Inquilab Logo

نائٹ کرفیو کے پیش نظر ناگپاڑہ اور آگری پاڑہ میں پولیس کا فلیگ مارچ

Updated: March 30, 2021, 6:14 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

لوگوں سے گھروںمیں رہنے کی اپیل، ماسک پہننے اورسوشل ڈسٹینسنگ کی درخواست کی گئی، جنوبی ممبئی میں ناکہ بندی ، پولیس نے دکانیں بندکروائیں

Mumbai Police - Pic : INN
ممبئی پولیس ۔ تصویر : آئی این این

کوروناوائر س کے معاملات میں اضافے کےسبب ریاستی حکومت نے اتوار سے ریاست بھر میں رات ۸؍سےصبح ۷؍بجے تک کرفیو نافذکردیا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ ۲؍دن سے رات کےکرفیو سے متعلق شہریوں میں بیداری لانے کیلئے جنوبی ممبئی کے ناگپاڑہ ، آگری پاڑہ اور دیگر علاقوںمیں پولیس فلیگ مارچ کررہی ہے۔ علاوہ ازیں لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کرفیو کے دوران گھروں میں رہیں ، ماسک پہنیں اور ایک دوسرے سے فاصلہ بنائے رکھیں۔ 
 محمد علی روڈ اور اطراف کےعلاقوں میں اتوار کو ۸؍بجے پولیس کو دکانیں بند کراتے ہوئے  دیکھا گیا۔
 ناگپاڑہ پولیس اسٹیشن کیلئے انائونسنگ کی ذمہ داری ادا کرنے والے سماجی کارکن تاج قریشی نے بتایاکہ ’’ اتوار کو رات ۸؍بجے سے کرفیو نافذ کئے جانے کی اطلاع شہریوں تک پہنچانے اور کرفیومیں بے وجہ گھروں سے باہر نہ نکلنے کی اپیل کیلئے ناگپاڑہ پولیس اسٹیشن کے اعلیٰ افسران نے ناگپاڑہ جنکشن سے فلیگ شروع کیا تھا۔ ناگپاڑہ، مدنپورہ، مورلینڈروڈ ،ممبئی سینٹرل، عرب گلی اور کماٹی پورہ کے متعدد علاقوں میں فلیگ مارچ کیاگیا۔ اس دوران کرفیو میں لوگوں سے گھر وں میں رہنےکی اپیل کی گئی  ساتھ ہی ماسک پہننے اور  سماجی دوری بنائے رکھنے کی تلقین بھی کی گئی۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ناگپاڑہ کے علاوہ آگری پاڑہ پولیس اسٹیشن نے بھی اسی طرح فلیگ مارچ کیااورعلاقے کے لوگوں سے کرفیو کےاُصولوں پر عمل کرنےکی درخواست کی۔‘‘
  محمد علی روڈ کے سماجی کارکن امین پاریکھ نے بتایاکہ ’’اتوار کو اطراف کے علاقوںمیں متعددمرتبہ پولیس اہلکار گشت کرتے دکھائی دی۔ رات کو ۸؍بجے کےبعد مینارہ مسجد کے قریب پولیس کو مٹھائی وغیرہ کی دکانوں کوبندکراتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔‘‘
 اسی طرح نل بازار میں پولیس  اہلکار گاڑی والوں کی چیکنگ کرتے دکھائی دیئے۔ 
 مورلینڈر وڈکےعلاقےمیں بھی اتوار کو رات ۸؍بجے کے بعد پولیس ٹیم گشت کرتی دکھائی دی۔ جو افراد ماسک نہیں پہنے ہوئے تھے،  انہیں فوراً ماسک پہننےکی تلقین کی اور دکانداروںکو دکانیں بند کرنے کو کہا۔ اسی طرح کماٹی پورہ اور اطراف کےدیگر علاقوں میں بھی پولیس اہلکار دکاندارو ںاورلوگوں کومتنبہ کرتے دکھائی دیئے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK