Updated: September 27, 2023, 1:37 PM IST
| New Delhi
وزیرا عظم نریندرمودی نے گجرات میں وائبرنٹ گجرات کے اجلاس کو۲۰؍ سال مکمل ہونے پر منعقد کی جانے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد ہندوستان کو عالمی ترقی کا انجن بنانا ہے اور جلد ہی ہندوستان عالمی معیشت کا پاور ہاؤس بن کر ابھرے گا۔ یقین دہانی کروائی کہ۵؍ سال بعد ہندوستان دنیا کی ۳ ؍ بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی۔ تصویر: پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ان کا مقصد ملک کو عالمی ترقی کا انجن بنانا ہے اور امید ظاہر کی کہ ہندوستان جلد دنیا کا معاشی پاور ہاؤس بن کر ابھرے گا۔ انہوں نے وائبرنٹ گجرات کے اجلاس کو ۲۰؍ سال مکمل ہونے پر ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ۲۰؍سال پہلے وائبرنٹ گجرات کے بیج بوئے تھے جو اب بڑا درخت بن کر ابھرا ہے۔ اس حوالے سے مودی نے کہا کہ ہم نے گجرات کو ملک کی ترقی کا انجن بنانے کیلئے وائبرنٹ گجرات منعقد کیا تھا۔ ۲۰۱۴ء کے بعد سے ہمارا مقصد ملک کو عالمی ترقی کا انجن بنانا ہے۔ ہم آج اس فیز میں کھڑے ہیں کہ ہندوستان جلد ہی عالمی معیشت کا پاور ہاؤس بن کر ابھرے گا۔
انہوں نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو گارنٹی دیتا ہوں کہ آج سے ۵؍ سال بعد ہماری آنکھوں کے سامنے ہندوستان دنیا کی ۳؍ بڑی معیشتوں میں سے ایک ہوگا۔ نشاندہی کی کہ کس طرح وائبرنٹ گجرات کی تقریبات ایک چھوٹی سی شروعات سے ہوا اور اب وہ ایک انسٹی ٹیوشن میں تبدیل ہوگیا ہے۔ انہوں نے وائبرنٹ گجرات کی ترقی کے حوالے سے کہا کہ سوامی وویکانند نے کہا تھا کہ ہر کام ۳؍ مراحل سے ہو کر گزرتا ہے۔ پہلا مرحلہ یہ کہ اس کا مذاق اڑایا جاتا ہے۔ ۲؍ مرحلہ یہ کہ اسے مخالف کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور تیسرا مرحلہ یہ کہ اسے قبول کر لیا جاتا ہے۔ خاص طور پر جب خیال وقت سے آگے ہوتا ہے۔