Inquilab Logo

کیرالا: ۲۰۲۳ء میں ۲۰؍ہزار سے زیادہ لوگوں نےآن لائن فریب دہی میں ۲۰۱؍کروڑ روپے گنوائے: پولیس

Updated: January 16, 2024, 4:36 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

کیرالا پولیس کی سائبر ونگ اس رقم کا ۲۰؍فیصد وصول کرنے اور ۵۰۱۷؍بینک اکاؤنٹس کو بلاک کرنے میں کامیاب رہی۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

ہندوستان ٹائمس کی ایک رپورٹ کے مطابق کیرالا میں گزشتہ سال تقریباً ۲۳؍ہزار ۷۵۳؍افراد آن لائن دھوکہ دہی کا شکار ہوئے جسکے نتیجے میں متاثرہ افراد کا اجتماعی طور پر تقریباً ۲۰۱؍ کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کیرالا پولیس کی سائبر ونگ اس رقم کا ۲۰؍ فیصد وصول کرنے میں کامیاب رہی اور جعلسازی کے ان معاملات میں کارروائی کرتے ہوئے اس نے ۵۱۰۷؍ بینک اکاؤنٹس،۳؍ہزار ۲۸۹؍ موبائل نمبرز، ۲۳۹ سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ۹۵۴؍ ویب سائٹس کو بلاک کردیا جن کا استعمال دھوکہ دہی کے لیے کیا گیا تھا۔

ریاستی پولیس میڈیا سینٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں پولیس نے لوگوں سے اپیل کی کہ آن لائن مالی دھوکہ دہی کے واقعہ کی اطلاع دو گھنٹے کے درمیان ۱۹۳۰ نمبر پر  دیں۔ اس سے دھوکہ دہی کا شکار ہوئے شخص کی کھوئی رقم کی وصولی کے امکانات بڑھ جائیں گے۔
پریس رلیز میں مزید کہا گیا کہ شکایات کرنے میں تاخیر پولیس کو درپیش ایک بڑا مسئلہ ہے۔ اگر رقم کے ضائع ہونے کے دو گھنٹے کے درمیان سائبر ہیلپ لائن نمبر ۱۹۳۰ پر اطلاع دی جاتی ہے تو رقم کی وصولی کے امکانات بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔ لیکن اکثر پولیس کو رقم جمع کرنے کے ۱۰؍ دن بعد شکایات موصول ہوتی ہیں۔ اس سے دھوکہ بازوں کو بینک اکاؤنٹ سے رقم نکالنے کا کافی وقت مل جاتا ہے۔
دھوکہ بازوں کے طریقہ کار کی تفصیلات بتاتے ہوئے پولیس نے کہا کہ جعلسازوں کی جانب سے بھاری منافع کا وعدہ کرکے سرمایہ کاری کی ترغیب دی جاتی ہے۔ اس طرح کے گھوٹالے مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے شروع کیے جاتے ہیں۔ دھوکہ باز ان لوگوں کو جو سوشل میڈیا کے ذریعے ان سے رابطہ کرتے ہیں اپنے ٹیلی گرام گروپ میں شامل کرلیتے ہیں۔ اس کے بعد وہ جعلی ویب سائٹ کے ذریعے ڈپازٹ کا مطالبہ کرتے ہیں۔ تاہم، جب وہ رقم نکالنے کی کوشش کرتے ہیں تو انہیں بتایا جاتا ہے کہ انہیں اصل رقم اور منافع واپس لینے کے لیے مزید سرمایہ کاری کرنی ہوگی۔

پولیس نے کہا کہ جعلساز جی ایس ٹی اور ٹیکس کی آڑ میں ڈیپازٹ نکالنے کے لیے زیادہ رقم لیتے ہیں. کیرالا پولیس نے مزید کہا کہ ریاست میں روزانہ کی بنیاد پر کروڑوں روپے کے سرمایہ کاری کے اس طرح کے فراڈ ہو رہے ہیں۔اس قسم کی فریب دہی سے بچنے کیلئے پولیس نے لوگوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ریزرو بینک آف انڈیا کی ویب سائٹ سے استفادہ کریں اور اس طرح کے سرمایہ کاری کے گھوٹالوں سے بچنے کے لیے اپنے بینک اکاؤنٹ میں پیسہ جمع کرنے سے پہلے اداروں کی ساکھ کو یقینی بنائیں۔

پولیس نے عوام سے سائبر گھوٹالوں کے خلاف چوکنا رہنے اور ۲۴؍گھنٹے سائبر ہیلپ لائن نمبر ۱۹۳۰ پر آن لائن فراڈ کے واقعات کی اطلاع دینے کی درخواست کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK