گزشتہ ۲۰؍ سال سے یہ محکمہ نتیش کمار کے پاس ہی تھا لیکن اب بی جے پی کو مل گیا ، زماں خان کو دوبارہ اقلیتی امور
EPAPER
Updated: November 21, 2025, 11:51 PM IST | Javed Akhtar | New Delhi
گزشتہ ۲۰؍ سال سے یہ محکمہ نتیش کمار کے پاس ہی تھا لیکن اب بی جے پی کو مل گیا ، زماں خان کو دوبارہ اقلیتی امور
وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت والی این ڈی اے حکومت میں جمعہ کو نو منتخب وزراء کے درمیان قلمدان تقسیم کر دیا گیا ۔ بی جےپی کو اس نئی حکومت میں کئی اہم محکمے سونپے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی اس نئی حکومت میں محکمہ داخلہ کا قلمدان نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کو سونپا گیاہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ۲۰؍ برسوں سے یہ محکمہ نتیش کمار کے پاس ہی تھا ۔ دوسرےنائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے کوٹے سےوزیر وجے کمار سنہا کو محکمہ محصولات واصلاحات اراضی کے ساتھ محکمہ کان کنی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ منگل پانڈے کو دوبارہ محکمہ صحت کا قلمدان سونپا گیاہے۔ بی جے پی کوٹے سے دلیپ جیسوال کو محکمہ صنعت اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا محکمہ تفویض کیا گیاہے۔نتن نوین کو محکمہ تعمیرات سڑک اور شہری ترقیات کی ذمہ داری ملی ہےجبکہ رام کرپال یادو کو محکمہ زراعت اورسنجے ٹائیگر کو محکمہ محنت ووسائل کاقلمدان سونپاگیاہے۔
ارون شنکر پرساد کو محکمہ سیاحت اورفن و ثقافت و امورنوجوان ، سریندر مہتو کو محکمہ ماہی پروری اور نارائن پرساد کو آفات مینجمنٹ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔اس کےعلاوہ رمانشاد کو پسماندہ و انتہائی پسماندہ کے بہبود کے محکمہ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ شیڈولڈ کاسٹ اور شیڈول ٹرائب ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کی ذمہ داری لکھیندر پاسوان کو دی گئی ہے ۔ شریسی سنگھ کو محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کھیل کود ، چندرونشی کو محکمہ کو آپریٹیو اور ماحولیات و جنگلات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
جے ڈی یو کوٹے سے بنائے گئے وزراء میں وجے چودھری کو محکمہ آبی وسائل کے علاوہ محکمہ تعمیرات عامہ،بجیندر یادو کو محکمہ توانائی ،شرون کمار کودیہی ترقیات ،اشوک چودھری کو دیہی امور ، لیسی سنگھ کو خوراک ،مدن سہنی کو سماجی فلاح کا محکمہ سونپا گیاہے۔ سنیل کمار کو محکمہ تعلیم اور محکمہ اقلیتی بہبود ایک بار پھر زماں خان کو سونپا گیا ہے۔