Inquilab Logo

سیاسی پارٹیوں نے مسلمانوں کو بریانی میں’تیز پتہ ‘کی طرح استعمال کیا

Updated: October 17, 2022, 12:15 PM IST | Agency | Lucknow

پسماندہ مسلم ووٹروں کو لبھانے کیلئے لکھنؤمیں منعقدہ اجلاس میںیوپی کے نائب وزیراعلیٰ برجیش پاٹھک نے انوکھی مثال دی،کہا:مودی جی کی اسکیموں کا فائدہ مسلمانوںکو بھی مل رہا ہے

A scene from a BJP rally held in Lucknow where the back seats can be seen empty.Picture:Inquilab
لکھنؤ میں منعقدہ بی جے پی کے جلسہ کا منظر جس میں پیچھے کی کرسیاں خالی دیکھی جاسکتی ہیں تصویر:انقلاب

اترپردیش میں بلدیاتی الیکشن قریب ہیں اور اس کے بعد ۲۰۲۴ءمیں عام انتخابات ہونے والے ہیں۔ بی جےپی اسی کے پیش نظر پسماندہ مسلم ووٹروں کو لبھانے کی کوشش میںمصروف ہے۔اسی کے تحت بی جے پی اقلیتی مورچہ کےزیر اہتمام پسماندہ مسلم اجلاس منعقد کیا گیا، جس میںپارٹی سے جڑے سبھی مسلم لیڈران موجود رہے ۔ کشمیر سے آئےراجیہ سبھا ممبر غلام علی کھٹانہ مہمان خصوصی رہے ۔ نائب وزیراعلیٰ برجیش پاٹھک نےکہا کہ سبھی پارٹیوں نے مسلمانوں کا صرف استعمال کیا ہے ۔ 
مادروطن ہندوستان زندہ باد کے نعرے سے آغاز
 پسماندہ مسلم اجلاس میں برجیش پاٹھک نے مادر وطن ہندوستان زندہ باد کےنعرےسےاپنا خطاب شروع کرتے ہوئےکہا کہ ملک کے ساتھ یوپی میں بھی کانگریس، سماجواد ی پارٹی و دیگر سیاسی پارٹیوں نے مسلمانوں کو صرف ووٹ بینک سمجھا اور صرف اپنے فائدہ کے لئے ان کا استعمال کیا۔ انہوں نے بریانی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ بریانی میں سبھی اشیاء کھائی جاتی ہیں ،لیکن تیز پتہ کا استعمال کرکے اسے پھینک دیا جاتاہے۔ سیاسی پارٹیوں نے مسلمانوں کو بھی تیز پتہ کی طرح ہی استعمال کیاہے۔انہوں نے اپیل کی اب مسلمان گمراہ نہ ہوں۔ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جےپی حکومت ’سب کا ساتھ ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس ‘ کے ایجنڈے پرکام کررہی ہے ۔ وہ سبھی طبقات کی ترقی کیلئے یکساں طور پر برسرکارہے۔وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت نے بغیر تفریق مسلمانوں کے لئے سبھی اسکیموں کو بہتر ڈھنگ سےنافذ کیا۔ مفت راشن ، مفت مکان ، مفت بیت الخلا اور۵؍لاکھ تک مفت علاج کی سہولت کا فائدہ سبھی طبقات کو برابر مل رہا ہے ۔  بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی جنرل سیکریٹری صابر علی نےکہا کہ وزیراعظم نریندر مودی مسلمانوں کے لئے ایک ہاتھ میں قرآن اور دوسرے ہاتھ میں لیپ ٹاپ کی بات کرتےہیں،جو ہمارے لئےاتنا سوچ رہا ہے ، ہمیں بھی اس کیلئےسوچنا چاہئے اور آنے والے الیکشن میں اس کاخیال رکھنا چاہئے۔کشمیرکی گوجر برادری سے تعلق رکھنے والے راجیہ سبھا ممبر غلام علی کھٹانہ نے بھی خطاب کیا۔اجلاس میں ریاستی وزیر مملکت دانش آزاد انصاری ،  اردو اکادمی کےچیئرمین چودھری کیف الوریٰ، فخرالدین علی میموریل کمیٹی کے چیئرمین تورج زیدی ، بی جے پی لیڈر عمیل شمسی،اقلیتی مورچہ کے دفتر سکریٹری اسرار احمد، اقلیتی کمیشن کی ممبر رومانہ صدیقی ، سردار پرمندر سنگھ سمیت دیگر لوگ موجود  تھے۔کرائسٹ چرچ کالج کےمیدان میں ہوئے آج کے پروگرام کےبعد اب دوسرا پروگرام ۱۸؍اکتوبر کو وشویسریا آڈیٹوریم میں ہوگا۔ 
تیاری کے باوجود بھیڑ نہیں جمع ہوسکی ، کرسیاں خالی رہیں 
 یوپی میں پہلے پسماندہ مسلم اجلاس کی تیاریاں کئی دنوں سے جاری تھیں۔ ریاست کے متعدد اضلاع میں بی جے پی سے جڑے لیڈران و کارکنان سے آنے کو کہا گیا تھا۔اتوار کو ہوئےپسماندہ مسلم اجلاس میں بی جےپی کی دیگر پسماندہ سیل کے کارکنان بھی نظر آئے ، اس کے باوجود امید کے مطابق بھیڑ نہیںجمع ہوسکی۔ اسٹیج پر قومی و رریاستی لیڈران موجود رہے۔آگے کی صف میں ریاست کے لیڈران کو جگہ ملی، اس کےبعد کارکنان موجود رہے ۔ حضرت گنج میںواقع کرائسٹ چرچ کالج کے میدان میں منعقد پروگرام میں پیچھے کی جانب کرسیاں خالی نظر آئیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK