۱۹؍ سال ضائع ہونے پر حکومت معاوضہ دے :سماجوادی پارٹی،کمیوں کو دور کر کے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنا چاہئے: این سی پی(شرد ) ، کانگریس، شیو سینا ( شندے) اور بی جے پی کے لیڈروںنے سوال قائم کئے
EPAPER
Updated: July 21, 2025, 11:20 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
۱۹؍ سال ضائع ہونے پر حکومت معاوضہ دے :سماجوادی پارٹی،کمیوں کو دور کر کے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنا چاہئے: این سی پی(شرد ) ، کانگریس، شیو سینا ( شندے) اور بی جے پی کے لیڈروںنے سوال قائم کئے
ممبئی کی لوکل ٹرینوں میں ۲۰۰۶ء میں ہونے والے ۷؍سلسلہ وار بم دھماکے کے سبھی ۱۲؍ملزمین کو بامبے ہائیکورٹ نےپیر کو سنائے گئے اپنے فیصلے میں بری کردیا ہے۔ اس فیصلہ پر سیاسی لیڈروں نے مختلف تاثرات دیئے ہیں۔ سماجوادی پارٹی نے اس فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے بری ہونے والے سبھی ۱۲؍ افراد کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ کانگریس، این سی پی ( شرد پوار)، شیو سینا( شندے)، بی جے پی کی جانب سے اس فیصلہ کو افسوسناک قرار دیا گیا ہے اوراس فیصلے کو بھرپور ثبوتوں کے ساتھ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ۱۱؍ جولائی ۲۰۰۶ء کو ۱۱؍منٹ میں (شام ۶؍ بجکر ۲۴؍ منٹ تا شام ۶؍بجکر ۳۵؍ منٹ)ممبئی کی لوکل ٹرینوں میں ۷؍ سلسلہ وار بم دھماکے ہوئے تھے ۔ ان دھماکوں میں ۱۸۹؍ شہری ہلاک اور ۸۰۰؍ زخمی ہوئے تھے۔
۱۹؍ سال ضائع ہونے پر حکومت ملزمین کو معاوضہ دے : سماجوادی پارٹی
لوکل ٹرین میں سلسلہ وار بم دھماکوں کے الزام سے ۱۲؍مسلم نوجوانوں کو بامبے ہائی کورٹ کے ذریعہ بری کرنے کے فیصلہ کا سماجوادی پارٹی نے خیر مقدم کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ان بےقصور افراد کو حکومت معاوضہ دیں کیونکہ جھوٹے الزام میں گرفتار کر کے حکومت نے ان کے ۱۹؍سال ضائع کردیئے ہیں۔ اس سلسلے میں سماجوادی پارٹی کے لیڈرا ور رکن اسمبلی رئیس شیخ نے کہا کہ ’’ ہم بامبے ہائی کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہیں اور شکریہ ادا کرتے ہیں کہ اس نے ان نوجوانوں کو انصاف دیا۔ حکومت کیسے کسی بے گناہ کو اس طرح قید میں رکھ کر ان کی عمر کے بیش قیمتی ۱۹؍ سال ضائع کر دیئے ہیں ۔ ‘‘
مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ’’ جاپان میں ایک شخص کو بے عزت بری کیاگیاتو وہاں کی حکومت نے اس نوجوان کو نہ صر ف معاوضہ دیا بلکہ معذرت بھی طلب کی۔ جس طرح دیگر ممالک میں میں ملزمین بے گناہ ثابت ہونے پر حکومت کی جانب سے معاوضہ دیاجاتا ہے اسی طرح حکومت مہاراشٹر کو بھی ان۱۲؍ بے گناہوں کو معاوضہ دینا چاہئے۔ ‘‘
مزید ثبوتوں کےساتھ سپریم کورٹ میں اپیل کریں: کانگریس
ممبئی کانگریس کی صدر و رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ نے بامبے ہائی کورٹ کے اس فیصلے پر اپنے تاثرات دیتے ہوئے کہا کہ’’ہمیں عدالیہ پر پورا بھروسہ ہے۔دیگر ممبئی کے شہریوں کی طرح ہمارا بھی یہی مطالبہ ہے کہ ممبئی ٹرین بم دھماکے کے جو بھی اصل مجرم ہیں انہیں یقینی طور پر سخت سے سخت سزا دی جائے، اسی کے ساتھ ریاستی حکومت سے بھی درخواست ہے کہ وہ مجرمین کے خلاف ضروری ثبوتوں اور دستاویزات کے ساتھ سپریم کورٹ میں اپیل کرے کیونکہ جب بھی اس طرح کا دہشت گردانہ حملہ ہوتا ہے تواس میں بے نگاہ شہریوں کی جان جاتی ہے اور سرکاری و نجی املا ک کا بھی نقصان ہوتا۔‘‘
پھر بم دھماکے کس نے کئے: شیو سینا (شندے)
شیو سینا( شندے ) کے ترجمان سنجے نروپم نے بامبے ہائی کورٹ کے فیصلہ کو مایوس کن بتایا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلہ میں کہا ہے کہ جو ۱۲؍ ملزمین پیش کئے گئے تھے اور جن کےخلاف مقدمہ چل رہا تھا ان میں سے کوئی بھی سلسلہ وار ٹرین بم دھماکہ کےلئے ذمہ دار نہیں ہے اور ان لوگوں نے یہ بم دھماکہ نہیں کیا تو دل میں یہ سوال پیدا ہوا کہ تو پھر یہ بم دھماکے کس نے کئے؟جو ہماری جانچ ایجنسی ہے ان کے کام میں کوئی کمی رہ گئی ہے کیا؟ مَیں جانچ ایجنسی سے یہ بھی پوچھنا چاہتا ہوں ہے جن ملزمین کو انہوں نے پکڑا تھا ان کے خلاف ضروری ثبوت نہیں ملے تھے کیا؟ اور ثبوت جمع نہیں کر سکیں تھے کیا؟ سنجے نروپم نے امید ظاہر کی ہےکہ حکومت اور جانچ ایجنسی بامبے ہائی کورٹ کے اس فیصلہ کے خلاف اونچی عدالت جائے گی۔
بم دھماکہ کرنے والوں کو پھانسی کی سزا ملنا ہی چاہئے: بی جے پی
اس سلسلے میں بی جے پی کے ترجمان کریٹ سومیا نے کہاکہ ’’ بامبے ہائی کورٹ کا فیصلہ سن کر صدمہ ہوا ہے۔ممبئی کے شہریوں کو انصاف چاہئے۔ جن دہشت گردوں نے یہ دھماکے کئے ہیں انہیں پھانسی پر لٹکنا ہی چاہئے۔مَیں نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے درخواست کی ہےکہ ماہرین کے ذریعے اچھی لیگل ٹیم تشکیل دیں اور پوری تیاری کے ساتھ سپریم کورٹ میں اپیل کریں تاکہ ممبئی کےشہریوںکو انصاف مل سکے۔‘‘اس ضمن میں وزیر محصولات چندر کانت باونکلے نے کہا کہ ’’اس معاملے میں وزیر اعلیٰ سے بات چیت کی جائے گی اور غور و خوض کیا جائے گا کہ کہاں کمی رہ گئی ہے اور اس کمی کو دور کر کے سپریم کورٹ میں اس فیصلہ کو چیلنج کیاجاسکتا ہے یانہیں۔
ایجنسی /حکومت کو محاسبہ کرنا چاہئے:این سی پی (شرد )
این سی پی(شردپوار ) کے ریاستی صدر ششی کانت شندے نے اس معاملے میں کہاکہ ’’ بامبے ہائی کورٹ نے کن بنیادوں پر۱۲؍ مجرمین کو بری کیا ہے اس کا حکومت اور ایجنسی کو جائزہ لینا چاہئے اور جو کمی رہ گئی ہو اس کو پوری کرتے ہوئے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میںچیلنج کرنا چاہئے۔‘‘