ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق دوپہر ۲؍ بجے تک ۳۶؍ تا ۶۲؍ فیصد پولنگ درج کی گئی۔
EPAPER
Updated: October 24, 2026, 12:26 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق دوپہر ۲؍ بجے تک ۳۶؍ تا ۶۲؍ فیصد پولنگ درج کی گئی۔
مہاراشٹر قانون ساز کونسل( ایم ایل سی) کی ۵؍ نشستوں کیلئے ۲۳؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو پولنگ مکمل ہو ئی ۔ صبح ۱۰؍ سے سہ پہر ۴؍ بجے تک چلنے والی پولنگ میں دوپہر ۲؍بجے تک ۳۶؍ سے ۶۲؍ فیصدپولنگ درج کی گئی۔ سب سے زیادہ ۶۲؍ فیصد پولنگ امراوتی ٹیچر حلقہ میںریکارڈ کی گئی ۔ یہ انتخابات بیلٹ پیپر کے ذریعے منعقد کئے جارہے ہیں۔۵؍ نشستوں پر مجموعی طورپر ۱۸۲؍امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ ان انتخابات کے ووٹوں کی گنتی ۲۷؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو ہوگی جس کے بعد حتمی نتائج کا اعلان کر دیاجائے گا۔ واضح رہے کہ ۵؍نشستوں کیلئے کل اہل ووٹروں کی تعداد ۱۰؍ ہزار ۶۸؍ ہزار ۷۲؍ تھی۔ اس ووٹنگ میں ان ہی اساتذہ اور گریجویٹس کو ووٹنگ کا حق حاصل تھا جن کا نام متعلقہ حلقہ کی ووٹر لسٹ میں درج ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ٹی وی کے، کانگریس اور ڈی ایم کے کا الیکشن کمیشن کی میٹنگ سے واک آؤٹ
کس حلقہ میں کتنی پولنگ ہوئی
ان ۵؍ انتخابات میں سے ۳؍ گریجویٹ حلقوں (اورنگ آباد، پونے، ناگپور) اور ۲؍ اساتذہ حلقوں(امراؤتی اورپونے) میں دوپہر ۲؍ بجے تک درج کی گئی پولنگ کا فیصد درج ذیل ہیں:
nاورنگ آباد گریجویٹ حلقہ :۵۹ء۸۱؍ فیصد (شام ۴؍بجے تک)
یہاں این سی پی (اجیت) اور مہا وکاس اگھاڑی کے اراکین کے مابین سخت مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
n پونے گریجویٹ حلقہ میں ۴۰؍ فیصد: بی جے پی کی ڈاکٹر اسمیتا یوگیش جادھو اور مہا وکاس اگھاڑی کے تائید شدہ امیدواروں کے درمیان کڑا مقابلہ ہے۔
۔ ناگپور گریجویٹ حلقہ میں ۳۹؍ فیصد : بی جے پی کے سدھاکر وٹھل راؤ کوہلے اور کانگریس(ایم وی اے) کے امیدوار ابھیجت ونجاری کے درمیان سیدھی ٹکر ہے۔
۔ امراؤتی ٹیچر حلقہ میں۶۲؍ فیصد : شیو سینا (شندے) کے موجودہ ایم ایل سی کرن سرنائیک اور ایم وی اے کی جانب سے کانگریس کی امیدوار ادتی پوہرےکے مابین یہاں اصل جنگ ہے۔
۔ پونے ٹیچر حلقہ میں ۵۸؍ فیصد : یہاں دلچسپ سہ رخی مقابلہ ہے کیونکہ بی جے پی نے اپنے امیدوار کستوبھ مرلیدھر گاؤڈے کو اتارا ہے جبکہ مہایوتی اتحاد کے اندر ہی شندے شیو سینا نے سچن سانپ اور ایم وی اے /کانگریس نےجیانت دنکر آسگاؤں کر کو اتارا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:دہلی میں مرکزی دستوں کی تعیناتی میں توسیع
چند اہم لیڈر جنہوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا
مہاراشٹر قانون ساز کونسل کی ۵؍ نشستوں کیلئے ہوئی ووٹنگ کے دوران ریاست کے کئی اہم اور سرکردہ لیڈروں نے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا۔ جن میں سے چند کی تفصیل یہ ہے:
مرکزی وزیر نتن گڈکری: ناگپور کے نیو انگلش ہائی اسکول کے پولنگ بوتھ پہنچے اور انہوں نے ووٹ ڈالا۔
وزیراعلیٰ فرنویس: انہوں نے ناگپور گریجویٹ حلقے کے انتخابات کیلئے ناگپور میں ہی صبح سویرے اپنا حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
نائب وزیراعلیٰ اور این سی پی ( اجیت) صدر سونیترا پوار : انہوںنے مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے انتخابات میں اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال اپنے آبائی گاؤں کاٹیواڑی (بارامتی) کے پولنگ سینٹر پر کیا۔وہ پونے گریجویٹ حلقے کی رجسٹرڈ ووٹر ہیں۔
۔ مرکزی وزیرِ مملکت مرلیدھر موہل: انہوں نے پونے کے کوتھروڈ علاقے میں واقع دین دیال اپادھیائے اسکول میں جا کر اپنا ووٹ ڈالا۔ وہ پونے گریجویٹ حلقے کے ووٹر کے طور پر وہاں پہنچے تھے۔