ووٹنگ کے دوران ۲؍ معمر افراد کی موت ، کچھ مقامات پر تصادم کے واقعات ، ریاستی کانگریس صدر ریونت ریڈی کے بھائی کو پولنگ بوتھ میں داخلے سے روک دیا گیا۔
EPAPER
Updated: December 01, 2023, 10:13 AM IST | Agency | Hyderabad
ووٹنگ کے دوران ۲؍ معمر افراد کی موت ، کچھ مقامات پر تصادم کے واقعات ، ریاستی کانگریس صدر ریونت ریڈی کے بھائی کو پولنگ بوتھ میں داخلے سے روک دیا گیا۔
جنوبی ہند کی اہم ریاست تلنگانہ میں چند واقعات کے علاوہ رائے دہی کا عمل بحیثیت مجموعی پرامن رہا۔ اس دوران ریاست کے۶۴ء۱۲؍ فیصد رائے دہندگان نے اپنے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ مائونوازوں سے متاثرہ علاقوں کے حلقوں میں شام ۴؍بجے پولنگ بند کردی گئی تھی جبکہ ۱۰۶؍ اسمبلی حلقوں میں رائے دہی شام۵؍بجے اختتام کو پہنچی۔حکام نے ۵؍بجے قطار میں کھڑے افراد کو بھی حق رائے دہی سے استفادہ کا موقع دیا۔ شہری علاقوں کے برخلاف دیہی علاقوں میں رائے دہی کے سلسلہ میں رائے ووٹرس میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔ مختلف اضلاع میں ہونے والی پولنگ کا فیصد خبر لکھے جانے تک جاری نہیں کیا گیا تھا۔
صبح ہی سے مراکز پر مردوخواتین کی طویل قطاریں دیکھی گئیں۔ کئی نوجوان لڑکے لڑکیوں نے بھی اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ انہوں نے پہلی مرتبہ ووٹنگ میں حصہ لینے کے تجربہ کو مثبت قرار دیتے ہوئے جمہوریت کے اس جشن میں پہلی مرتبہ حصہ داری حاصل کرنے پر مسرت کا اظہار کیا۔ریاست کے مختلف اضلاع میں رائے دہی کا فیصد قابل لحاظ رہا جبکہ ریاستی دارالحکومت حیدرآباد میں ووٹنگ فیصد میں کمی دیکھی گئی ہے۔ ریاست کے بعض مراکز سے اطلاعات موصول ہوئیں کہ وہاں تشدد کے چھوٹے موٹے واقعات پیش آئے ہیں۔ کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر بی آر ایس اور کانگریس کے کارکنوں میں تصادم بھی ہوا لیکن فورسیز نے معاملہ ہاتھ سے نکلنے نہیں دیا۔ادھر ریاستی کانگریس کے صدر ریونت ریڈی کے بھائی کو پولنگ بوتھ میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ کہا گیا کہ ان کے پاس جعلی پاس ہے۔