وزیراعظم مودی کی ایرانی صدر سے گفتگو، سفارتکاری کوترجیح دینے کا مشورہ دیا۔
EPAPER
Updated: June 23, 2025, 10:48 AM IST | Agency | New Delhi
وزیراعظم مودی کی ایرانی صدر سے گفتگو، سفارتکاری کوترجیح دینے کا مشورہ دیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ایران-اسرائیل تنازع میں امریکی حملے کے بعد اتوار کی سہ پہر ایرانی صدر مسعود پیزشکیان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور تنازع کے بڑھنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کشیدگی کے فوری خاتمے اور’’مذاکرات اور سفارتکاری‘‘ کو ترجیح دینے کا مشورہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ ہندوستان امن اورانسانیت کے ساتھ ہے۔
ایرانی صدر سے ہونےوالی گفتگو کی اطلاع خو د وزیراعظم نے’ایکس‘ (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پوسٹ کے ذریعہ دی۔ مودی نے بتایاکہ انہوں نے ’’علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کی بحالی کیلئے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے، مذاکرات اور سفارت کاری کی اپیل کااعادہ‘‘ کیا ہے۔ وزارت خارجہ نے بعد میں ایک بیان میں بتایا کہ ایرانی صدر پیزشکیان نے وزیر اعظم کو ٹیلی فون کیا تھا۔ انہوں نے وزیر اعظم کو تفصیل سے جانکاری دی اور خطے کی موجودہ صورتحال بالخصوص ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع پر اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے گفتگو کے دوران کہا کہ’’ ہندوستان امن اور انسانیت کے حق میں ہے۔‘‘