گھاٹکوپر ریلوے گراؤنڈ پرمنعقدہ خصوصی پروگرام میں کمشنر، ڈی سی پی اور دیگر پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں شکایت کنندگان کوان کے موبائل فون لوٹائےگئے۔
موبائل ملنے کے بعد ایک پروگرام میں لوگ موبائل دکھاتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این
ریلوے پولیس نے ایک کروڑ ۸۰؍لاکھ ۳۳؍ہزار ۶۶۸؍ روپے مالیت کےایک ہزار مسروقہ موبائل فون برآمدکئے ہیں جنہیں ان کے اصل مالکان کو لوٹانے کیلئے گھاٹکوپر ریلوے گراؤنڈ پر’مال ومتاع واپسی‘ عنوان سےگزشتہ روز خصوصی پروگرام منعقدکیا گیا جس میں ریلوے پولیس کمشنر ایم کلاساگر، ڈی سی پی پرگیہ زیڈگے ، ڈی سی پی سنیتا سالنکھے اور دیگر پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں شکایت کنندگان کوان کے موبائل فون لوٹائے گئے۔
ریلوے پولیس کے ذریعے ۱۰۱۸؍موبائل فون برآمد کئے گئے ہیں۔ ان میں ۴۴۴؍ موبائل فون ممبئی کی حدود سے برآمد کئے گئے۔ ۲۱۶؍ موبائل فون مہاراشٹر کے الگ الگ حصوں سےاور ۳۵۸؍ موبائل فون دیگر ریاستوں سے برآمد کئے گئے ہیں۔
ریلوے پولیس کمشنر کلاساگرنے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعدموبائل فون چور ی روکنے اورچوری کی شکایات رفع کرکے موبائل فون برآمد کرنے پرخاص توجہ دی ۔اس کا خاطرخواہ نتیجہ بھی برآمد ہوا اوراتنی بڑی تعداد میں مسروقہ موبائل فون برآمد کئے جاسکے ۔ جون اورجولائی ۲۰۲۵ء میں خصوصی مہم کے تحت ایک کروڑ ۱۱؍ لاکھ ۳۹؍ہزار ۶۲۵؍ روپےقیمت کے ۶۸۴؍موبائل فون برآمد کئے گئے تھے اور۲۵؍ جولائی کو اسی طرح کا پروگرام منعقد کرکے اصل مالکان کولوٹائے گئے تھے۔ اس کے بعد اس مہم کو مزید تیز کیا گیا اورستمبر تا نومبر ۲۰۲۳ء تا ۲۰۲۵ء کے دوران ریلوے پولیس کی حدود میںچوری کئے گئے موبائل فون برآمدکرنے پرتوجہ دی گئی ۔اس کے لئے ریلوے کے ۱۷؍ پولیس اسٹیشن کی حدود میں ۲۸؍ ٹیمیں اورڈی سی پی ویسٹرن زون کی نگرانی میں ۲۹؍ ٹیمیں، اس طرح مجموعی طور پر ۵۷؍ٹیمیں بنائی گئیں۔ ان ٹیموں نےملک کی ۱۷؍ ریاستوں اورمرکز کی زیرنگرانی ریاست اوردیودمن میں جاکر تفتیش کی اور۱۰۱۸؍ موبائل فون برآمد کئے۔
اس سلسلےمیںریلوے پولیس کمشنر نے کہاکہ’’ یہ ہماری ٹیم کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے کہ اتنی بڑی کامیابی حاصل ہوئی اورشکایت کنندگان اپنا موبائل فون پاکرمطمئن ہوئے۔ ہماری جانب سے پہلے دن سے یہ کوشش کی گئی کہ موبائل فون چوری کی وارادتیں کم ہوں اورمسروقہ موبائل فون برآمد کئے جائیں نیزچوروں کے گروہ کا پردہ فاش کیا جائے ، چنانچہ اس میں کامیابی ملی اور خوشی ہے کہ اتنےمسروقہ موبائل فون شکایت کنندگان کو لوٹائے جاسکے۔‘‘