کانگریس کے کوٹے سے سماجوادی لیڈران، تو سماجوادی پارٹی کے کوٹے سے بی جے پی سے وابستہ لیڈر منتخب؛ وہپ کی خلاف ورزی کئے جانے پر سماجوادی پارٹی کے تمام۶؍ کارپوریٹروں کی۶؍ سال کے لئے رکنیت ختم، میونسپل سیاست کا ماحول گرماگیا۔
EPAPER
Updated: October 15, 2026, 10:46 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
کانگریس کے کوٹے سے سماجوادی لیڈران، تو سماجوادی پارٹی کے کوٹے سے بی جے پی سے وابستہ لیڈر منتخب؛ وہپ کی خلاف ورزی کئے جانے پر سماجوادی پارٹی کے تمام۶؍ کارپوریٹروں کی۶؍ سال کے لئے رکنیت ختم، میونسپل سیاست کا ماحول گرماگیا۔
بھیونڈی نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن میں بدھ کو۹؍ نامزد کارپوریٹروں کا انتخاب مکمل ہوتے ہی شہر کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔ انتخاب میں سیاسی جماعتوں کے درمیان طے شدہ کوٹے اور امیدواروں کی وابستگی کے تئیں تنازع کھڑا ہوگیا۔ کانگریس نے اپنے کوٹے سے منتخب ہونے والے تینوں نامزد کارپوریٹروں کی کانگریس سے وابستگی پر سوال اٹھاتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کے سامنے احتجاج کیا، جبکہ سماجوادی پارٹی نے اپنے امیدوار سرفراز شیخ کے بجائے بی جے پی سے وابستہ لیڈر بھرت جنگلانی کا ساتھ دینے کے معاملے میں اپنے تمام۶؍ کارپوریٹروں کو پارٹی سے۶؍ سال کے لئے خارج کردیا۔ اس انتخاب نے نہ صرف دونوں جماعتوں کے اندرونی اختلافات کو نمایاں کیا، بلکہ نامزد کارپوریٹروں کی سیاسی وابستگی اور انتخابی عمل پر بھی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
بدھ کو نامزد کارپوریٹروں کے انتخاب کیلئے منعقدہ خصوصی جنرل باڈی میٹنگ کے پیش نظر میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر کے اطراف سخت پولیس بندوبست کیا گیا تھا۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے دوپہر۱۲؍ بجے سے میونسپل کارپوریشن کے سامنے کی سڑک پر آمد و رفت بند کردی گئی، جبکہ کارپوریشن میں داخلے پر بھی پابندیاں عائد کی گئیں۔ نامزد کارپوریٹروں کے انتخاب سے قبل ہی سیاسی جماعتوں کے درمیان الزامات اور اختلافات کا سلسلہ جاری تھا، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات سخت رکھے۔
یہ بھی پڑھئے: مخالفت کے باوجود سڑکوں کی کھدائی کی نئی پالیسی منظور
کانگریس کا میونسپل کارپوریشن کے سامنے احتجاج
نامزد کارپوریٹروں کے انتخاب کے موقع پر کانگریس نے میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے اپنے کوٹے سے منتخب ہونے والے نامزد کارپوریٹروں کی پارٹی وابستگی پر سوال اٹھایا۔
پارٹی صدر عابد منصف خان کی قیادت میں سابق رکن پارلیمان سریش ٹاورے، صوبائی کانگریس کے رکن طارق فاروقی، رانی اگروال، رخسانہ قریشی، جواد چیخلیکر، عرشی اعظمی اور دیگر لیڈران نے احتجاج میں حصہ لیا۔
سابق رکن پارلیمان سریش ٹاورے اور مقامی کانگریس صدر عابد خان نے الزام لگایا کہ کانگریس کے کوٹے سے نامزد کیے گئے تینوں افراد کانگریس کے بنیادی رکن بھی نہیں ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امیدواروں کے ناموں کے انتخاب کے معاملے میں مقامی کانگریس کمیٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ کانگریسی لیڈران نے دعویٰ کیا کہ نامزد کیے گئے افراد کے روابط سماجوادی پارٹی اور بی جے پی کے لیڈران سے ہیں۔ اس معاملے نے کانگریس کے اندر امیدواروں کے انتخاب کے طریقۂ کار پر بھی بحث چھیڑ دی ہے۔احتجاج کےلئے شہر پولیس نے اجازت نہیں دی تھی اور اس طرح کے مظاہروں پر پابندی عائد کی تھی۔ اس کے باوجود کانگریسی لیڈران اور کارکنوں نے میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔