Inquilab Logo

پولیس بھرتی :نوجوانوں کی رہنمائی اورامتحان کی تیاری کی بھی کوشش

Updated: November 14, 2022, 12:13 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

دانش اکیڈمی کے ذریعے پہلے سے تیاری کرنے والے ہزاروںنوجوانوں کوپیغام بھیجا گیا ۔ اقلیتی کمیشن کی جانب سے تربیت کے تعلق سے اب تک سناٹا

Efforts are being made to attract Muslim youths to join the police force in various ways..Picture:INN
مسلم نوجوانوں کو پولیس فورس میں بھرتی کیلئےکئی طرح سے راغب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ تصویر:آئی این این

 پولیس بھرتی کیلئے مسلم نوجوانوں کو راغب کرانے کی کوشش جاری ہے۔ ملی اورسماجی تنظیموں کے ذمہ داران اس بات کیلئے کوشاں ہیں کہ مسلم نوجوان پولیس بھرتی کیلئے فارم بھریں اور کامیاب ہوکر پولیس فورس میںاپنی جگہ بنائیں۔ مجموعی طور پر۱۷؍ ہزار۱۳۰؍ نوجوانوں کی بھرتی کی جائے گی۔ان میں پولیس کانسٹیبل کیلئے ۱۴؍ ہزار۹۵۶؍اسامیاں ہیں،  ڈرائیور کیلئے۲؍ہزار ۱۷۴؍ او رکچھ مسلح پولیس کانسٹیبل کی اسامیاں شامل ہیں۔درخواست  ویب سائٹ mahapolice.gov.in پر دی جاسکتی ہے اور یہیں امتحان کی فیس بھی ادا کی جاسکتی ہے۔ ملی تنظیموں کی جانب سے جاری کوشش کا اندازہ اس سے کیا جاسکتا ہے کہ دانش اکیڈمی کے ذمہ دار ڈاکٹر دانش لامبے نے نمائندۂ انقلاب کو بتایاکہ ’’ لاک ڈاؤن سے قبل ساڑھے ۴؍ہزار نوجوانوں کی رہنمائی ،لیکچراورجسمانی اعتبار سے تیاری کروائی گئی تھی لیکن حکومت نے اس وقت کوئی اعلان ہی نہیں کیا۔ اس دفعہ اعلان کیا گیا ہے تو ان تمام ساڑھے ۴؍ہزارمسلم نوجوانوں کو پیغام بھیجا گیا ہے اور ویب سائٹ شیئر کرنے کےساتھ فارم بھرنے کیلئے مختصرویڈیو کلپ بھی بھیجی گئی ہے تاکہ ان کو مزید آسانی ہو۔‘‘ انہوںنے یہ بھی بتایاکہ ’’ اس دفعہ کی ترتیب یہ ہےکہ ان تمام امیدواروں میںسے جو نوجوان فارم بھریں گے ان کی ہرطریقے سے تربیت کی جائے گی۔ان کو آن لائن لیکچر دیئے جائیںگے ، لٹریچر مہیا کروایا جائے گا،امیدواروں کے اشکالات دور کئے جائیں گے اورریٹائرڈ پولیس افسران کے ذریعے ان کی تیاری کی جانچ کے لئے امتحان لیا جائے گا۔ امتحان قریب قریب سرکاری نہج پر لئے جانے والے امتحا ن جیسا ہوگا تاکہ تربیت پانے والے امیدواروں میں سے بیشتر کی کامیابی کو یقینی بنایا جاسکے ۔‘‘ اس تعلق سے کوشش کرنے والو ںمیںشامل سلیم الوارے نے بتایاکہ ’’ انجمن اسلام کے عہدیداران سے رابطہ قائم کیا گیاہے کہ انجمن اسلام میںبھی آن لائن فارم بھرنے کا نظم ہو، مہاراشٹر کالج کے پرنسپل سے بھی بات کی گئی ہے اورمضافات میں بھی کچھ لوگوں سے رابطہ قائم کیا گیا ہے تاکہ امیدواروں کا آن لائن فارم بھروانے اوررہنمائی کرنے میں آسانی ہو۔‘‘
اقلیتی کمیشن کی جانب سےمکمل خاموشی 
 پولیس فورس میںبھرتی کے لئے اقلیتی کمیشن کی جانب سے ۲۰۰۹ء سے ریاست کے ۳۶؍ اضلاع میں سے ہرضلع میں۱۰۰۔ ۱۰۰؍ اقلیتی امیدواروں کو تربیت دی جاتی تھی لیکن اس دفعہ اس تعلق سے مکمل خاموشی ہے جس سے امیدواروں کا نقصان ہونے کا اندیشہ ہے ۔ یہ مطالبہ کیا جارہا ہے کہ حکومت کی جانب سے تربیت دینے کے تعلق سے اعلان کیا جائے تاکہ امیدواروں میں پس وپیش کی کیفیت ختم ہو۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK