Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی کے تھانہ روڈ کی زبوں حالی، ترقیاتی دعوؤں پر کیچڑ کی تہیں!

Updated: June 30, 2025, 11:24 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

عام راہگیروں کے ساتھ طلبہ، خواتین اور بزرگ سب کو شدید مشکلات کا سامنا ،اس سڑک اور اس کے عقب میں ایک درجن سے زائد تعلیمی ادارےہیں۔

This is the condition of Thane Road during the rainy season. Photo: Inquilab
برسات میں تھانے روڈ کی یہ حالت ہوگئی ہے۔ تصویر :انقلاب

موسمِ باراں نے بھیونڈی کی بدحالی کو بےنقاب کر دیا ہے۔ خاص طور پر تھانہ روڈ کی حالت ایسی ہو چکی ہے کہ اسے سڑک کہنا خود سڑک کی توہین بن گیا ہے۔ کیچڑ، گہرے گڑھے اور تعفن نے عوام کی روزمرہ زندگی کو اذیت میں بدل دیا ہے اور شہری بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر سراپا احتجاج بننے لگے ہیں۔ حادثات کی آماجگاہ بنی تھانہ روڈتوحید جیویلرز سے لے کر دھانگے اسپتال، ہندوستانی مسجد اور درگاہ روڈ تک اس قدر خستہ حال ہو چکی ہے کہ عام راہگیروں سے لے کر اسکولی طلبہ، خواتین اور بزرگ سب کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ کیچڑ میں پھسل کر بچے روز گر رہے ہیں، زخمی ہو رہے ہیں اور ان کے یونیفارم خراب ہو رہے ہیں، مگر کسی کو کوئی پروا نہیں۔ جنوری۲۰۲۴ء میں ایم ایم آر ڈی اے کے تحت۱۷؍ کروڑ روپے کی لاگت سے دھامنکر ناکہ تا آنند دیگھے چوک، تقریباً ساڑھے۳؍ کلومیٹر لمبی کنکریٹ سڑک کی تعمیر کا آغاز ہوا تھا مگر۱۸؍ مہینے گزرنے کے باوجود کام دھانگے اسپتال تک بھی مکمل نہیں ہو سکا۔ سست رفتاری اور غیر ذمہ دارانہ رویے نے عوامی اعتماد کو چکنا چور کر دیا ہے۔ 
 یہ سڑک مغربی حلقے سے گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصہ سے نمائندگی کرنے والے بی جے پی کے رکن اسمبلی مہیش چوگھلے کی رہائش گاہ کے سامنے سے گزرتی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر نمائندے کے گھر کے سامنے کی سڑک کا یہ حال ہے تو مغربی حلقہ کے دیگر علاقوں کی حالت کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔ اس سڑک اور اس کے عقب میں ایک درجن سے زائد تعلیمی ادارے موجود ہیں جن کے ہزاروں طلبہ، اساتذہ اور عملہ روزانہ اس خستہ حال سڑک سے گزرنے پر مجبور ہیں۔ بیشتر شہریوں نے متبادل راستے اختیار کر لئے ہیں لیکن طلبہ کیلئے کوئی متبادل موجود نہیں۔ 
  رکن اسمبلی مہیش چوگھلے نے اس تاخیر کی ذمہ داری ٹھیکیدار اور انجینئر کے درمیان رابطے کی کمی پر ڈالتے ہوئے کہا کہ پانی کی نئی لائن اور ڈرینیج لائن ڈالنے کے فیصلے اور روابط کی کمی کے سبب کام مؤ خر ہوتا چلا گیا انہوں نے بتایا کہ میں  نےخود دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا اور اب سختی سے نوٹس لیا ہے اور ٹھیکیدار کو سخت ہدایت دی ہے کہ کام جلد مکمل کیا جائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK