گجرات ٹائٹنز فتح کی راہ پر واپسی کی کوشش کرےگی جبکہ سن رائزرز کو پلے آف کی دوڑ میں برقرار رہنے کیلئے جیتنا ضروری۔
EPAPER
Updated: May 02, 2025, 2:06 PM IST | Agency | Ahmedabad
گجرات ٹائٹنز فتح کی راہ پر واپسی کی کوشش کرےگی جبکہ سن رائزرز کو پلے آف کی دوڑ میں برقرار رہنے کیلئے جیتنا ضروری۔
’ونڈر بوائے‘ ویبھو سوریہ ونشی کی طوفانی بلے بازی کی وجہ سے گزشتہ میچ میں شکست سے سنبھلتے ہوئے، گجرات ٹائٹنز اب سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف جیت کے راستے پر واپسی کے خواہاں ہوں گے، جبکہ سن رائزرز حیدر آباد کو پلے آف کی دوڑ میں برقرار رہنے کیلئے ہر حالت میں میچ جیتنا ہی ہوگا۔ ایک طرح سے حیدرآباد کیلئے یہ’ کرو یا مرو‘ کا مقابلہ ہوگا۔
راجستھان رائلز کے ۱۴؍سالہ سوریہ ونشی نے صرف ۳۵؍گیندوں میں سنچری اسکور کرتے ہوئے گجرات کے بولنگ اٹیک کو تہس نہس کر دیا تھا۔ وہ آئی پی ایل میں سنچری بنانے والے سب سے کم عمر بلے باز بھی بن گئے۔ گجرات کو ۴؍ وکٹ پر ۲۰۹؍ رن بنانے کے باوجود ۸؍ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم اس سے آئی پی ایل پوائنٹ ٹیبل میں اس کی پوزیشن پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
گجرات کی شاندار کارکردگی جاری
گجرات ٹائٹنز ان ٹیموں میں سے ایک ہے جو اس سیزن میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، بلے بازی اور گیندبازی میں کافی گہرائی ہے۔ شبھمن گل کی قیادت والی ٹیم ۹؍ میچوں میں ۶؍ جیت کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ اسے پلے آف کے لئے کوالیفائی کرنے کیلئے۱۶؍ پوائنٹس کے نشان تک پہنچنے کیلئے اپنے بقیہ ۵؍ میچوں میں سے صرف ۲؍جیتنے ہوں گے۔ گجرات کے سائی سدرشن نے ۵؍ نصف سنچریوں سمیت ۴۵۶؍رن بنا کر اورنج کیپ پر قابض ہیں ۔ وہیں کپتان گل نے ۳۸۹؍رن بنائے ہیں اور جوس بٹلر نے ۴۰۶؍ رن بنائے ہیں جو اس سیزن میں ٹاپ ۷؍ بلے بازوں میں شامل ہیں۔
تیزگیند بازی میں پرسدھ کرشنا، محمد سراج اور ایشانت شرما کارگر ثابت ہوئے ہیں۔ اسپنرز میں راشد خان کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے خلاف فارم میں واپس آئے ہیں اور انہوں نے ۲۵؍ رن کے عوض ۲؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ انہیں واشنگٹن سندر کا اچھا ساتھ مل رہا ہے۔ حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں گجرات نے سن رائزرز کو ۷؍ وکٹوں سے شکست دی تھی، جس میں محمدسراج نے ۱۷؍رن دے کر ۴؍ وکٹ لئے تھے۔
حیدرآباد کیلئے’ کرو یا مرو‘ میچ
دوسری طرف، یہ سن رائزرز حیدرآباد کے لئے یہ ’ کرو یا مرو‘ کا میچ ہے۔ پچھلے سال کی رنر اپ سن رائزرز ۹؍ میچوں میں سے صرف ۳؍ جیت کر ٹیبل میں نویں نمبر پر ہے۔ ایک اور شکست پلے آف کے دروازے بند کر دے گی۔ حیدرآباد کیلئےابھیشیک شرما اور ٹریوس ہیڈ نے ٹکڑوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹاپ آرڈر کی ناکامی سے مڈل آرڈر پر دباؤ پڑے گا جس میں ہینرک کلاسن، نتیش کمار ریڈی اور ایشان کشن شامل ہیں جو فارم میں نہیں ہیں ۔ پچھلے ۲؍ میچوں میں ابھیشیک ڈبل فیگر میں بھی نہیں پہنچ سکے جبکہ ہیڈ نے۸؍ اننگز میں صرف ایک نصف سنچری بنائی ہے۔ مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے ۲۳؍ سالہ انیکیت ورما نے کئی مشہور بلے بازوں سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ گیندبازی میں ہرشل پٹیل نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن پیٹ کمنز اور محمد سمیع جیسے تجربہ کار گیند بازوں کو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔