یوم ماحولیات پرسماجی تنظیموں اور سرکاری افسران کواعزاز، پولیس کی سائیکل ریلی

Updated: June 06, 2022, 10:24 AM IST | Iqbal Ansari/Nadeem Asran | Mumbai

’ماجھی وسندھرا ابھیان-۲‘ کے تحت ماحولیات کے تحفظ کےلئے بہترین کام کرنے والوںکی وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ نے حوصلہ افزائی کی۔ کہا :پائیدار ترقی اسی صورت میں ممکن ہے جب ماحولیات کا تحفظ ہواور اس کیلئےشہریوں کا تعاون بھی ضروری ہے۔ پولیس کی جانب سے منعقدہ ریلی میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی

At a function held at NCPA Hall, social volunteers and government officials working for the protection of environment are being honored..Picture:INN
این سی پی اے ہال میں منعقدہ تقریب میں ماحولیات کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے سماجی رضاکاروں اور سرکاری افسران کو اعزاز سے نوازا جارہا ہے۔تصویر: پی ٹی آئی

 عالمی یوم ماحولیات کےموقع پر وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور نائب وزیراعلیٰ  کے ہاتھوں سماجی تنظیموں اور سرکاری افسران کو ماحولیات کے تحفظ کیلئے کام کرنے پر اعزاز سے نوازا گیا۔ اسی دن کی مناسبت سے پولیس کی جانب سے سائیکل ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا۔ عالمی یوم ماحولیات پر منعقدہ پروگرام میں وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے نے کہا کہ ’’ماحولیات میں ہونے والی تبدیلیوں کی وجہ سے مختلف آفات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس لئے ماحولیات کے تحفظ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے پیش نظر ہمیں کرۂ ارض کا خیال رکھتے ہوئے پائیدار ترقی کی طرف بڑھنا ہو گا اور اس کیلئے مشترکہ کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ آئیے، ہم سب مل کر اس ذمہ داری کو پورا کریں۔‘‘ اسی دوران نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے زور دے کر کہا ہے کہ ماحولیات کے تحفظ کیلئے شہریوں کا تعاون درکار ہے اور بچوں میں ماحولیات کے تحفظ کیلئے بیداری لانے کیلئے اسکولی نصاب میں اسے شامل کرنا چاہئے۔
 وزیر اعلیٰ کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو روکنے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس کے ایک حصے کے طور پر ریاست کے مقامی اداروں میں `’ماجھی وسندھرا ابھیان - ۲ء۰ ‘ شروع کیا جا رہا ہے تاکہ ایک  ماحول کو خوشگوار بنایا جا سکے۔ ‘‘ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، وزیر محصولات بالا صاحب تھورات اور ماحولیات کے ریاستی وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر نریمان پوائنٹ کے این سی پی اے ہال میں منعقدہ تقریب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بلدیاتی اداروں، ڈویژنل اور ضلعی سطح کے عہدیداروں کو اعزاز سے نوازا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کی اہلیہ رشمی ٹھاکرے، پرنسپل سیکریٹری ماحولیات منیشا مہیسکر، آلودگی کنٹرول بورڈ کے چیئرمین آبا صاحب جرہاڈ، ممبرسیکریٹری اشوک شنگارے اور دیگرافراد موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’  ہم سب ایک ٹیم ہیں اور ’ماجھی وسندھرا ابھیان(مائی ارتھ مہم)‘ اس  کی ایک بہترین مثال ہے کہ اگر ہم سب مل کر کام کریں تو کوئی بھی منصوبہ  کامیاب ہو سکتا ہے۔ ‘‘انہوں نے ریاست کے کونے کونے میں تمام افراد کی شرکت پر خوشی کا اظہار کیا۔  انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ترقی ضرور ہونی چاہئے لیکن اس کیلئے ماحولیات کو نقصان نہیں پہنچانا چاہئے۔ گزشتہ برسوںمیں چند دنوں میں شدید بارش ہوئی، چٹان کھسکنے کے واقعات ہوئے  ان نقصانات سے آنے والی نسلوں کی بچانے کیلئے ریاستی حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے ۔کرۂ ارض اور ماحولیات کے تحفظ کیلئے اپنے پرانے کلچر کو دوبارہ قائم کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘وزیراعلیٰ کے مطابق ’’ ترقی کسے کہا جائے، اس پر غور کرنے کا وقت آگیا ہے۔ہم نے ماحولیات اور جنگلی جانوروں کے تحفظ کیلئے ایک طویل سفر طے کیا ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ درختوں سے آکسیجن کی ضرورت کووڈ کے دور میں سب سے زیادہ محسوس کی گئی۔  ادھوٹھاکرے نے کہا کہ ’’ممبئی جیسا جنگلات سے مالا مال شہر دنیا میں کہیں نہیں ملتا، ماحولیات کے تحفظ کیلئے جو کام آج ہو رہا ہے، اس کا ثمر شاید اب نظر نہ آئے لیکن اس سے آنے والی نسلوں کو ضرور فائدہ پہنچے گا۔‘‘ انہوں نے ان تمام لوگوں کو مبارکباد دی جنہوں نے ماحولیات کے تحفظ کیلئے بہترین کام کیا ہے۔
 ’سائیکل چلاؤ شہر بچاؤ‘ ریلی میں ۵ ؍ ہزار شہریوں کی شرکت
  عالمی یوم ماحولیات پر شہریو ں میں بیداری لانے کیلئے ممبئی پولیس نے اتوار کو’ ` سائیکل چلاؤ شہربچاؤ‘مہم  کے تحت ریلی کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر شہر و مضافات اور اطراف کے۵؍ ہزارشہریوں نے اس مہم میں حصہ لیا ۔ شہر کو فضائی اور صوتی آلودگی سے پاک رکھنے کے مقصد سے چلائی جانے والی اس مہم کے تحت سائیکل ریلی کو جوائنٹ کمشنر آف لاء اینڈ آرڈر وشواس ناگرے پاٹل اور ٹریفک کے ڈپٹی پولیس کمشنر راج تلک روشن نے ہری جھنڈی دکھائی ۔ غیر سرکاری تنظیم کے اشتراک سے شروع کی جانے والی اس مہم میں شامل سائیکل سواروں نے۷؍ بجکر۳۰؍ منٹ پر باندرہ  ریکلیمیشن سے اپنا سفر شروع کیا تھا اور  باندرہ ورلی سی لنک  سے ہوتے ہوئے مہا لکشمی ریس کورس پہنچے جہاں ریلی  کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران  اور اہلکار موجود تھے ۔  وشواس ناگرے پاٹل نے اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے والے سائیکل سواروں اور منتظمین کا شکریہ اداکیا اورماحولیات کے تحفظ کیلئے سائیکل کے استعمال کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK