Inquilab Logo

پوپ فرانسس کی مافیا اور دیگر منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف متحد ہونے کی اپیل

Updated: March 23, 2021, 10:48 AM IST | Agency | Vatican City

وبا کے دور کومجرمانہ سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کے موقع کے طور پر استعمال کرنے والوں کی مذمت

Pope Francis - Pic : INN
پوپ فرانسس ۔ تصویر : آئی این این

رومن کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس  نےاپنے ہفتہ وار خطاب کے دورا ن دنیا بھر کے لوگوں سے منظم جرائم کے خلاف متحد ہوجانے کی اپیل کی۔ انہوں نے بالخصوص کورونا وائرس کی وبا کے دوران  اپنی مجرمانہ سرگرمیوں کو بڑھاو ادینے کے موقع  کے طور پر استعمال کرنے والوں کی سخت مذمت کی اور کہا کہ مافیا دنیا کے مختلف حصوں میں موجود ہے اور موجودہ  وبا( کورونا ) کو اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے استعمال کررہے ہیں اور بدعنوانی کے ذریعے اپنی جھولیاں بھر رہے ہیں۔
  ذرائع کے مطابق اتوار کو اٹلی میں مافیا  کی سرگرمیوں کے  متاثرین کو یاد کرنے کا دن بھی منایا گیا۔ اس کی مناسبت  سے کیتھولک روحانی پیشوا کا کہنا تھا کہ مافیا کے ڈھانچے،گناہوں کی انجمن ہیں۔ یہ انجیل کی تعلیمات کے منافی ہیں۔  ہم ان کی سرگرمیوں کے متاثرین کو یاد کررہے ہیں۔ ہم  مافیا  اور ان جیسے دیگر جرائم پیشہ لوگوں  کے  خلاف اپنی مذمت کا اعادہ کرتے ہیں۔
جرائم پیشہ گروہ وبا   کے دورمیں کیسے سرگرم ہیں؟
  پوپ فرانسس کے مذکورہ خطاب  کے  تناظر میں وبائی دور میں جرائم پیشہ عناصر کی  سرگرمیوں کی شرح  دیکھا جائے تو  یہ واضح ہوجا تا ہے کہ وہ وبا کے حالات میں کس طرح سرگرم ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق  انٹرپول نے دسمبر میں متنبہ کیا تھا کہ جرائم پیشہ نیٹ ورک اب کورونا وائرس کی ویکسین  کے نام پر  فریب دہی کررہے ہیں۔مارچ کے اوائل میں جنوبی افریقہ کی پولیس نے سینکڑوں نقلی ویکسین ضبط کی تھیں اور ۴؍ افراد کو گرفتار بھی کیا تھا۔ گزشتہ ہفتہ بھی  اسی طرح کی نقلی ویکسین میکسیکو میں ضبط کی گئی۔ روسی ویکسین کی ہزاروں نقلی  خوراکیں بھی  پکڑی گئی تھیں۔
 اٹلی میں حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ گروہ کورونا وائرس کی وباسے پیداشدہ مشکلات سے پریشان حال کم آمدنی والے کنبوں کا استحصال کررہے ہیں۔ بعض ایسے جرائم پیشہ گروہ اپنے دائرہ اثر کو بڑھانے کے لئے مالی لحاظ سے پریشان حال لوگوں کو کھانے اور قرض کی پیشکش بھی کرتے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ان جرائم پیشہ گروہ  کیلئے کام کرنے والے کورونا  کی وبا اور لاک ڈاؤن کی سختیوں سے مشکلات سے دوچار تاجروں اور عام لوگوں سے مالی قرضو ں کے بدلے میں کافی زیادہ شرح سود کا مطالبہ کرتے ہیں اور رقم نہ ادا کرنے پر ان پر تشدد کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK