۲۰؍ ہزار سے زائد پولیس دستے اور اضافی فورس تعینات۔ بڑی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ۔ ٹریفک کے رخ میں تبدیلیاں
EPAPER
Updated: September 05, 2025, 11:17 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
۲۰؍ ہزار سے زائد پولیس دستے اور اضافی فورس تعینات۔ بڑی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ۔ ٹریفک کے رخ میں تبدیلیاں
عید میلاد النبیؐ اور گنیش وسرجن کے ایک ساتھ آنے اور اسے پر امن طریقہ سے انجام دینے کے مقصد سے ۲۰؍ہزار سے زائد پولیس فورس اور دیگر ایجنسیوں کی اضافی فورس تعینات کی گئی ہے ۔ جمعہ کو پولیس کمشنر دیوین بھارتی اور جوائنٹ کمشنر ستیہ نارائن چودھری نے چوپاٹی پر وسرجن کی تیاریوں کا معائنہ کیا۔ سنیچر(آج) کو گنپتی وسرجن کے دوران ٹریفک کی آمد و رفت بحال رکھنے کے مقصد سے شہر کے کئی راستوں سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی گئی ہے اور سنیچر تا پیر بڑی گاڑیوں کے جنوبی ممبئی میں داخل ہونے یا باہر جانے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
عید میلادالنبیؐ اور گنپتی کے تہوار کے موقع پر ایک طرف پولیس نے اضافی سیکوریٹی فورس تعینات کرکے سخت حفاظتی انتظامات کرنے کا دعویٰ کیا ہے تودوسری طرف ٹریفک پولیس اور شہری انتظامیہ نے وسرجن اور جلوس کے دوران ٹریفک کی روانی کوبرقرار رکھنے کیلئے بڑی گاڑیوں کی جنوبی ممبئی میں آمدورفت پر پابندی عائد کردی ہے ۔ اس کے علاوہ پولیس نے چھوٹی اور بڑی گنپتی کے وسرجن کے سبب ٹریفک کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے شہریوں سے بیسٹ بسوں اور ٹرینوں کے ذریعہ سفر کرنے کی اپیل کی ہے ۔ ٹریفک پولیس نے جنوبی ممبئی میں آنے اور جانے والے کئی راستوں میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے ۔ ٹریفک پولیس نے دو اور چار پہیہ گاڑی والوں کو پی ڈیمیلو روڈ، ایسٹرن فری وے اور کوسٹل روڈ کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔
وسرجن کے دوران ممبئی پولیس اور دیگر ایجنسیوں کے ہمراہ سیکوریٹی کے سخت انتظامات کرنے اور شہریوں کی حفاظت کے مقصد سے پہلی بار آرٹی فیشل انٹیلی جنس کا استعمال کرنے سے متعلق جوائنٹ پولیس کمشنر (نظم و نسق) ستیہ نارائن چودھری اور جوائنٹ پولیس کمشنر (ٹریفک )انل کمبھارے نے تفصیلات فراہم کیں۔ ستیہ نارائن چودھری نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ’’شہر اور شہریوں کی حفاظت کیلئے پولیس کے۲۵؍ ہزار سے زائد افسران اور اہلکار جن میں کمشنر دیوین بھارتی اور جوائنٹ کمشنروں کے علاوہ۱۲؍ ایڈیشنل پولیس کمشنر ،۴۰؍ ڈپٹی پولیس کمشنر ، ۶۱؍اسسٹنٹ پولیس کمشنر ، ۳؍ ہزار پولیس افسران اور۱۸؍ہزار پولیس اہلکار شامل ہیں، شہر کے چپے چپے پر موجود ہوں گے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ’’ شہریوں کی حفاظت کے مقصد سے۱۰؍ ہزار سی سی ٹی وی اور ڈرون کے علاوہ پہلی بار اے آئی کا استعمال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ خصوصی طور پر خواتین کی حفاظت کیلئے نربھیا اسکواڈ کی افسران اور اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے جو سادے لباس میں پورے شہر میں گشت کریں گی ۔ حفاظتی انتظامات کو مزید پختہ بنانے کیلئے اسٹیٹ ریزرو پولیس فورس کی۱۴؍ کمپنیاں اور سینٹرل آرمڈ پولیس فورس کی ۴؍ کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں ۔ بم ڈٹیکشن اینڈ ڈسپوزل اسکواڈ اور کوئک رسپانس ٹیم بھی حفاظتی دستہ کا حصہ ہے ۔
ممبئی پولیس نے گرگاؤں چوپاٹی، دادر، جوہو، ورسوا اور پوائی میں ساڑھے ۶؍ہزار بڑی گنپتی کے وسرجن کے دوران حفاظتی نقطہ نظر سے تمام ساحلی علاقوں میں بی ایم سی کی مدد سے واچ ٹاوربنانے کی اطلاع دی ساتھ ہی ساحلی علاقوں میں اضافی فورس، لائف گارڈز اور لائف بوٹ کا بھی نظم کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی حادثہ کے دوران لوگوں کو فوری طورپر بچایا جاسکے ۔