Inquilab Logo

آزاد میدان میں نمازِ عید کی ادائیگی کی پولیس نےاجازت نہیں دی

Updated: April 10, 2024, 3:58 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

جوائنٹ پولیس کمشنر سے ملاقات کی گئی تھی۔ ۶؍دہائیوں سے زیادہ وقت سے یہاں عیدین کی نمازادا کی جاتی رہی ہے۔

Earlier Eid prayers were offered in Azad Maidan. Photo: INN
آزاد میدان میں پہلے عیدین کی نماز ادا کی جاتی تھی۔ تصویر: آئی این این

آزاد میدان میں عیدالفطر کی نمازکی ادائیگی کی پولیس نے اجازت نہیں دی۔ ۶؍دہائی سے زیادہ وقت سے یہاں عیدین کی نمازادا کی جاتی رہی ہے لیکن حیرت انگیز طور پر اس دفعہ پولیس نےنماز کیلئے اجازت دینے سےانکارکردیا۔ آزاد میدان میں کورونا بحران میں اوراس سے قبل بارش کے سبب کئی برس تک نمازکی ادائیگی نہیں کی جاسکی تھی لیکن منتظمین کی جانب سے ضابطوں کی خانہ پُری بہرحال کی جاتی ہے تاکہ ریکارڈ موجود رہے۔ منتظمین کی جانب سے یہ بھی بتایا گیاکہ اس تعلق سے منتظمین کے درمیان ہی کریڈ ٹ کیلئے بھی رسہ کشی کا معاملہ رہا، اس صورتحال کے لئے کسی حد تک اس کا بھی دخل ہے۔ اس کے علاوہ منتظمین کی جانب سے دیگرسوالات بھی قائم کئے جارہے ہیں۔ 
پولیس میں اجازت لینے کیلئے جانے والے شعیب خطیب سے استفسار کرنے پر انہوں نے نمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ’’ انہوں نے جوائنٹ پولیس کمشنر لاء اینڈ آرڈر ستیہ نارائن چودھری سے ملاقات کی اوران کو تفصیلات بتانے کے ساتھ برسہا برس سے آزاد میدان میں عیدین کی نمازکی ادائیگی کا حوالہ دیا مگر انہوں نے صاف لفظوں میں کہاکہ یہاں نمازکی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ اجتماعات اوردیگر پروگراموں کی اجازت دی جاتی ہے، اس کیلئے آئندہ بھی اجازت ہوگی مگرنماز کیلئے نہیں دی جاسکتی۔ ‘‘ شعیب خطیب کے مطابق ’’جوائنٹ پولیس کمشنرلاء اینڈ آرڈر ستیہ نارائن چودھری نے یہ بھی کہاکہ اسی طرح گنپتی بٹھانےوالے بھی اجازت مانگ رہے ہیں اوردوسرے طبقے کے لوگ بھی اپنے مذہبی امور کی انجام دہی کے لئے اجازت کےخواہاں ہیں۔ ‘‘
آزادمیدان میں ۳۰؍برس سے عیدین کی نمازکے انتظام میں شامل محمدنعیم محمد سلیم کڑا والا نے انقلاب کوبتایاکہ’’پولیس کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی ہے لیکن اس سے ہمیشہ کیلئے مسئلہ ختم نہیں ہوگیا ہے بلکہ آئندہ یہ کوشش ہوگی کہ اجازت حاصل کی جائے اور سابقہ روایات کے مطابق عیدین کی نمازکی ادائیگی کاسلسلہ جاری رہ سکے۔ ‘‘ 
شعیب خطیب کودیئے گئے جوائنٹ سی پی لاء اینڈ آرڈر ستیہ نارائن چودھری کے جواب سے یہ سوال قائم ہوتا ہے کہ اگرآج اجازت نہیں دی جاسکتی تواس سے قبل ۶؍دہائیوں سے زائد وقت سے شہری انتظامیہ اوردیگر ایجنسیوں کے ساتھ پولیس کی جانب سے نماز کی اجازت کیسے دی گئی ؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK