Inquilab Logo

پولیس کو مظاہروں کا ڈر،جمعہ کو ملک بھرمیں مساجدکےباہر ہائی الرٹ جیسی صورتحال رہی

Updated: June 18, 2022, 1:46 PM IST | Agency | Lucknow

یوپی میں بطور خاص مسلم اکثریتی علاقوں میں چپہ چپہ پر سیکوریٹی اہلکاروں کو تعینات رکھاگیا، بہار اور جھارکھنڈ  بھی مستعد رہے،سوشل میڈیا کی بھی نگرانی کی گئی

A large number of police can be seen outside the mosque in Atala, Allahabad..Picture:INN
الہ آباد کے اٹالہ میں مسجد کے باہر پولیس کی بھاری تعداد دیکھی جاسکتی ہے۔۔ تصویر: آئی این این

گزشتہ ہفتے نماز جمعہ کے بعد بغیر کسی اعلان کے اور بغیر کسی قائد کے ملک بھر میں نپور شرما کے خلاف احتجاج اوراس کے دوران تشدد پھوٹ پڑنے کی بنا پر اس ہفتے جمعہ کو پورے ملک میں مساجد کے باہر الرٹ کی سی کیفیت رہی۔  بہرحال ملک کے کسی بھی حصے سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ہے۔  اس دوران یوپی میں  خاص طور پر مستعدی برتی گئی جبکہ بہار اور جھارکھنڈ  بھی الرٹ رہے اور سوشل میڈیا پر خصوصی نظر رکھی گئی۔  اتر پردیش میں نماز جمعہ کے پرامن طریقے سے مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اتر پردیش حکومت نے  سہارنپور اور پریاگ راج سمیت دیگر اضلاع میں نماز جمعہ کے بعد تشدد اور ہنگامہ آرائی سے متاثرہ علاقوں میں پرامن طریقے سے نماز ادا کئے جانے کی معلومات دی ہے۔  ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (امن و قانون) پرشانت کمار نے  بتایا کہ دوپہر تقریباًڈھائی  بجے تک ریاست میں نماز جمعہ کے حوالے سے صورتحال پرامن ہے۔ کہیں سے بھی کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس اور انتظامیہ اور مذہبی رہنماؤں کی کوششوں سے سب کچھ پرامن طریقہ سے مکمل ہو گیا ۔خیال ر ہے کہ گزشتہ ہفتے جمعہ کی نماز کے بعد الہ آباد، فیروز آباد، بریلی، سہارنپور اور دیوبند سمیت دیگر اضلاع میں تشدد اور ہنگامہ آرائی کے واقعات ہوئے تھے۔   الہ آباد کے ضلع مجسٹریٹ اور پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ نے ضلع میں پرامن طریقہ سے جمعہ کی نماز ادا کئے جانے کی اطلاع دی۔ ضلع کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اجے کمار نے بتایا کہ  الہ آباد   کے دیہی اور شہری علاقوں کی تمام مساجد میں نماز جمعہ پرامن طریقے سے ادا کی گئی ۔ ضلع مجسٹریٹ سنجے کمار کھتری نے کہا کہ گزشتہ جمعہ کو احتجاج کا مرکز بنے اٹالہ مسجد کے علاقے میں  ایک نئی مثال پیش کرتے ہوئے امن قائم رہا۔ کھتری نے کہا کہ جمعہ کی نماز پرامن طریقے سے ادا کی گئی اور تمام علاقوں میں بازار معمول کے مطابق کھلے ہیں کہیں  کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK