ممبئی پولیس نے کنال کامرا کے اس شو کے شرکاء کو نوٹس جاری کیا ہے جس میں انہوں نے مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کو مبینہ طور پر ’’غدار‘‘ کہا تھا۔
EPAPER
Updated: April 01, 2025, 4:52 PM IST | Mumbai
ممبئی پولیس نے کنال کامرا کے اس شو کے شرکاء کو نوٹس جاری کیا ہے جس میں انہوں نے مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کو مبینہ طور پر ’’غدار‘‘ کہا تھا۔
دی ٹائمز آف انڈیا نے منگل کو رپورٹ کیا ہے کہ ’’ممبئی پولیس نے کامیڈین کنال کامرا کے اس شو میں شرکت کرنے والے افراد کو نوٹس جاری کیا ہے جس میں انہوں نے مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کامذاق اڑایا تھا۔ اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ’’انڈین پولیس سروس آفیسر اور وکیل وائے پی سنگھ نے کہا کہ ’’اس کیس میں مداحوں کو نوٹس جاری کیا جاناضروری نہیں ہے کیونکہ الیکٹرونک ثبوت موجود ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: جنتا دل یونائیٹڈ نے مرکزی حکومت کو وقف ترمیمی بل سے متعلق ۳؍مشورے پیش کئے
کنال کامرا کو نشانہ کیوں بنایا جارہا ہے؟
یاد رہے کہ کامیڈین کنال کامرا نے ۲۳؍ مارچ ۲۰۲۵ء کو اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو اپلوڈ کیا تھا جس میں انہوں نے ہندی فلم کےکے ایک نغمے کے ’’سیٹائریکل ورژن‘‘ کے ذریعے تنقید کی تھی۔ کنال کامرا نے اپنے ویڈیو میں ۲۰۲۲ء میں مہاراٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے غداری کرنے پر ایکناتھ شندے کو مبینہ طور پر’’غدار‘‘ کہا جبکہ مہاراشٹر میں سیاسی بحران کی جانب نشاندہی بھی کی۔ تاہم، کنال کامرا نے ’’شندے‘‘کا نام نہیں لیا تھا۔ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کی کچھ کلپس وائرل ہونے کے بعد ۲۳؍ مارچ ۲۰۲۵ء کی رات شندے کی شیوسینا کے کچھ افراد نےکھار،ممبئی میں واقع ’’دی ہیبی ٹیٹ اسٹوڈیو‘‘ میں توڑ پھوڑ کی تھی جہاں کنال کامرانے اپنا یہ ویڈیو ریکارڈ کیا تھا۔ اس کے اگلے دن ممبئی پولیس نے کنال کامرا کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کے تحت ’’ہتک عزت اور شرانگیزی’’ کے تحت کیس درج کیا تھا۔ پولیس نے کنال کو دو سمن بھی بھیجے تھے اور انہیں ۳۱؍مارچ ۲۰۲۵ء کو تفتیش کیلئے طلب کیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: گرمی کی لہرکے سبب اسکولوں کو صبح کے اوقات میں کلاسیز منعقد کرنے کی ہدایت
کنال کامرانے ممبئی پولیس سے ممبئی پہنچنے کیلئے ۷؍ دنوں کی مہلت مانگی تھی لیکن انہوںنے کنال کی یہ درخواست مسترد کر دی تھی۔ جمعہ کو مدراس ہائی کورٹ نے ۷؍ اپریل ۲۰۲۵ء تک کنال کامرا کو اس کیس میں عارضی ضمانت دےدی تھی۔ جسٹس سندر موہن نے کہا ’’وہ اس بات سے مطمئن ہیں کہ کنال کامراعارضی ضمانت کیلئے مہاراشٹر کی عدالتوں میں پیش نہیں ہوسکتے۔‘‘
کنال کامرانے کہا تھا کہ ’’ان کی ضمانت کی عرضی کی سماعت کرنا مدراس ہائی کورٹ کے دائرۂ اختیار میں ہے کیونکہ وہ تمل ناڈو کے قصبے ویلو پورم کے رہائشی ہیں۔‘‘ بعد ازیں شندے کی شیوسینا کے کارکنان کی شکایت پر مبنی کنال کامرا کے خلاف مزید تین ایف آئی آر درج کی گئی تھیں۔ اپنی شکایت میں شندے شیوسینا کے کارکنان نے دعویٰ کیا تھا کہ ’’کنال کامرا نے ایکناتھ شندے کی ’’اخلاقیات کو بدنام‘‘کیا ہے۔