Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی: موسلادھار بارش کے سبب ۴؍ افراد کی موت، ۱۰۰؍ سے زائد پروازیں متاثر

Updated: May 02, 2025, 3:35 PM IST | New Delhi

خرخری نہر گاؤں، جعفر پور کالان، دوارکا ضلع میں ایک گھر کی چھت پر درخت گرنے کے سبب ۲۶؍ سالہ جیوتی اور ان کے تین بچوں کی موت ہوگئی۔ قومی دارالحکومت میں موسلادھار بارش اور موسم کی خرابی کے سبب ۱۰۰؍ سے زائد پروازیں متاثر ہوگئی ہیں۔

Vehicles are seen damaged after a tree fell on a house in Delhi. Photo: PTI
دہلی میں ایک گھر پر درخت گرنے کی وجہ سے گاڑیوں کی حالت دیکھی جاسکتی ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

دارالحکومت دہلی میں آج بارش کے دوران ایک درخت کے ایک چھت پر گرنے کے سبب ۴؍ افراد کی موت ہوگئی ہے۔ پی سی آر کال نے خرخری نہر گاؤں، جعفرپورکالان، دورارکا ضلع میں پیش آئے اس حادثے کے تعلق سے حکام کو خبردار کیا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس ٹیم جائے حادثے پر پہنچ گئی تھی جہاں انہیں جیوتی، ۲۶؍ سال، اور ان کے تین بچوں کی لاشیں ملبے کے نیچے سے ملیں۔ ملبے سے نکالنے کے بعد متاثرین کو رضاکارانہ ٹیم اور فائر ڈپارٹمنٹ کی مدد سے قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ حکام نے کہا کہ ’’جیوتی کے شوہر اجے کو اس حادثے کے دوران تھوڑے زخم آئے ہیں۔‘‘

آئی ٹی او دہلی میں بارش کی وجہ سے پانی بھر گیا ہے۔ تصویرـ : پی ٹی آئی

دہلی این سی آر میں بارش
جمعہ کو دہلی اور اطراف کے علاقوں میں موسلادھار بارش سے چند علاقوں میں پانی بھرگیا جس کے سبب دہلی ایئرپورٹ پر پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ ہندوستانی میٹرلوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) نے دہلی کیلئے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے اگلے ۲؍ گھنٹوں تک ۷۰؍ تا ۸۰؍ کلومیٹر تک تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔ قومی دارالحکومت کے کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش کے سبب پانی بھر گیا۔ لجپت نگر، آر کے پورم اور دوارکا جیسے علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

آج صبح موسلادھاربارش کے سبب دہلی ایئرپورٹ پر موسم کی خرابی کی وجہ سے۱۰۰؍ سے زائد پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ دہلی ایئرپورٹ نے ایکس پر ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’موسم کی خرابی کی وجہ سے قومی دارالحکومت میں پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ مسافروں سے اپیل ہے کہ وہ اپنی متعلقہ فلائٹ کی معلومات کیلئے مخصوص ایئرلائن سے رابطہ قائم کریں۔‘‘ تیز ہواؤں کی وجہ سے دہلی ایئرپورٹ ٹرمینل ۳؍ کا میٹل کا ڈھانچہ گر گیا۔ تاہم، ایئرپورٹ حکام نے تصدیق کی ہے کہ ڈھانچہ گرنے کے سبب جانی و مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔ ایئر انڈیا اور انڈیگو نے مختلف ایڈوائزری جاری کی ہیں اور کہا ہے کہ’’موسم میں تبدیلی کی وجہ سے طیاروں کے نظام الاوقات میں تبدیلی واقع ہوسکتی ہے۔ مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ فلائٹس کی معلومات حاصل کر لیں۔

یہ بھی پڑھئے: ایران کو حوثیوں کی مدد کی قیمت چکانی پڑے گی: امریکی وزیر دفاع کی دھمکی

درخت گر گئے، پاؤرلائنس کو نقصان پہنچا
موسلادھاربارش اور گرج و چمک کے ساتھ بجلی کی وجہ سے دہلی کے کئی مقامات پر درخت گرگئے اور چند مقامات پر پاؤر لائنس کو بھی نقصان پہنچا۔ آئی ایم ڈی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اندر ہی رہیں۔ علاوہ ازیں درختوں، الیکٹرونک ڈیوائس اور الیکٹرک کنڈکٹرز سے دور رہنے کی کوشش کریں۔ آئی ایم ڈی نے دہلی میں ’’بارش، آندھی اور بجلی‘‘ کی پیشین گوئی کی ہے اور کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۳۹؍ ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ ٔ حرارت ۲۷؍ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔ قومی دارالحکومت میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے اگلے تین دنوں تک قومی دارالحکومت میں موسلادھار بارش، تیز ہواؤں اورآندھی کی پیشین گوئی کی ہے اور یلو الرٹ بھی جاری کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK