بنارس کاٹرین کا ٹکٹ ہوائی جہاز کے ٹکٹ سے۲۴۰؍روپےاور گورکھپور کا۴۸۵؍ روپے مہنگا ہے مگر ریلوے کے دعوے کے مطابق کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے۔
EPAPER
Updated: May 12, 2025, 12:54 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai
بنارس کاٹرین کا ٹکٹ ہوائی جہاز کے ٹکٹ سے۲۴۰؍روپےاور گورکھپور کا۴۸۵؍ روپے مہنگا ہے مگر ریلوے کے دعوے کے مطابق کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے۔
ریلوے ٹکٹوں کی کالا بازی اور خاص طور پر یوپی اور بہار کے مسافروں کے لئے کنفرم ٹکٹ حاصل کرنا دشوار کن مرحلہ ہے۔ دوسری جانب ریلوے کے تمام دعوؤں اور اضافی گاڑیاں چلانے کے باوجود فی الوقت حالات یہ ہیں کہ ایک عام مسافر بمشکل کنفرم ٹکٹ نکال پاتا ہے، اسے ایجنٹ کا سہارا لینا ہی پڑتا ہے۔ اتنا ہی نہیں ریلوے کے دعوؤں کی قلعی اس وقت اور کھل جاتی ہے جب پریمیم تتکال ٹکٹ اور ہوائی جہاز کے ٹکٹ کا تقابل کرنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ پریمیم تتکال مہنگا ہے۔ اس وقت یہی صورتحال ہے لیکن ریلوے کی جانب سے ایسا باور کرایا جا رہا ہے کہ فی الحال کوئی مسئلہ ہے ہی نہیں ، سب کچھ بہتر ہوگیا ہے۔ وزیرریلوے اشونی ویشنو کے مطابق ۴۴؍ ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے الگ الگ پروجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہےمگر اس سنگین مسئلے پر توجہ نہیں ہے۔
نمائندہ انقلاب نے اسے سمجھنے کی کوشش کی اور ایجنٹوں کے علاوہ مسافروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے کیا کہا اسے ذیل میں درج کیا جارہا ہے۔
پریمیم تتکال اور ہوائی جہاز ٹکٹ کا تقابل
پریمیم تتکال کی قیمت کس قدر زیادہ ہے؟ اس کا اندازہ اس سے کیا جاسکتا ہے کہ ایل ٹی ٹی سے گورکھپور سپرفاسٹ۲۰۱۰۳؍ میں سلیپر کا کرایہ۱۲؍ مئی کو۲؍ ہزار ۱۶۵؍روپے، تھری ٹائر اے سی کا کرایہ۶؍ہزار ۱۶۵؍روپے اور۲؍ ٹائر کا کرایہ۸؍ ہزار ۸۵؍ روپے تھا۔ اسی طرح دوسرے روٹ ایل ٹی ٹی بنارس۲۱۶۵؍ میں سلیپر کا کرایہ۲؍ ہزار روپے، تھری ٹائر اے سی۵؍ ہزار ۷۷۰؍روپے اور۲؍ ٹائر میں ۷؍ ہزار۵۴۰؍ روپے رہا۔ ہوائی جہاز کا کرایہ۱۲؍ مئی کو۷؍ ہزار ۶۸۵؍روپے تھا، یعنی۴۸۵؍ روپے اے سی۲؍ ٹائر کا کرایہ ہوائی جہاز سے مہنگا تھا۔ ممبئی سے بنارس کا کرایہ۷؍ ہزار ۳؍سوروپے تھا جو ۲۴۰؍ روپے اے سی۲؍ ٹائر کا زیادہ اور ہوائی جہاز کا سستا تھا۔
ایجنٹوں کے مطابق آن لائن ٹکٹ ملتا ہی نہیں ، کاؤنٹر ہی پر بمشکل ملتا ہے۔ اسی لئے یہ حالات ہیں ۔ کوئی بھی ایجنٹ اپنے گھر سے ٹکٹ نہیں دلائے گا، وہ بھی کمائے گا اور ریلوے کو بھی دے گا اور یہ سب مسافر سے وصول کرے گا۔
بڑی چالاکی سے تتکال کوٹہ گھٹا دیا گیا
تتکال ٹکٹ کا کوٹہ کم کرتے ہوئے دو سرا کھیل کیا گیا ہے۔ ممبئی تا گورکھپور اے سی۲؍ ٹائر نارمل تتکال کوٹہ۸؍ سیٹ کا ہے اور پریمیم تتکال کوٹہ ۷؍سیٹ ہے۔ تھری ٹائر اے سی میں نارمل تتکال ۶۴؍سیٹ اور پریمیم تتکال کا بھی۶۴؍ سیٹ کا کوٹہ ہے۔ سلیپر میں نارمل تتکال کوٹہ اور پریمیم تتکال کوٹہ ۶۴؍سیٹوں کا ہے۔ پہلے ڈیڑھ سو تک تتکال کوٹہ ہوا کرتا تھا، اسے گھٹا دیا گیا۔
مسافروں کی زبانی
عبدالرحمٰن انصاری نام کے مسافر نے بتایا کہ ٹرین میں ٹکٹ کا مسئلہ ہمیشہ برقرار رہتا ہے۔ ابھی بقرعید قریب ہے، مزید اضافہ ہوگا کیونکہ بہت سے لوگ اپنے آبائی وطن بقرعید منانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پریمیم تتکال دراصل مسافروں کی جیب خالی کرنے کا ایک حربہ ہے ورنہ ہوائی جہاز کا ٹکٹ پریمیم تتکال سے سستا کیسے ہوسکتا ہے؟ وہ بھی ہفتہ دو ہفتہ بعد کا نہیں آج کا۔ عبداللہ خان نے کہا کہ یہ یوپی اور بہار کے مسافروں کی جیب خالی کی جارہی ہے ورنہ کوئی جواز ہی نہیں کہ ہوائی جہاز کا کرایہ سستا ہو، پریمیم تتکال مہنگا۔ ٹرین میں زائد پیسہ بھی دینا ہے اور ۳۰؍سے۳۲؍گھنٹے بیٹھنا ہوگا جبکہ جہاز میں دو ڈھائی گھنٹے میں یہ سفر پورا ہوجائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آخر یوپی اور بہار کے مسافر کب تک ان حالات کا شکار رہیں گے؟
حافظ شمشیر احمد کے مطابق یہ بہت پرانا مسئلہ ہے لیکن اس پر آج تک توجہ نہیں دی گئی۔ ایجنٹوں کا کہنا ہے کہ مئی ہی نہیں جون کا بھی ٹکٹ فل ہے۔ ان کے مطابق سوال یہ ہے کہ آخر یہ ٹکٹ جاتا کہاں ہے اور ریلوے انتظامیہ تمام دعوؤں کے باوجود عام مسافروں کو ٹکٹ مہیا کرانے میں کیوں ناکام ہے؟انہوں نے مزید کہا کہ پریمیم تتکال مہنگا اور ہوائی جہاز کا ٹکٹ سستا ہونا بھی کھیل معلوم ہوتا ہے۔