتھوں یو پی میں اعظم گڑھ، شراوستی، چترکوٹ، علی گڑھ ایئرپورٹ اور لکھنؤ کے چودھری چرن سنگھ ایئرپورٹ کے نئے ٹرمینل کا افتتاح ، اعظم گڑھ کو سہیل دیو۔ اسٹیٹ یونیورسٹی کی بھی سوغات دی ، یہاں سے دیگر ریاستوں میں بھی متعدد پروجیکٹو ں کا سنگ بنیاد رکھا ،مودی نے کہا’’ اعظم گڑھ اب سے ہمیشہ ترقی کا گڑھ ہی رہے گا۔ ‘‘

Prime Minister Modi and Chief Minister Yogi Adityanath at Azamgarh. Photo: PTI
وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اعظم گڑھ میں۔ تصویر :پی ٹی آئی

وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو اترپردیش کے ضلع اعظم گڑھ میں ۳۴؍ہزار ۷۰۰؍ کروڑ کے ۷۸۲؍ پروجیکٹوں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھنے کے بعد کہا کہ ۲۰۲۴ء میں جن پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے انہیں انتخابی زاوئیے سے نہ دیکھا جائے۔  میں دوسری مٹی کا بنا ہوں، کیونکہ پہلے الیکشن کے موسم میں لیڈر پتھر لگا دیتے تھے۔ پھر پتھر بھی غائب اور نیتا بھی غائب ہوجاتے تھے۔ میں ۲۰۴۷ء تک ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے عزم کے ساتھ دوڑ رہا ہوں اور ملک کو بھی تیز رفتاری سے دوڑا رہا ہوں۔ ۲۰۱۹ء میں ہم نے جن ترقیاتی کاموں کے سنگ بنیاد رکھے تھے، ان کے افتتاح ہوچکے ہیں۔ اعظم گڑھ کا نام لے کر انہوں نے کہا کہ پہلے اعظم گڑھ جرائم اور مافیا کا گڑھ تھا لیکن ۱۰؍سال میں  اعظم گڑھ کی پہچان بدل گئی ہے۔ اعظم گڑھ اب ترقی کا گڑھ بن چکا ہے اور اب سے ہمیشہ ترقی کا گڑھ ہی رہے گا۔ 
پوروانچل میں ایک طرح سے لوک سبھا الیکشن کی تشہیری مہم کا آغاز کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپوزیشن پر سخت تنقید کی۔ انہوں  نے کہا کہ اعظم گڑھ کی یہ ترقی ذات پرستی، کنبہ پروری اور ووٹ بینک کے بھروسے بیٹھے ’انڈیا‘ اتحاد کی نیند اڑا رہی ہے۔ پوروانچل نے دہائیوں تک ذات پرستی اور منھ بھرائی کی سیاست دیکھی ہے۔ اب گزشتہ ۱۰؍ سال سے یہ علاقہ ترقی کی سیاست دیکھ رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی سنیچر کی رات اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی پہنچے تھے۔ اتوار کی صبح وہاں  انہوں نے بی جے پی کے ’پنا پرمکھوں ‘ کے ساتھ ملاقات کی اور پارلیمانی الیکشن کے تعلق سے تبادلۂ خیال کیا۔ اس کے بعد وہ اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اعظم گڑھ پہنچے جہاں انہوں نے ایئرپورٹ اور مہاراجہ سہیل دیو اسٹیٹ یونیورسٹی کے ساتھ ہی یوپی سمیت ۷؍ ریاستوں مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، دہلی، پنجاب، کرناٹک، آندھرا پردیش کےمتعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعظم مودی نے اعظم گڑھ، شراوستی، چترکوٹ اور علی گڑھ ایئرپورٹ اور لکھنؤ کے چودھری چرن سنگھ ایئرپورٹ کے نئے ٹرمینل کا ورچوئل افتتاح کیا۔ انہوں  نے مہاراجہ سہیل دیو اسٹیٹ یونیورسٹی اعظم گڑھ کو بھی عوام کے نام وقف کیا جس کی تعمیر میں  ۱۰۸؍کروڑ کی لاگت آئی۔ 
 اس کے علاوہ انہوں نے یوپی کے ۵۹؍اضلاع میں تعمیر ۵۳۴۲؍ کلومیٹر کی شاہراہوں کو بھی ورچوئلی عوام کو معنون کیا۔ ان سبھی سڑکوں کی تعمیر ’پی ایم گرام سڑک یوجنا‘ کے تحت کی گئی ہے اور اس میں ۳۷۰۰؍ کروڑ خرچ ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نے متعدد ریاستوں کے ۱۲؍ ریلوے پروجیکٹوں کے بھی افتتاح و سنگ بنیاد کی رسم انجام دی وہیں پریاگ راج، اٹاوہ اور جونپور اضلاع میں ’نمامی گنگے یوجنا‘ کے تحت ۱۱۱۴؍ کروڑ کے سیویج پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج صرف اعظم گڑھ ہی نہیں بلکہ کئی ریاستوں کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح یہاں سے ہورہا ہے۔ جس اعظم گڑھ کو ملک کے پچھڑے علاقوں میں شمار کرتے تھے آج وہی ملک کے لئے ترقی کا نیا باب لکھ رہا ہے۔ 
 اس موقع پر انہوں نے سابقہ حکومتوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے کی حکومتوں کا یہ مزاج بن گیا تھا کہ وہ الیکشن کے دنوں میں آکے پتھر نصب کرکے عوام کو بیوقوف بناتے تھے اور پھر غائب ہوجاتے تھے۔ ان کی ہمت تو یہاں تک ہوگئی تھی کہ پارلیمنٹ میں بھی انتخابی فائدہ کیلئے اعلانات کردیتے تھے اور الیکشن کے بعد اس پر خاموش ہوکر بیٹھ جاتے تھے۔ انہوں نے گنا کسانوں کو بروقت ادائیگی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بی جےپی کی حکومت ہے جس نے گنا کسانوں کا ہزار کروڑ روپئے کا بقایہ ختم کرایا۔ 
 انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں ڈبل انجن کی حکومت نے اترپردیش میں لاکھوں کروڑوں روپئے کے ترقیاتی کام کرائے ہیں۔ اس سے نہ صرف یوپی کا انفراسٹرکچر بدلا ہے بلکہ نوجوانوں کیلئے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ اب یوپی کی پہچان ریکارڈ سرمایہ کاری، گراونڈ بریکنگ سریمنی، ایکسپریس وے کے نیٹ ورک اور ہائی وےسے ہورہی ہے۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی خطاب کیا اور اعظم گڑھ کی ترقی کا سہرہ ڈبل انجن کی سرکار کے سر باندھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK