• Sat, 06 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیل کو جھٹکا، فن لینڈ بھی فلسطین کو تسلیم کرے گا

Updated: September 06, 2025, 10:59 AM IST | Agency | Gaza

۲؍ قومی حل کی تائید کی ،تل ابیب نے غزہ شہر پر حملے تیز کردیئے، ۴۰؍فیصد حصے پرقابض، شہر کی سب سے اونچی رہائشی عمارت کو تباہ کردیا، ۹۶؍ افراد  جاں بحق.

Finnish Foreign Minister Elena Valtonen has announced her support for the declaration of a two-state solution to the Palestinian issue. Photo: INN
فن لینڈ کی وزیرِ خارجہ ایلینا والٹونن نے مسئلہ فلسطین کے ۲؍ ریاستی حل کے اعلامیہ کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ تصویر: آئی این این

غزہ پر وحشیانہ بمباری اور جان بوجھ کر قحط مسلط کرنے کے بعد سے اسرائیل یکے بعد دیگرے اپنےاتحادی ممالک کھوتا جارہا ہے۔یورپی ممالک جس تیزی سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کر رہے ہیں اس سے اسرائیل کے  الگ تھلک پڑ جانے کی امیدیں  پیدا ہورہی ہیں حالانکہ اسے امریکہ کی بے جا حمایت حاصل ہے۔ واشنگٹن  نے جمعہ کو ان ممالک کومتنبہ بھی کیا ہے جو فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کررہے ہیں۔ 
فن لینڈ نے ۲؍ ریاستی حل کے اعلامیہ کی تائید کی
یاد رہے کہ جولائی میں سعودی عرب اور فرانس کی کوششوں سے اقوام متحدہ میں مسئلہ فلسطین پر ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد ہواتھا۔ اسرائیل اور امریکہ نے اس کانفرنس کا بائیکاٹ کیاتھا مگر بڑی تعداد میں یورپی ممالک اس اجلاس میں شریک ہوئے تھےاورانہوں نے  ایک بین الاقوامی اعلامیہ جاری کیاتھا جس میں مسئلہ فلسطین کے دو قومی حل کے نفاذ کی وکالت کی گئی تھی۔  فن لینڈ نے بھی جمعہ کو   مذکورہ بین الاقوامی اعلامیے میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
فن لینڈ کی وزیرِ خارجہ ایلینا والٹونن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا  ہےکہ’’ فرانس اور سعودی عرب کی قیادت میں ۲؍ ریاستی حل کیلئے یہ سب سے اہم عالمی کوشش ہے۔‘‘ فن لینڈ کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’’یہ اقدام خطے میں دیرپا امن کے قیام کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے۔‘‘ 
فلسطین کیلئے حمایت میں اضافہ
واضح رہے کہ فلسطین جسےمشاہد  کے طور پر اقوام متحدہ کی رکنیت حاصل ہے، کو اب تک عالمی ادارہ کے  ۱۹۳؍ رکن ممالک میں سے ۱۴۷؍ قبول کرچکے ہیں۔ حالیہ غزہ جنگ میں  اسرائیل کے مظالم نے فلسطین کیلئے حمایت میں اضافہ کیا ہے۔ جولائی میں ہونےوالی اقوام متحدہ کی مذکورہ کانفرنس کے بعد مزید ۵؍ ممالک نے فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔  یہ تمام امریکہ  اوراسرائیل کے اتحادی ہیں ۔  سب سے پہلے فرانس  نے ۲۴؍ جولائی کو فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا،اس کے بعد برطانیہ، کنیڈااور آسٹریلیا نے اس کی پیروی کی جبکہ حال ہی میںبلجیم نے بھی  فلسطین کو بطور علاحدہ ملک  تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔ا ب فن لینڈ کا ۲؍ ریاستی حل کے بین الاقوامی اعلامیہ کا حصہ بننے کا اعلان اس بات کا اشارہ ہے کہ وہ بھی فلسطین کو تسلیم کرنے کی جانب پیش رفت کر رہاہے۔  برطانیہ کہہ چکا ہے کہ اگر تل ابیب ستمبر تک جنگ بندی پر آمادہ نہیں ہوجاتا تو پھر وہ فلسطین کو علاحدہ ملک کے طورپر تسلیم کرنے کی کارروائی شروع کردیگا۔  اسپین، ناروے  اور آئر لینڈ جیسے ممالک گزشتہ سال اسرائیل کو تسلیم کرچکے ہیں۔ ۳۲؍ نیٹو ممالک جو امریکی قیادت والا فوجی اتحاد ہے، کے ۱۳؍ ملک فلسطین کو تسلیم کرچکے ہیں۔ 
فلسطین کو تسلیم کرنےوالوں کو امریکہ کا انتباہ 
 اس بیچ امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے فلسطین کو تسلیم کرنے کی بات کرنے والے ممالک کو متنبہ کیا ہے کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر مسائل پیدا ہوں گے اور کارروائیوں میں تیزی آسکتی ہے۔ایکواڈور کے دورےپر  میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ہم نے ان تمام ممالک کو بتایا ہے کہ اگر آپ لوگ اسے تسلیم کرتے ہیں تو یہ سب فرضی   ہے،  حقیقی نہیں ہے، اگر آپ نے یہ کیا تو آپ مسائل پیدا کریں  گے۔  مارکو روبیو  کے مطابق  اس سے جنگ بندی کے حصول میں مشکلات  اور کارروائیوں میں شدت آسکتی ہے۔ 
غزہ شہر  پر حملے تیز،  ۴۰؍ فیصد پر قبضہ
 اس بیچ اسرائیل نے غزہ شہر پر حملے تیز کردیئے ہیں۔  جمعہ کو صہیونی ریاست نےغزہ کی راجدھانی کی سب سے اونچی رہائشی عمارت کو تباہ کردیا اور جواز پیش کیا ا س میں حماس کے جنگجو چھپے  ہوئے تھے ۔مقامی افراد نے تل ابیب کے اس دعویٰ پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں  نے بتایا کہ اس گنجان آباد عمارت میں عام شہری اور بے گھر افراد مقیم تھے۔ حملے میں کم از کم ۴۴؍ افراد شہید ہوئے ہیں جن میں ۷؍ بچے شامل ہیں۔ ۲۴؍ گھنٹوں میں اسرائیل نے غزہ  میں  ۹۶؍ افراد کی جان لی ہے۔  اسرائیل فوج  غزہ شہر کے ۴۰؍ فیصد حصے پر قبضہ کرلیا ہے اور حملوں میں مزید تیزی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کی کئی اور اونچی عمارتوں کو نشانہ بنایا جائےگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK